ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک صارفین کیلئے کئی نئے فیچرز متعارف

ٹک ٹاک ایک نیا فیچر Manage Topics متعارف کر رہا ہے

Web Desk

ٹک ٹاک صارفین کیلئے کئی نئے فیچرز متعارف

ٹک ٹاک ایک نیا فیچر Manage Topics متعارف کر رہا ہے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے اپنی ’فار یو فیڈ‘ کو ذاتی ترجیحات کے مطابق ڈھالنے کے لیے نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا مقصد صارفین کو مزید اختیار دینا اور ایپ کے تجربے کو زیادہ بامعنی بنانا ہے۔

یہ تازہ اپ ڈیٹس ٹک ٹاک کی اس مسلسل کوشش کا حصہ ہیں جس کے تحت صارفین کو اپنی دلچسپیوں کو بہتر انداز میں دریافت کرنے، ناپسندیدہ مواد کو محدود کرنے اور پلیٹ فارم کے سفارشاتی نظام کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔

’فار یو فیڈ‘ ٹک ٹاک کے صارف تجربے کا بنیادی جزو ہے، جو صارفین کو اُن تخلیق کاروں، کمیونٹیز اور موضوعات سے جوڑتی ہے جن سے وہ جُڑے رہنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں اسی فیڈ کی بدولت نئی نسل کے کری ایٹرز اور چھوٹے کاروباری افراد نے اپنی شناخت بنائی اور کیریئر کو نئی جہت دی ہے۔

 عدیل چودھری کے فوڈ وی لاگز، ہمنا زاہد (Samosiiii) کے بیوٹی ٹپس، ذکیہ نور (ڈاکٹر زک) کے جمالیاتی مشورے، اور مومن ثاقب کے مزاحیہ و سماجی تبصرے اسی فیڈ کے ذریعے لاکھوں ناظرین تک پہنچے۔

اب ٹک ٹاک ایک نیا فیچر Manage Topics متعارف کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی فیڈ میں ویڈیوز کی اقسام جیسے تخلیقی فنون، سیاحت، فطرت اور کھیل وغیرہ کی فریکوئنسی کو حسبِ منشا کم یا زیادہ کر سکیں گے۔ اگرچہ یہ موضوعات مکمل طور پر ہٹائے نہیں جا سکیں گے، تاہم صارفین اب اپنی بدلتی دلچسپیوں کے مطابق اپنی فیڈ کو زیادہ موزوں بنا سکیں گے۔

اس کے علاوہ ٹک ٹاک نے Smart Keyword Filters کے نام سے ایک جدید فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جو مصنوعی ذہانت کی مدد سے صارفین کو ناپسندیدہ الفاظ اور موضوعات کو مؤثر انداز میں فلٹر کرنے کی سہولت دیتا ہے۔

 اس فیچر کی بدولت اب تک دنیا بھر میں 200 ملین سے زائد الفاظ بلاک کیے جا چکے ہیں۔ یہ ٹول مترادف الفاظ اور متعلقہ اصطلاحات کو بھی خودکار طور پر شناخت کر کے فلٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بناتا ہے۔

ٹک ٹاک آئندہ مہینوں میں فلٹرز کی حد 100 سے بڑھا کر 200 الفاظ کر رہا ہے، اور ساتھ ہی bulk editing جیسی سہولتیں بھی فراہم کرے گا، تاکہ صارفین اپنی ترجیحات کو زیادہ سہولت کے ساتھ منظم کر سکیں۔

یہ تمام نئے فیچرز نوجوانوں اور بڑوں دونوں کے لیے دستیاب ہوں گے، اور ان کا مقصد صارفین کو زیادہ محفوظ، مؤثر اور ذاتی نوعیت کا ’فار یو فیڈ‘ تجربہ فراہم کرنا ہے۔