پریش راول کی 5 بہترین کامیڈی فلمیں
ان کی ماضی کی کامیڈی فلمیں آج بھی ناظرین کو قہقہے لگانے پر مجبور کر دیتی ہیں
بالی وڈ کے سینئر اداکار پریش راول نے اپنے فلمی کریئر میں بےشمار فلموں میں مختلف نوعیت کے کردار ادا کیے ہیں، لیکن انہیں سب سے زیادہ ان کی کامیڈی فلموں کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے۔
مشہور کامیڈی فرنچائز 'ہیراپھیری' کے تیسرے پارٹ 'ہیرا پھیری 3' سے پریش راول کے باہر ہونے کی خبر نے ان کے مداحوں کو خاصا مایوس کیا ہے۔
اگرچہ اداکار نے خود اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اب فرنچائز کا حصہ نہیں ہوں گے، مگر شائقین اب بھی ان سے واپسی کی اپیل کرتے نظر آ رہے ہیں۔
تاہم پریش راول کی بے مثال مزاحیہ اداکاری سے لطف اندوز ہونے کے لیے مداح اب بھی ان کی کچھ کلاسک فلمیں OTT پلیٹ فارمز پر دیکھ سکتے ہیں۔
آئیے ان کی پانچ بہترین کامیڈی فلموں پر نظر ڈالتے ہیں جو آج بھی ناظرین کو قہقہے لگانے پر مجبور کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ہنگامہ (2003)
معروف ڈائریکٹر پریادرشن کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 'ہنگامہ'2003 میں ریلیز ہوئی اور جلد ہی ناظرین میں مقبول ہو گئی۔
اس فلم میں اکشے کھنہ، آفتاب شفدسینی، ریمی سین اور راجپال یادو کے ساتھ پریش راول نے شاندار کردار ادا کیا۔
انہوں نے فلم میں رادھے شیام تیواری کا کردار نبھایا، جو اپنی بیوی کے ساتھ ممبئی آکر ریٹائرڈ زندگی گزارنا چاہتے ہیں، مگر شک و شبہات کا شکار شوہر بن کر ایسی صورتحال پیدا کرتے ہیں کہ قہقہوں کا طوفان امڈ آتا ہے، یہ فلم 'جیو سینما' سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔
ویلکم (2007)
'ویلکم' ایک ایسی فلم ہے جسے شاید ہی کوئی نہ جانتا ہو، اکشے کمار، کترینہ کیف، انیل کپور اور نانا پاٹیکر کے ساتھ پریش راول نے ڈاکٹر دیال گھنگرو کا مزاحیہ کردار ادا کیا، جو فلم میں اکشے کمار کے ماموں ہوتے ہیں۔
جب اکشے کمار کا کردار ایک مافیا ڈان (ادے بھائی اور مجنوں بھائی) کی بہن سے محبت کرنے لگتا ہے تو صورتحال بگڑنے کے ساتھ ساتھ بے حد دلچسپ اور مزاحیہ ہو جاتی ہے، یہ فلم 'ایمیزون پرائم ویڈیو' پر دیکھی جا سکتی ہے۔
گرم مصالحہ (2005)
'گرم مصالحہ' میں پریش راول نے موتی کا کردار ادا کیا، جو اکشے کمار کے گھر کا مخلص اور وفادار نوکر ہے۔
فلم کی کہانی 3 لڑکیوں کے بیچ الجھے اکشے کمار کے کردار کے گرد گھومتی ہے اور پریش راول ہر بار جب اسکرین پر آتے ہیں تو اپنی باڈی لینگویج، مکالموں کی ادائیگی اور مزاحیہ اداکاری سے دل جیت لیتے ہیں۔
یہ فلم 'جیو سینما' سمیت مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔
ہلچل (2004)
امریش پوری کے بیٹے کے کردار میں پریش راول نے 'ہلچل' فلم میں زبردست پرفارمنس دی ہے۔
فلم میں وہ اپنے والد کی مرضی کے خلاف شادی کر لیتے ہیں اور اپنی فیملی سے اپنی شادی چھپا کر رکھتے ہیں۔
یہی چھپی ہوئی حقیقت فلم میں ایک اہم موڑ لاتی ہے اور اکشے کھنہ اور کرینہ کپور کی محبت کی کہانی کو دلچسپ رخ دیتی ہے، یہ فلم بھی ایمیزون پرائم ویڈیو پر دستیاب ہے۔
ہیرا پھیری
آخر میں ذکر لازم ہے اس فلم کا جس نے پریش راول کے کامیڈی کریئر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
'ہیرا پھیری' میں 'بابو بھیا' کا کردار پریش راول کی شناخت بن چکا ہے، ان کی معصومیت، مخصوص انداز اور خالص دیسی مزاح نے اس فلم کو ہمیشہ کے لیے ایک 'کلٹ کلاسک' بنا دیا ہے۔
اس فرنچائز کی پہلی فلم 'ہیرا پھیری' سال 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، جو سینما میں اوسط کامیابی سمیٹنے کے باوجود ٹی وی پر بے پناہ مقبول ہوئی، بعدازاں 2006 میں 'پھر ہیرا پھیری'ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔
یہ فلم آج بھی نئی نسل کو اتنا ہی ہنساتی ہے جتنی ریلیز کے وقت ہنسایا کرتی تھی، ہیرا پھیری فرنچائز کے دونوں پارٹس 'ایمیزون پرائم ویڈیو' پر دستیاب ہیں۔
اب سب کی نظریں ان سوالوں کے جواب کی متلاشی ہیں کہ کیا 'ہیراپھیری 3' میں 'بابو بھیا' کے کردار کے لیے کوئی اور اداکار لیا جائے گا؟ یا یہ کردار مکمل طور پر فلم سے ہٹا دیا جائے گا؟ اور اس کے بعد کیا فلم میں مداحوں کی دلچسپی برقرار رہ پائے گی؟
اگرچہ 'ہیرا پھیری 3' میں پریش راول کی غیرموجودگی ایک خلا ضرور چھوڑے گی، مگر ان کی ماضی کی کامیڈی فلمیں آج بھی ناظرین کو ہنسنے پر مجبور کر دیتی ہیں۔
اگر آپ ان کے لاجواب فن کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں، تو ان پانچ فلموں کو اپنی OTT واچ لسٹ میں ضرور شامل کریں۔







