کلائمیکس سے بھرپوربالی وڈ فلمیں کونسی؟
اگر آپ بھی فلموں کے شوقین ہیں تو زرا یہاں نظر ڈالیں
بالی وڈ فلم نگری اور یہاں بننے والی کہانیاں یقیناً تہلکہ خیز اور ناقابل فراموش ہوتی ہیں لیکن سینما کی ہسٹری میں چند ایسی فلمیں بھی ہیں جو کلائمیکس سے بھرپور اسکرین کی زینت بنیں اور فلم بینوں کے پسندیدہ فہرست میں ہمیشہ کیلئےامر ہوگئیں۔
کیونکہ کسی بھی فلم کے ہٹ ہونے یا فلاپ ہونے کا تعلق اسکے انجام پر مبنی ہوتا ہے ایک اچھا انجام نہ صرف کہانی کو مکمل کرتا ہے بلکہ اسے ناظرین کے دل و دماغ میں ہمیشہ کے لیے نقش بھی کر دیتا ہے۔
اور اسی کے برعکس وہی فلم جسکاکلائمیکس اچھا نہ ہو وہ بے اثر ہو جاتی ہے اور پورا فلمی تجربہ بورنگ محسوس ہو سکتا ہے تو آئیے آج بالی وڈ کی ان چند فلموں کے بارے میں بات کرتے ہیں جنکا اختتام فلم بینوں کو دنگ کرگیا۔
تلاش:
مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سال 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تلاش’ کو ہی دیکھ لیں جس میں اداکارہ رانی مکھرجی اور کرینہ کپور نے عامر خان کیساتھ مرکزی کردار سے دھوم مچائے ہوئی تھی۔
یہی وہ فلم ہے جو دبنگ کلائمکس کے سبب یادگار فلموں میں شمار ہوتی ہے۔اس فلم میں عامر خان ایک پولیس آفیسر کے روپ میں نظرآئے جو ایک قتل کے راز کو حل کرنےمیں دن رات ایک کردیتا ہے۔
لیکن اسی کے ساتھ ساتھ وہی پولیس آفیسر اپنے بیٹے کی حادثاتی موت کے غم سے بھی دوچار ہے کیونکہ وہ اپنے بیٹے کی موت کا ذمہ دار خود کو سمجھتا ہے اور اس احساسِ جرم کے باعث بے خوابی کا شکار رہتا ہے۔
ایک رات، پولیس آفیسر سرجن کی ملاقات روزی نامی بازاری خاتون سے ہوتی ہے، جو اسے گاہک بننے کی دعوت دیتی ہے، مگر وہ انکار کر کے اسے مخبر بننے کی تجویز دیتا ہے جسکی مدد سے سرجن کو قتل کا کیس حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
لیکن آخر میں یہ انکشاف ہوتا ہے کہ کرینہ کپور کا کردار ’روزی’ تو شروع سے ہی مر چکی تھی، اور وہ دراصل اپنے ہی قتل کا انصاف دلوانے کے لیے آئی تھی۔
مسان:
جون 2015 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مسان’ بھی اپنے تہلکہ خیز کلائمکس کے سبب سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلموں میں سے ایک ہے۔یہ فلم وکی کوشل اور رچا چڈھا جیسے باصلاحیت اداکاروں کی شاندار اداکاری کو پیش کرتی ہے۔
اس فلم کی کہانی دو مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے دو افراد کے گرد گھومتی ہے جو اپنی اپنی زندگی کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
کیونکہ فلم کا عنوان ’مسان’جس کا مطلب ‘شمشان گھاٹ’ ہے خود اپنے اندر ایک گہری کہانی سموئے ہوئے ہے، اس فلم میں دو راستے ہیں ایک راستہ غم و اندوہ کا ہے، جبکہ دوسرا امید اور نئی زندگی کی طرف جاتا ہے۔
فلم کی کہانی میں دیوی رچا چڈھا اپنے محبوب کے ساتھ ایک جائز اور ذاتی تعلق میں ہے، مگر جب یہ راز کھلتا ہے تو اسے ایک بدعنوان پولیس افسر (بھگوان تیواری) کی طرف سے بلیک میلنگ اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ساتھ ہی ساتھ، اس کا باپ پاتھک (سنجے مشرا) اپنی بیٹی کے عمل پر خاموش غصے میں مبتلا ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب دیپک (وکی کوشل) اپنے خاندانی پیشے شمشان گھاٹ پر مردوں کی راکھ سنبھالنے سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے اور تعلیم حاصل کر کے محبت کر کے اور نئی دنیا کی امید پال کر اس ذات کے چکر سے باہر نکلنے کا خواب دیکھتا ہے۔
’مسّان’ صرف ایک شہر یا چند کرداروں کی کہانی نہیں، بلکہ ایک گہرا فلسفیانہ سوال ہے کہ کیا کوئی شخص اپنے ماضی، اپنی ذات، یا اپنے گناہوں سے آزاد ہو سکتا ہے؟
کل ہو نہ ہو:
بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک 'کل ہو نا ہو' سال 2003 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے ایک مانی جاتی ہےجس میں بہترین ڈائیلاگ ڈیلیوری اور مزاحیہ مناظر ہیں، جو آئیکونک ثابت ہوئے۔
لیکن کبھی کبھی فلموں کے انجام کا مقصد خوشی نہیں بلکہ جذبات کو ابھارنا ہوتا ہے اور اسی جذبات کو خوبصورتی سے پیش کرنے کیلئے فلم کے اختتام پر جہاں شاہ رخ خان کے کردار میں ہیرو 'امان' کی موت ہوجاتی ہے، وہ ناظرین کے لیے بہت جذباتی بن گیا۔
فلم کے آخر میں جب شاہ رخ خان موت کے بستر پر لیٹے ہوتے ہیں، اور فلم کے تمام کردار جذباتی انداز میں اُن سے الوداع کہہ رہے ہوتے ہیں، تو یہ منظر ناظرین کو رُلا دینے والا ہوتا ہے۔
دریشم:
اجے دیوگن کی تھرلر فلموں میں سے ایک فلم ’دریشیم’ بھی ناقابل فراموش کلائمکس فلموں میں سے ایک ہے۔اس میں تبو نے بھی شاندار اداکاری کی ہے، جو فلم میں گووا کی پولیس انسپکٹر جنرل (IG) کے کردار میں نظر آتی ہیں۔
اس فلم کی کہانی ایک عام آدمی (اجے دیوگن) کی ہے، جو اپنی فیملی کو بچانے کے لیے ہر حد پار کر جاتا ہے، جب اس کی بیٹی غلطی سے آئی جی کے بیٹے کو مار دیتی ہے۔
لیکن پھر فلم کا کلائمیکس اس وقت آتا ہے جب لگتا ہے کہ پولیس نے کیس حل کر لیا ہے اور سچ سامنے آنے والا ہے لیکن جیسے ہی تبو کا کردار اجے دیوگن کو گھیر لیتا ہے، تب انکشاف ہوتا ہے کہ اجے دیوگن لاش کو پہلے ہی ایک نئی پولیس اسٹیشن کی عمارت کے نیچے دفن کر چکے ہیں۔
یہ موڑ سب کو چونکا دیتا ہے اور فلم کو ایک شاندار انجام تک پہنچاتا ہے، جو ذہن پر دیرپا اثر چھوڑتا ہے۔
برفی:
اور پھر تہلکہ خیز انجام پر مبنی فلموں کا ذکر ہو اور فلم ‘برفی‘ کا نام نہ لیا جائے ایسا کیسے ممکن ہے؟لازمی نہیں کہ ہر بار فلم میں کوئی دھماکہ ہی ہو بلکہ کبھی کبھی ایک سادہ اور دل کو چھو لینے والا انجام بھی ناظرین پر گہرا اثر چھوڑ دیتا ہے، اور فلم ’برفی’ بھی بالکل ایسی ہی ایک فلم ہے۔
رنبیر کپور اور پریانکا چوپڑا کی یہ فلم ایک خوبصورت کہانی ہے جس میں ایک ذہنی معذور لڑکی کی ملاقات ایک ایسے نوجوان سے ہوتی ہے جو گونگا اور بہر ہے۔
ان کی ملاقات، ایک دوسرے کے لیے جذبات کا پروان چڑھنا، شادی اور پھر آخری لمحات میں ایک دوسرے کی بانہوں میں پُرسکون انداز میں دنیا سے رخصت ہونا یہ سب کچھ دیکھنا واقعی ایک الگ اور جذباتی تجربہ ہوتا ہے۔
کہانی:
سال 2012 میں ریلیز ہونے والی ودیا بالن کی فلم ’کہانی’ کا کلائمیکس بھی ناظرین کو شدید حیرت میں ڈال دینے کیلئے کافی ہے۔
فلم میں ایک حاملہ اور غمزدہ عورت کولکتہ پہنچتی ہیں تاکہ اپنے لاپتہ شوہر کو تلاش کر سکیں۔لیکن کہانی اس وقت ایک سنسنی خیز موڑ لیتی ہے جب وہ ایک شخص سے سامنا کرتی ہیں جو ان کے شوہر جیسا دکھتا ہے اور اسے مار دیتی ہیں۔
لیکن زرا ٹہریے کہانی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب چونکا دینے والا انکشاف ہوتا ہے کہ وہ حاملہ عورت دراصل حاملہ تھیں ہی نہیں یہ سب کچھ انہوں نے صرف اپنا مقصد پورا کرنے کے لیے ظاہر کیا تھا۔
لنچ باکس:
مرحوم اداکار عرفان خان کی یادیں تازہ کرتی فلم ’لنچ باکس’ بھی ہمیشہ ایک خاص مقام رکھے گی، نہ صرف اس لیے کہ اس میں عرفان خان نے اداکاری کی ہے، بلکہ اس لیے بھی کہ یہ ایک انوکھی اور دل کو چھو جانے والی محبت کی کہانی ہے۔
اس فلم میں لڑکی ایلا کی شادی ایک ایسے شخص سے ہوتی ہے جس کے ساتھ اس کی کوئی جذباتی وابستگی نہیں ہوتی۔ لیکن ایک دن اس کا تیار کردہ لنچ غلطی سے اس کے شوہر کی بجائے ساجن (عرفان خان) تک پہنچ جاتا ہے، اور دونوں کے درمیان رشتہ قائم ہو جاتا ہے۔
رفتہ رفتہ ایلا اپنے ناخوشگوار رشتے سے نکلنے اور ساجن کے ساتھ بھاگنے کا فیصلہ کرتی ہے، لیکن ساجن کا دل آخری لمحے میں بدل جاتا ہے۔جب وہ آخرکار اسے تلاش کرنے نکلتا ہے، تو فلم ختم ہو جاتی ہے اور ناظرین کو یہ جاننے کا موقع نہیں ملتا کہ آیا یہ دونوں آخر میں ملے یا نہیں۔یہ ادھورا لیکن حقیقت سے قریب تر انجامفلم کو مزید خاص بنا دیتا ہے۔



