وہ اداکارہ جسکی فلم کا 'بولڈ پوسٹر' 40 ٹریفک حادثات کا سبب بنا
ٹریفک پولیس نے فلم کی ٹیم سے رابطہ کیا اور ہورڈنگ ہٹانے کی ہدایت دی
آج سے 15 برس قبل 4 جون 2010 کو ریلیز ہونے والی تیلگو فلم 'ویدام' نے نہ صرف فلم بینوں کو چونکا دیا تھا بلکہ ٹالی وڈ میں کہانی بیان کرنے (اسٹوری ٹیلنگ) کے انداز کو بھی نئی جہت دی تھی۔
اس فلم میں اسٹار اداکار اللو ارجن، منچو منوج، انوشکا شیٹی اور منوج باجپائی نے مرکزی کردار نبھائے تھے اور اسے ہدایت کار رادھا کرشنا جگارلاموڈی المعروف کرش نے ڈائریکٹ کیا تھا۔
ویدام ایک اینتھالوجی ڈرامہ فلم تھی جو 5 مختلف کرداروں کی زندگیوں پر مبنی تھی، جو ایک دہشت گرد حملے کے بعد ایک ہی ہسپتال میں آکر جڑ جاتی ہیں۔
فلم ایک سنگین اور حقیقت پر مبنی معاشرتی کہانی پر مبنی تھی، لیکن اس کی تشہیری مہم میں جس انداز کو اپنایا گیا، اُس نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔
فلم کی سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والی بات وہ بل بورڈ تھا جس پر انوشکا شیٹی کی ایک بولڈ تصویر آویزاں کی گئی تھی۔
انوشکا نے فلم میں ایک سیکس ورکر کا کردار ادا کیا تھا اور پروموشنل فوٹو شوٹ میں انہیں زرد ساڑھی میں انتہائی دلکش اور جنسی اعتبار سے نہایت پرکشش انداز میں پیش کیا گیا تھا۔
یہی تصویر حیدرآباد کے مصروف ترین علاقے پنجہ گٹہ سرکل پر ایک بڑے ہورڈنگ پر لگائی گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تہلکہ مچا دیا۔
فللم کے ہدایتکار کرش نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ 'ہم نے فلم کی پروموشن کے لیے ایک بڑا بل بورڈ نصب کیا تھا، جس پر انوشکا کی ایک بولڈ تصویر تھی، اس ہورڈنگ نے اتنی توجہ حاصل کی کہ صرف پنجہ گٹہ سرکل پر ہی 40 سے زائد ٹریفک حادثات پیش آئے'۔
جیسے جیسے شکایات بڑھیں، مقامی ٹریفک پولیس نے فلم کی ٹیم سے رابطہ کیا اور ہورڈنگ کو ہٹانے کی ہدایت دی۔
کرش کے مطابق 'متعدد شکایات موصول ہونے پر ہمیں وہ ہورڈنگ ہٹانا پڑا، یہ انوشکا کی اداکاری اور موجودگی کا اثر تھا کہ ایک پوسٹر نے اتنا ہنگامہ کھڑا کر دیا'۔
فلم 'ویدام' کو ناقدین نے بہت سراہا، لیکن عام ناظرین سے اسے خاطر خواہ پذیرائی نہ مل سکی۔
فلم نے ریلیز کے ابتدائی ہفتے میں صرف10 کروڑ روپے کمائے اور باکس آفس پر اپنی لاگت بھی پوری نہ کر سکی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ فلم کلٹ کلاسک کا درجہ حاصل کر گئی، فلم کو 5 فلم فیئر ایوارڈز اور 2 نندی ایوارڈز بھی ملے۔
'ویدام' کے بعد انوشکا نے 'سنگھم' جیسی ہٹ فلموں میں کام کیا اور پھر 2015 میں 'رودھرامادیوی' جیسی فلم میں مرکزی کردار ادا کر کے پہلی خاتون تیلگو اداکارہ بنیں جنہوں نے سولو بلاک بسٹر دی، اسی سال وہ 'باہوبلی سیریز' میں دیوسینا کے کردار میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔
اب انوشکا ایک بار پھر ہدایت کار کرش کے ساتھ فلم 'گھاٹی' میں نظر آئیں گی، جو 11 جولائی 2025 کو ریلیز کے لیے تیار ہے۔




