لائف اسٹائل

شاہد کپور اور میرا راجپوت کے کروڑوں مالیت کے بنگلے میں خاص کیا؟

یہ پرتعیش رہائشگاہ ان کے منفرد طرزِ زندگی کی جھلک پیش کرتی ہے

Web Desk

شاہد کپور اور میرا راجپوت کے کروڑوں مالیت کے بنگلے میں خاص کیا؟

یہ پرتعیش رہائشگاہ ان کے منفرد طرزِ زندگی کی جھلک پیش کرتی ہے

(یہ پرتعیش رہائشگاہ ان کے منفرد طرزِ زندگی کی جھلک پیش کرتی ہے)
(یہ پرتعیش رہائشگاہ ان کے منفرد طرزِ زندگی کی جھلک پیش کرتی ہے)

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہد کپور اور انکی اہلیہ میرا راجپوت کا ممبئی کے سمندر کنارے واقع عالیشان ڈوپلیکس نہ صرف ان کے ذوق کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ یہ ان کے منفرد طرزِ زندگی کی جھلک بھی پیش کرتا ہے۔

58 کروڑ روپے کی مالیت سے زیادہ کی اس پراپرٹی کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ شاہد اور میرا نے اپنی رہائشگاہ کو صرف ایک گھر نہیں، بلکہ ایک آرٹ گیلری اور پر سکون پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔

یہ شاندار ڈوپلیکس سیاہ اور سفید رنگوں کی کلاسیکل تھیم میں ترتیب دیا گیا ہے، جو ہر گوشے کو ایک لازوال خوبصورتی فراہم کرتی ہے۔

کشادہ ہال اس گھر کا مرکز ہے، جہاں ایک خوبصورت گرینڈ پیانو رکھا گیا ہے جس پر میرا راجپوت اکثر دھنیں چھیڑتی ہیں۔

جبکہ یہی جگہ شاہد کپور کی مشہور ڈانس مووز کی بھی گواہ ہے، جنہیں مداح ان کے سوشل میڈیا ویڈیوز میں دیکھ چکے ہیں۔

ایک معروف آرکیٹیکچرل میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں میرا راجپوت نے انکشاف کیا کہ یہ گھر ان دونوں کی مختلف شخصیات کا امتزاج ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شاہد اور میرے ذوق میں کافی فرق ہے، اس لیے یہ گھر ہماری انفرادیت کے ساتھ ساتھ سکون اور توازن کا عکاس بھی ہے۔

لِونگ روم کے فرش سے چھت تک بلند دروازے جب کھلتے ہیں تو ممبئی کے اسکائی لائن اور سمندر کا دل موہ لینے والا منظر سامنے آتا ہے، اس منظر کی خوبصورتی ہر دن کو ایک فلمی سین میں بدل دیتی ہے۔

گھر کا کچن بھی کسی فن پارے سے کم نہیں، سادہ اور جدید ڈیزائن میں بنایا گیا یہ کچن سیاہ چمنی، سفید الماریوں اور ایک چھوٹے سے چولہے کے امتزاج سے ایک دلکش منظر پیش کرتا ہے۔

اس کے ساتھ واقع ڈائننگ ایریا میں رکھی گئی لکڑی کی شاندار میز اور سفید لیدر کی آرام دہ کرسیاں نہ صرف آسائش کا احساس دلاتی ہیں بلکہ سلیقے کی گواہی بھی دیتی ہیں۔

سیڑھیوں کا ڈیزائن بھی دیدہ زیب ہے، سیاہ رنگ کی ریلنگ اور سفید سیڑھیاں نہایت خوبصورتی سے روشن کی گئی ہیں، جو پورے گھر کی تھیم کے ساتھ مطابقت رکھتی ہیں۔

گھر کا سب سے دلکش حصہ میرا کا واک اِن کلوزٹ ہے، شیشے کی دیواروں والا یہ کشادہ کمرہ قدرتی روشنی سے بھرپور ہے، جہاں خوشنما پھولوں کی سجاوٹ اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتی ہے، یہ جگہ نہ صرف اسٹائلش ہے بلکہ ایک 'کمفرٹیبل پرسنل اسپیس' بھی فراہم کرتی ہے۔

گھر کے ہر کونے میں آرٹ کے حسین نمونے اور پینٹنگز موجود ہیں، جو اس گھر کو محض رہائشگاہ نہیں بلکہ فن سے لگاؤ رکھنے والوں کا حقیقی مسکن بناتے ہیں۔

شاہد کپور اور میرا راجپوت کا ممبئی میں واقع یہ ڈوپلیکس ان کے جمالیاتی ذوق، سادگی اور شائستہ طرزِ زندگی کا آئینہ دار ہے۔

یہ گھر فن، سکون اور محبت کا حسین امتزاج ہے، ایک ایسا خواب جو شاندار طریقے سے حقیقت میں ڈھل چکا ہے۔