انفوٹینمنٹ

'جب وی میٹ' کا وہ سین جس پر امتیاز علی کیخلاف وارنٹ جاری ہوگئے

مقامی افراد نے اس سین پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا

Web Desk

'جب وی میٹ' کا وہ سین جس پر امتیاز علی کیخلاف وارنٹ جاری ہوگئے

مقامی افراد نے اس سین پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کی سپر ہٹ فلم 'جب وی میٹ' کے ڈائریکٹر امتیاز علی نے فلم کے ایک سین سے جڑے تنازع سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔

ایک تازہ انٹرویو میں امتياز علی نے اپنی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم 'جب وی میٹ' کے اس سین کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تنازع کا تذکرہ کیا جسکے سبب بات بالآخر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تک پہنچ گئی تھی۔

امتياز علی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اس تنازع کا آغاز رتلام میں شوٹ کیے گئے ایک مختصر سین سے ہوا تھا، جس پر مقامی برادری نے علاقے کی بدنامی کا سبب بننے کا الزام عائد کیا تھا۔

فلم کے اس مشہور سین میں شاہد کپور اور کرینا کپور کے کردار رتلام میں پھنس جاتے ہیں اور ایک مشکوک ہوٹل میں ٹھہرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں، اگرچہ یہ سین مزاحیہ انداز میں فلمایا گیا تھا، لیکن بعض مقامی افراد نے اسے رتلام کو ریڈ لائٹ ایریا قرار دینے اور شہر کی روایتی شناخت کو بدنام کرنے کا سبب قرار دے ڈالا تھا۔

ان الزامات کے نتیجے میں امتياز علی کو عدالت میں طلبی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بالآخر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے تھے۔

امتياز علی نے بتایا کہ جب انہیں لیگل نوٹس موصول ہوا، وہ اپنی نئی فلم 'لوو آج کل' کی شوٹنگ میں مصروف تھے، کولکتہ میں شوٹنگ کے دوران فلم کے پروڈیوسر نے انہیں بتایا کہ انکے خلاف نان-بیل ایبل وارنٹ جاری ہو چکا ہے اور اگر مقامی حکام کو پتہ چلا تو گرفتاری کا خطرہ ہے۔

یہ سُن کر امتیاز علی نے بےساختہ کہا کہ کل اخبار میں چھپا تھا کہ ہم یہاں شوٹنگ کر رہے ہیں، پھر بھی وارنٹ جاری ہوگیا، ان کے پروڈیوسر نے متنبہ کیا تھا کہ اگر آپ گرفتار ہوئے تو بہت نقصان ہوگا، تاہم وہ بخیروعافیت اس قانونی کشمکش سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

اب کئی برسوں بعد امتياز علی نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہ اگر آپ 'جب وی میٹ' جیسی ہلکی پھلکی فلم بنا کر بھی عدالت میں طلبی کا سامنا کرسکتے ہیں، تو آخر ہم کتنی احتیاط کریں؟

واضح رہے کہ سال 2007 میں سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم 'جب وی میٹ' ایک جادوئی فلم مانی جاتی ہے جس کا جادو کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔

معروف ہدایتکار و اسکرپٹ رائٹر امتیاز علی کی فلم 'جب بھی میٹ' میں شاہد کپور کے مد مقابل بالی وڈ کی شوخ و چنچل اداکارہ کرینہ کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

اس فلم میں کرینہ کپور 'گیت' نامی شوخ مزاج اور لاپرواہ سکھ لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں جبکہ شاہد کپور ایک سنجیدہ مزاج کردار 'ادتیا کیشپ' نبھاتے دکھے۔

فلم کی دلچسپ کہانی، اداکاروں کی شاندار اداکاری، کانوں میں رس گھولتی موسیقی اور ڈائیلاگز سب ہی فلم بینوں کی جانب سے بے حد پسند کیے گئے اور یہ فلم آج تک بالی وڈ میں متوالوں کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔