فلم / ٹی وی

کرن جوہر نے فلموں کی کامیابی کا نسخہ بتا دیا

کامیابی نقل کرکے حاصل نہیں کی جاسکتی، کرن جوہر

Web Desk

کرن جوہر نے فلموں کی کامیابی کا نسخہ بتا دیا

کامیابی نقل کرکے حاصل نہیں کی جاسکتی، کرن جوہر

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

معروف فلمساز کرن جوہر کا ماننا ہے کہ کسی کامیاب فلم کی نقل کرکے کامیابی حاصل نہیں کی جاسکتی۔

کرن جوہر کا شمار بالی وڈ کے کامیاب فلمسازوں میں ہوتا ہے، انہوں نے ’ کچھ کچھ ہوتا ہے‘ اور ’ کبھی خوشی کبھی غم‘ جیسی کامیاب فلمیں پروڈیوس کی ہیں۔

ایک انٹرویو میں کرن جوہر نے کہا کہ بہت سے لوگ ایک کامیاب فلم کی نقل کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں تاکہ ناظرین کی دلچسپی سے فائدہ اٹھا کر کامیابی حاصل کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں ہمیشہ سے ہی ایک ٹرینڈ چلتا آیا ہے جس میں اگر کوئی ایکشن فلم ہٹ ہوتی ہے تو پھر ایکشن فلمیں ہی بننا شروع ہوجاتی ہیں اور اگر کوئی ہارر کامیڈی فلم کامیاب ہوتی تو لوگ اسی ڈگر پر چلنا شروع کردیتے ہیں۔

کرن جوہر نے اس معاملے کو ’ہجوم کی ذہنیت‘ قرار دیا اور کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ ’پشپا‘ نے بہت اچھا بزنس کیا اور ناظرین کو زبردست انداز میں اپنی جانب متوجہ کیا۔

کرن جوہر نے کہا کہ پھر دیکھیں کہ کس طرح فلمسازوں نے ’پشپا‘ کی ہی لائن پکڑ لی اور اس جیسی فلمیں ہی بنانے لگ گئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ’چھاوا‘ کامیاب ہوتی ہے تو ہر کوئی تاریخی فلمیں بنانا چاہتا ہے، ’استری‘ کامیاب ہوئی تو سب ہارر کامیڈی بنانے لگے مگر یہ فلمیں اس لیے کامیاب ہوئیں کیونکہ یہ اپنی جگہ مضبوط تھیں،ان فلموں کے پیچھے ایک انوکھا تصور تھا جس نے انہیں کامیاب بنایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسے خیالات پر کام کرنا چاہیے جو منفرد ہوں، کسی نے مجھ سے پوچھا کہ کیا تمہاری کوئی یونیورس ہے جیسے اسپائی یونیورس یا پولیس یونیورس؟ تو میں نے کہا کہ میری یونیورس تو خود سینما ہے، میں یہاں یونیورس نہیں بنانے آیا۔

کرن جوہر حال ہی میں کانز فلم فیسٹیول میں اپنی فلم ’ہوم باؤنڈ‘ کے پریمیئر کے لیے شریک ہوئے، جو ان کی پروڈکشن کمپنی دھرما پروڈکشنز کے تحت بنائی گئی ہے۔

 اس فلم کی ہدایتکاری نیراج گھایوان نے کی ہے جب کہ اداکار ایشان کھتر، وشال جیٹھوا اور جھانوی کپور اس میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں۔

تازہ ترین