فلم / ٹی وی

جنیلیا کا کرداروں کو عمر کے لحاظ سے کاسٹ کرنے پر زور

چھوٹی عمر کا اداکار بڑی عمر کے کردار سے انصاف نہیں کرسکتا، جنیلیا

Web Desk

جنیلیا کا کرداروں کو عمر کے لحاظ سے کاسٹ کرنے پر زور

چھوٹی عمر کا اداکار بڑی عمر کے کردار سے انصاف نہیں کرسکتا، جنیلیا

جنیلیا کا کرداروں کو عمر کے لحاظ سے کاسٹ کرنے پر زور

جنیلیا ڈی سوزا دیشمکھ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ کرداروں کا انتخاب عمر کے مطابق کرنا چاہیے۔

جنیلیا کئی سالوں کے وقفے کے بعد بالآخر بڑی اسکرین پر واپس آ رہی ہیں اور اس بار وہ عامر خان کے ساتھ’ ستارے زمین پر‘ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

اس کھیل پر مبنی کامیڈی ڈرامہ فلم میں جنیلیا نے عامر کی بیوی ’سنیتا‘ کا کردار نبھایا ہے۔

فلم کی ریلیز سے قبل ایک حالیہ انٹرویو میں جنیلیا نے فلموں میں عمر کے مطابق اداکاروں کے انتخاب کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ انہیں ایسے کردار کیوں کم ملتے ہیں؟

جنیلیا کا کہنا تھا کہ اب فلم انڈسٹری کو پرانی سوچ سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، فلمسازوں کو چاہیے کہ وہ اداکاروں کو ان کی عمر کے لحاظ سے کاسٹ کریں۔

فلم’ ستارے زمین پر‘ میں عامر خان کی اہلیہ ’سنیتا‘ کا کردار جنیلیا کو اس لیے موزوں لگا کیونکہ یہ کردار عمر کے تجربے اور جذباتی گہرائی کا تقاضا کرتا تھا۔

جنیلیا کا ماننا ہے کہ اگر کسی بڑی عمر کے کردار کے لیے کسی کم عمر اداکار کو چن لیا جائے تو وہ اس کردار کی باریکیوں اور جذبات کو مکمل طور پر سمجھ نہیں سکتا اور یوں کسی ایسے اداکار کو موقع نہیں ملتا جو اس کردار کو حقیقت سے قریب تر انداز میں ادا کر سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شاید لوگ سوچتے ہیں کہ میں شادی شدہ ہوں، اس لیے مجھے اس کردار کی ضرورت نہیں،میرا خیال ہے کہ فلم سازی بدل چکی ہے، تو ہمیں اپنی ذہنیت بھی بدلنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کردار کے لیے خاص عمر درکار ہے تو اسی عمر کے اداکار کو کاسٹ کرنا چاہیے۔ جنیلیا نے کہا کہ جب ہم کسی بہت کم عمر اداکار کو میری طرح کے کردار میں لیتے ہیں تو وہ ان چھوٹی چھوٹی باتوں کو نہیں سمجھ پاتا جو کردار کو حقیقت کے قریب بناتی ہیں، کردار کے مطابق کاسٹنگ ضروری ہے اور میں امید کرتی ہوں کہ سب کو اس حوالےسے موقع ملنے چاہئیں۔

عامر خان کے مقابل مرکزی کردار میں کاسٹ ہونے پر جنیلیا نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں تین بار آڈیشن دینا پڑا لیکن یہ سب بہت ضروری تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب لوگوں کو پتا چلا کہ میں ’ستارے زمین پر‘ کر رہی ہوں تو سب نے کہا کہ تم کتنی خوش نصیب ہو، تم عامر خان کے ساتھ فلم کر رہی ہو،میں نے کہا: ’یقیناً یہ عامر سر کی بڑائی ہے کہ انہوں نے مجھ میں کچھ دیکھا۔

ہدایتکار آر ایس پرسنا کا جنیلیا کے بارے میں بیان

فلم کے ہدایتکار آر ایس پرسنا نے ایک اور انٹرویو میں جنیلیا کے ساتھ کام کے تجربے کو خوشگوار قرار دیا اور ان کے مثبت رویے اور کئی زبانوں میں کام کرنے کی صلاحیت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ جنیلیا کے ساتھ کام کرنا ایک خوشگوار تجربہ تھا، وہ توانائی سے بھرپور ہیں، وہ ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں اور ہم انہیں ساؤتھ میں بہت پسند کرتے ہیں، وہ تامل، تیلگو، کنڑ، ملیالم اور اب مراٹھی زبانوں میں بھی کام کر چکی ہیں۔

فلم ’ستارے زمین پر‘ کے بارے میں

ستارے زمین پر کی کہانی ایک ناکام باسکٹ بال کوچ (عامر خان) کے گرد گھومتی ہے، جسے اپنی ساکھ بچانے کا ایک اور موقع ملتا ہے جب اسے خاص بچوں کی ٹیم کو ایک اہم ٹورنامنٹ کے لیے کوچنگ دینی پڑتی ہے۔

یہ فلم مشہور ہسپانوی فلم ’چیمپئنز‘کا ہندی ری میک ہے، اس میں عامر اور جنیلیا کے ساتھ دس نئے چہرے بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، فلم 20 جون 2025 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

تازہ ترین