کنال کپور کا نیا لُک، فلم 'رامائن' میں شمولیت کی خبریں گرم
فلم کے سیٹ سے وائرل تصاویر نے مداحوں میں تجسس بڑھا دیا
بالی وڈ اداکار کنال کپور کی فلم سیٹ سے منظر عام آنے والی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے جس کے بعد نیٹیزنز یہ قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ وہ نیتش تیواری کی میگا بجٹ فلم 'رامائن' میں کسی کردار کے لیے شوٹنگ کر رہے ہیں۔
کنال کپور کو آخری بار نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی فلم 'جیول تھیف' میں دیکھا گیا تھا تاہم فلم ناقدین اور ناظرین دونوں کی جانب سے منفی تبصروں کے باعث کوئی خاص تاثر قائم نہ کر سکی مگر اب افواہیں ہیں کہ کنال 'رامائن' میں اپنا جادو پھرسے جگائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فلم میں رنبیر کپور، سائی پلوی او ر یش مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم چند روز قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اداکار کنال کپوربھی فلم میں 'اندر دیو' کا کردار نبھائیں گے اور انہوں نے فلم کی شوٹنگ شروع کر دی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ حال ہی میں اداکار کنال کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کچھ تصاویر شیئر کیں اور انہیں کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ‘دی ویک اِن ریوائنڈ: تخلیقی صلاحیت، تجسس اور کلین شیو‘ اگرچہ اداکار نے اپنی پوسٹ میں کئی تصاویر شیئر کی ہیں لیکن ان میں سے دو تصاویر نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔
کنال کی انستاگرام پوسٹ میں موجود ایک تصویر میں انہیں آئینے کے سامنے بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کے چہرے پر میک اپ لگا ہوا ہے یہ تصویر ان کی وینٹی وین سے لی گئی معلوم ہوتی ہے۔
دوسری تصویر میں کنال ایک سیٹ پر موجود ہیں اور انہیں چہرے پر موشن کیپچر سسٹم پہنے ہوئے دیکھا جا رہا ہے اور یہی تصویر مداحوں کو ان کی جانب سے فلم رامائن میں شمولیت کا اشارہ دینے میں کامیاب ہوئی ہے۔
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی اس تصویر کے بعد سے مداح کنال کو 'اندر دیو' کے روپ میں دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ‘کنال واقعی اندر دیو جیسے لگ رہے ہیں‘، ایک مداح نے کنال اور رنبیر کی فلم 'بچنا اے حسینو' کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ‘جوگی ماہی بوائز ری یونین‘ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘ان کا چہرہ اس کردار کے لیے بالکل صحیح ہے‘۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ادکار رنبیر کپور، سائی پلوی اور یش کے علاوہ 'رامائن' کی کاسٹ میں روی دوبے، سنی دیول، ارون گوویل، لارا دتہ، اندرا کرشنن، کاجل اگروال، رکل پریت سنگھ، اور دیگر ستارے بھی شامل ہیں۔
فلم 'رامائن' کو دو حصوں میں ریلیز کیا جائے گا اس کا پہلا حصہ دیوالی 2026 میں سینما گھروں کی زینت بنے گا جبکہ دوسراحصہ دیوالی 2027 میں بڑے پردے پر آئے گا۔



