وائرل اسٹوریز

سہیل وڑائچ کو 'واش روم کا سوئپر' کہنے پر فضا علی تنقید کی زد میں آگئیں

اداکارہ کے متنازع بیان پر سہیل وڑائچ کا ردعمل بھی آگیا

Web Desk

سہیل وڑائچ کو 'واش روم کا سوئپر' کہنے پر فضا علی تنقید کی زد میں آگئیں

اداکارہ کے متنازع بیان پر سہیل وڑائچ کا ردعمل بھی آگیا

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

اداکارہ و میزبان فضا علی، معروف صحافی سہیل وڑائچ کے حوالے سے طنزیہ تبصرہ کرنے پر تنقید کی زد میں آگئیں۔

فضا علی اور سہیل وڑائچ سمیت دیگر نامور شخصیات نے حال ہی میں نجی نیوز چینل 'دنیا نیوز' کے عید شو میں شرکت کی۔

شو کے دوران میزبان کامران شاہد نے تمام مہمانوں سے سوال کیا کہ اگر انکے شریک مہمان اپنے اپنے موجودہ پیشے سے وابستہ نہ ہوتے تو کیا ہوتے؟

فضا علی کے بارے میں جب یہ سوال سہیل وڑائچ سے کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'فضا علی پھولوں کے ساتھ لگا کانٹا ہوتیں کیونکہ وہ کانٹےدار باتیں کرتی ہیں'۔

یہی سوال جب سہیل وڑائچ کے بارے میں فضا علی سے کیا گیا تو انہوں نے جواب دینے سے قبل کہا کہ 'سہیل وڑائچ صاحب! پہلے تو آپ سے معذرت، لیکن سچ بولنا میرا ٹاسک ہے'۔

اس کے بعد انہوں نے کہا کہ 'میرا خیال ہے اگر سہیل وڑائچ صحافی نہ ہوتے تو کسی ریسٹورنٹ یا باہر کسی ملک میں واش روم کے سوئپر ہوتے اور واش روم صاف کر رہے ہوتے'۔

اداکارہ نے اس تبصرے کیوجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ 'ایسا اس لیے ہوتا کیونکہ یہ دوران انٹرویو تمام خواتین کے واش روم میں لازمی جاتے ہیں، ہمیں نہیں معلوم ہوتا کہ وہ پیچھے کیا کرکے آئے، کیا معلوم وہ واش روم صاف کرکے آئے ہوں، یہ چیزیں ہمیں نہیں دکھاتے'۔

فضا علی کے اس طنزیہ تبصرے پر صحافی برادری سمیت سوشل میڈیا صارفین نے اُن پر کڑی تنقید کی اور تضحیک آمیز بیان پر انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا۔

صحافی اجمل جامی نے لکھا کہ بدقسمتی سے خاتون ادکارہ نے سہیل وڑائچ صاحب کی تضحیک کرنے کے چکر میں ٹوائلٹ صاف کرنے والوں کی توہین کر دی، انہیں معذرت کرنی چاہیے اگر ظرف ہو تو۔

سفینہ خان نے لکھا کہ سہیل وڑائچ پاکستان کی صحافت کا ایک قابلِ فخر اثاثہ ہیں، اُن کی خدمات، غیر جانبداری اور تجزیاتی بصیرت ہمیشہ سے ہمارے صحافتی منظرنامے کی پہچان رہی ہیں، اُن کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول یا قابلِ جواز نہیں۔ 

اُنہوں نے مزید کہا کہ سہیل وڑائچ کے خلاف استعمال کیے گئے نامناسب اور توہین آمیز الفاظ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافتی اقدار اور شخصیات کا احترام ہر صورت برقرار رکھا جائے۔

معروف صحافی و اینکر پرسن فیصل عباسی نے لکھا کہ 'سہیل وڑائچ صاحب کا کام ہی انکا نام اور مقام ہے، فضا علی کے تاثرات ایک عاری اور خالی دماغ کی عکاسی کے علاوہ کچھ نہیں۔سہیل صاحب خدا آپ کو اور ترقی اور عزت سے نوازے۔ آمین'

معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر پرویز سندھیلہ نے کہا کہ 'کمال ہے شو کا میزبان، پروڈیوسر اور پوری انتظامیہ، یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک بےہودہ بات لائیو یا ریکارڈ شو میں آن ایئر ہو جائے، سہیل وڑائچ سے اختلاف ہو سکتا ہے مگر بدتمیزی، نہ عمر کا لحاظ، نہ بزرگ کا ادب اور سب کچھ “عید شو” کے نام پر دکھایا گیا جو فیملیز دیکھتی ہیں، شرم کا مقام ہے'۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ 'فضا علی کی نظر میں ٹوائلٹ صاف کرنا توہین ہے۔ مطلب محنت کرنا حلال کمانا برا ہے۔ کیسے کیسے چھوٹے دماغ رہتے ہیں اس ملک میں'۔

سبوخ سید لکھتے ہیں کہ سہیل وڑائچ صاحب صوفی مزاج انسان ہیں، مسکرا کر خاموش ہو گئے لیکن اس وقت سب لوگوں کو پروگرام کا بائیکاٹ کر کے اُٹھ جانا چاہیے تھا۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ اچھا طریقہ ہے کہ پہلے ایسے الفاظ بول کر پروگرام مشہور کرو اور بعد معافی مانگ لو۔

دریں اثنا فضا علی کے اس متنازع بیان پر سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا ردعمل بھی آگیا۔ 

سہیل وڑائچ نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'میری حیثیت بیت الخلا صاف کرنے والوں سے بھی کمتر ہے۔ میں تو گلیوں کی خاک ہوں، جیسے میاں محمد بخش نے خود کو ’گلیاں دا روڑا کُوڑا‘ کہا تھا'۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ 'میرے نزدیک بیت الخلا کی صفائی کوئی ذلت کی بات نہیں ہے بلکہ دوسروں کی گندگی کو صاف کرنا ایک عظیم خدمت ہے'۔