ٹرمپ کے خلاف بیان بازی، ایلون مسک شرمندہ
گزشتہ ہفتے سے ہی ایلون مسک اور ٹرمپ کے درمیان محاذ کھلا ہوا ہے
دنیا کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک ایلون مسک نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اُن کے کچھ سوشل میڈیا پوسٹس حد سے بڑھ گئے تھے۔
اپنی ایکس پوسٹ پر ایلون مسک نے کہا کہ مجھے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں گزشتہ ہفتے کی اپنی کچھ پوسٹس پر افسوس ہے، وہ حد سے تجاوز کر گئیں تھیں۔
دنیا کے امیر ترین شخص اور امریکہ کے صدر کے درمیان کشمکش نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا، جہاں دونوں جانب سے سنگین الزامات عائد کیے گئے۔
گزشتہ ہفتے ٹرمپ اور مسک کے درمیان توہین آمیز جملوں کا تبادلہ شروع ہوا، جب ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او نے صدر کے ٹیکس اور اخراجات سے متعلق وسیع بل کو قابل نفرت قرار دیا۔
اگرچہ ٹیکنالوجی کے ارب پتی ایلون مسک نے کشیدگی کو کچھ حد تک کم کرنے کی کوشش کی اور اپنے کچھ زیادہ اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹس کو حذف کر دیا لیکن صدر ٹرمپ نے مفاہمت کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی بلکہ خبردار کیا کہ اگر مسک نے 2026 کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی حمایت کی تو انتہائی سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کے بعد،ایلون مسک نے ٹرمپ کی انتخابی مہم پر 288 ملین امریکی ڈالر خرچ کیے اور امریکا بھر میں انتخابی تقریبات میں شرکت کی۔
صدر بننے کے بعد، ٹرمپ نے ایلون مسک کو وفاقی محکموں کے حجم کو کم کرنے اور اخراجات میں زبردست کمی کی مہم کی قیادت کے لیے منتخب کیا تھا۔
تاہم تنازع اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب ڈونلڈ ٹرمپ کے ’ون بِگ بیوٹی فل بل پر اختلافات سامنے آئے ، یہ ایک وسیع تر ٹیکس کٹوتیوں پر مبنی بل ہے جس سے امریکی قومی قرضے میں تقریباً 3 ٹریلین امریکی ڈالر کا اضافہ ہو سکتا ہے،مشاورتی عہدہ چھوڑنے کے بعد، ایلون مسک نے اس بل کو غلاظت قرار دیا۔
ٹرمپ نے اس پر سخت ردعمل دیا اور کہا ایلون مسک حد سے زیادہ بڑھ چکا تھا، میں نے اسے جانے کو کہا اور وہ پاگل ہوگیا ہے۔
صورتحال اُس وقت مزید سنگین ہو گئی جب ایلون مسک نے ٹرمپ کے مواخذے کا مطالبہ کر دیا۔
ایلون مسک نے ایک ٹویٹ میں یہ الزام بھی لگایا کہ ٹرمپ کا تعلق جیفری ایپسٹین کی جنسی اسکینڈل فائلز سے ہے،ایپسٹین ایک بدنام زمانہ مجرم تھا جس پر کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی جرائم کا الزام تھا۔
بعد ازاں مسک نے وہ تمام ٹویٹس حذف کر دیں،ایلون مسک کے بیان کے جواب میں، ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر کئی پوسٹس شیئر کیں۔
ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ مجھے پرواہ نہیں کہ ایلون میرے خلاف ہو گیا ہے لیکن اسے یہ بہت پہلے کرنا چاہیے تھا اور اشارہ دیا کہ ایلون مسک کو بل کی تفصیلات اس کے منظور ہونے سے پہلے ہی معلوم تھیں۔
ٹرمپ نے مزید دھمکی دی کہ وہ ایلون مسک کی کمپنیوں کے حکومت کے ساتھ معاہدے منسوخ کر سکتے ہیں۔
ٹروتھ سوشل پر ایک اور پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ ہماری بجٹ میں اربوں ڈالر بچانے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ایلون مسک کی حکومتی سبسڈی اور معاہدے ختم کر دیے جائیں، مجھے ہمیشہ حیرت ہوتی تھی کہ بائیڈن نے ایسا کیوں نہیں کیا۔




