شادی کے لیے اوور کوالیفائیڈ ہوں، دیویا دتا
اداکارہ نے تاحال شادی نہ کرنے کی وجہ بتادی
بھارتی اداکارہ دیویا دتا نے خود کو شادی کیلئے اوور کوالیفائیڈ قرار دیتے ہوئے واضح کرڈالا کہ انکا شادی کرنے کو دل نہیں کرتا۔
بالی وڈ فلم نگری میں کئی حسینائیں ایسی ہیں جنہوں نے خوبصورت ہونے کے باوجود سنگل رہنے کو ترجیح دی، حالانکہ کئی مردوں سے قربتیں بھی ہوئیں لیکن شادی نہ کرنے کے فیصلے پر قائم رہیں، ان میں سے ایک نام اداکارہ دیویا دتا کا بھی ہے۔
لیکن آخر ایسی بھی کیا وجہ تھی جس نے انہیں شادی نہ کرنے کا فیصلہ کرنے پر مجبور کیا؟ اس بارے میں بات کرتے ہوئے اداکارہ نےخود اہم راز سے پردہ اٹھادیا۔
اداکارہ دیویا نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنی شادی نہ کرنے کے فیصلے پر روشنی ڈالی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں خود سے محبت اور گہرے رشتوں کو ترجیح دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ،‘حالانکہ دور جوانی میں مجھے بہت مردوں کی توجہ ملی لیکن شادی کے لیے کبھی دل نہیں کیا اور اب مجھے لگتا ہے میں شادی کے لیے اوور کوالیفائیڈ ہوں۔’
دیویا دتا کا شادی نہ کرنے پر مؤقف:
اداکارہ کا ماننا ہے کہ،’اگر آپ کو اچھا ساتھی ملے تو شادی اچھی چیز ہے لیکن اگر نہیں ملتا تو زندگی پھر بھی خوبصورت طریقے سے آگے بڑھتی ہے کیونکہ کسی ناخوشگوار رشتے میں رہنے سے بہتر ہے کہ آپ خود کو سنواریں، اپنے آپ کو کسی تعلق میں گھٹانے سے بہتر ہے کہ آپ خود سے محبت کریں۔’
اداکارہ نے بتایا کہ ‘مجھے مرد حضرات کی طرف سے خاصی توجہ ملتی ہے اور میں اس کا لطف بھی اٹھاتی ہوں لیکن تعلق تبھی ہونا چاہیے جب دل کا تعلق ہو ، جب محسوس ہو کہ یہ شخص آپ کا ہاتھ تھام سکتا ہے اور اگر ایسا نہ ہو، تو میرے آس پاس بہت اچھے دوست ہیں، اور میں خود کے لیے کافی ہوں۔’
دیویا کہتی ہیں کہ،’مجھے شادی نہیں کرنی، لیکن میں چاہتی ہوں کہ کوئی ایسا ساتھی ہو جس کے ساتھ میں سفر کر سکوں اور اگر وہ بھی نہ ہو، تب بھی میں خوش ہوں۔’
اسی انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی دوست کی جانب سے بھیجے گئے ایک پیغام کو شیئر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ ’میری بہترین دوست نے مجھے ایک قول بھیجا کہ ایک شخص پوچھتا ہے، ‘تم اکیلی کیوں ہو؟ تم خوبصورت ہو، دلکش ہو، خیال رکھنے والی ہو،’ اور میں کہتی ہوں، ‘شاید میں اوور کوالیفائیڈ ہوں۔’
انکا ماننا ہے کہ وہ وقت گزر گیا جب وہ اپنی خوشی اور مکمل ہونے کا تصور کسی دوسرے انسان کے ساتھ جوڑتا تھا لیکن اب ایسا نہیں، کیونکہ اب وہ جان چکی ہیں کہ اپنی تکمیل خود میں ہی تلاش کرنی چاہیے۔’



