امیتابھ بچن نے ‘ہاؤس فل 5‘ میں آفر کیا گیا رول رد کیوں کیا؟
'ہاؤس فل 5' کا باکس آفس پر شاندار سفر جاری
بالی وڈ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'ہاؤس فل 5' اپنے بڑے ستاروں سے سجی کاسٹ کی وجہ سے سرخیوں میں ہے ۔
فلم میں اکشے کمار، ابھیشیک بچن، رتیش دیشمکھ، سنجے دت، فردین خان، شریاس تلپڑے، نانا پاٹیکر، جیکی شراف، ڈینو موریا، جیکولین فرنانڈس، نرگس فخری، چترانگدا سنگھ، سونم باجوا، ساؤندریہ شرما، چنکی پانڈے، نکتین دھیر، اور جانی لیور شامل ہیں۔
'ہاؤس فل 5' باکس آفس پر اپنی شاندار کامیابی کے ساتھ سفر جاری رکھے ہوئی ہے تاہم بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ فلم اور بھی بڑی ہو سکتی تھی اگر میگا اسٹار امیتابھ بچن نے اس میں کردار ادا کرنے کی پیشکش قبول کرلی ہوتی۔
بالی ووڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن کو 'ہاؤس فل 5' میں سینئر پولیس افسر کا کردار پیش کیا گیا تھا جو اب نانا پاٹیکر ادا کر رہے ہیں۔
فلم کے اندرونی ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی طور پر انیل کپور اور نانا پاٹیکر کو پولیس افسران کا کردار ادا کرنا تھا جو اب سنجے دت اور جیکی شروف نبھا رہے ہیں۔
فلمساز 'اُدے-مجنوں' (انیل کپور اور نانا پاٹیکر ) کی آئیکونک جوڑی کا سحر دوبارہ اسکرین لانا چاہتے تھے لیکن انیل کپور نے کردار سے انکار کر دیا جس کے بعد 'کھلنایک' کے اداکار سنجے دت اور جیکی شروف کو فلم میں شامل کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ امیتابھ بچن نے یہ بھی اس کردار کی پیشکش شائستگی سے ٹھکرا دی تھی کیونکہ وہ 80 سال سے زائد عمر کے ہیں اور انتخابی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں چنانچہ چونکہ نانا پاٹیکر پہلے ہی فلم کا حصہ تھے تو انہیں سینئر پولیس افسر کا کردار ادا کرنے کیلئے سائن کرلیا گیا۔
اگر بگ بی یہ پیشکش قبول کر لیتے تو انہیں اپنے بیٹے ابھیشیک کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے دیکھنا ایک شاندار تجربہ ہوتا اور میگا اسٹار کی موجودگی سے فلم کو یقینی طور پر بہتر ردعمل ملتا تاہم سنجے دت، نانا پاٹیکر اور جیکی شراف نے بھی فلم میں بہترین کام کیا ہے۔
'ہاؤس فل 5' کا باکس آفس کلیکشن اور بجٹ
اکشے کمار کی فلم 'ہاؤس فل 5' نے چار دنوں میں باکس آفس پر 100.50 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کیا ہے۔
بھارتی فلم گروز کی جانب توقع کی جارہی ہے کہ اپنے پہلے ہفتے کے اختتام تک یہ فلم باکس آفس پر تقریباً 135-140 کروڑ روپے کی رقم کلیکٹ کر لے گی۔
واضح رہے کہ رپورٹس کے مطابق یہ فلم 225 کروڑ روپے کے بجٹ میں بنائی گئی ہے لہٰذا ایک زبردست اوپننگ ویک کے بعد اسے یقینی طور پر اپنے دوسرے ہفتے میں بھی بہترین کمائی کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ یہ کامیاب ثابت ہو۔



