مشہور پاکستانی جوڑیاں جن کا رشتہ منگنی تک ہی محدود رہا
منگنی کو شادی میں نہ بدل پانے والے پاکستانی ستارے
دوستی، محبت، اظہار، منگنی اور پھر شادی یہ وہ سارے مراحل ہیں جن سے ایک محبت کرنے والی جوڑی گزرتی ہے، بعض میں شروعات دوستی سے نہیں سیدھا پیار سے ہوتی ہے تو بعض میں اظہار کے بعد سیدھا شادی ہوجاتی ہے۔
یہ تو بات ہوئی ان جوڑیوں کی جو اپنے اچھے انجام کو پہنچ جاتی ہیں لیکن متعدد جوڑیاں ایسی بھی ہوتی ہیں جو بیچ راستے میں کہیں ٹوٹ جاتی ہیں اور شادی کے دن تک نہیں پہنچ پاتیں۔
پاکستانی شوبز میں ایسی کئی مشہور جوڑیاں ہیں جو دوستی سے منگنی تک تو پہنچیں لیکن اس کے آگے کا راستہ علیحدہ کاٹا اور شادی کر سکیں۔
عاصم اظہر اور میرب علی:
شوبز انڈسٹری میں سب سے تازہ بریک اپ عاصم اظہر اور میرب علی کا ہوا ہے جس نے اسٹار جوڑی کے چاہنے والوں کو مایوس کردیا ہے۔
20 مارچ 2022 کو عاصم اظہر نے اپنے فینز کو بڑا سرپرائز دیتے ہوئے میرب علی کے ساتھ اپنی بات پکی کی تصاویر شیئر کیں۔
منگنی کے بعد سے دونوں ہر وقت ایک دوسرے کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے نظر آتے تھے اور دونوں کی سیلیبریشنز بھی مشترک ہوگئی تھیں۔
عاصم نے چند ماہ قبل یہ اشارہ دیا تھا کہ وہ 2025 میں شادی کرسکتے ہیں جس نے انکے فینز کو خوش کردیا تھا لیکن کس کو معلوم تھا کہ 2025 میں یہ رشتہ مزید مضبوط نہیں ہوگا بلکہ ٹوٹ ہی جائیگا۔
عاصم اظہر نے 12 جون کو انسٹاگرام پر ایک ایسی اسٹوری شیئر کی جس میں منگنی ٹوٹ جانے کا اعلان تھا اور لکھا کہ 'ہمیں یہ بات ان سب کو بتانا ضروری لگی جنہوں نے ہمیں سپورٹ کیا، ہمارے فینز، دوست اور تمام چاہنے والے، کافی سوچ بچار اور غور و فکر کے بعد میرب علی اور میں نے اپنے راستے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگرچہ ہم نے خوبصورت لمحات ایک ساتھ گزار اور دل سے ایک ساتھ مستقبل کی امید رکھی تھی لیکن زندگی بعض اوقات اپنا راستہ خود چن لیتی ہے، ہم دونوں کے دل نہ صرف ایک دوسرے بلکہ دونوں کی فیملیز کا عزت و احترام ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔'
منگنی توڑنے کے علاوہ دونوں نے نہ صرف ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا بلکہ ایک ساتھ شیئر کی گئی تصاویر بھی اب دونوں کے انسٹاگرام پر نہیں ہیں۔
علی انصاری اور مشعل خان:
علی انصاری جو اب صبور علی کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور ایک بیٹی کے والد بھی بن چکے ہیں کبھی مشعل خان سے محبت کے وعدے کرنے میں مصروف تھے۔
ڈراما 'سنو چندا' میں 'کنزہ' نامی کردار نبھانے والی مشعل خان چند سال قبل علی انصاری کی محبت میں گرفتار تھیں اور دونوں ایک دوسرے کے ساتھ گھومتے پھرتے رہتے تھے اور تصاویر بھی سوشل میڈیا کی زینت بناتے تھے۔
دونوں کے درمیان 2019 سے اکتوبر 2020 تک تعلقات کی چہ مگوئیاں تھیں اور اکتوبر 2020 میں مشعل خان نے ایک انٹرویو میں علی انصاری سے تعلقات ختم ہونے کے معاملے پر بات کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
دونوں کے بریک اپ کی وجہ کیا بنی یہ منظرِ عام پر نہ آسکی لیکن علی انصاری کا سال 2021 میں اداکارہ صبور علی سے منگنی کرنا ان دونوں کے بریک اپ کی تصدیق ضرور کرگیا۔
آئمہ بیگ اور شہباز شگری:
آئمہ بیگ کا اگرچہ کریئر کامیاب رہا لیکن ان کی نجی زندگی میں متعدد تنازعات کا سامنا رہا جن میں ان کی اداکار شہباز شگری سے منگنی ٹوٹنا سرِ فہرست ہے۔
آئمہ بیگ نے 21 مارچ 2021 کو اداکار و ماڈل شہباز شگری سے منگنی کی تھی جس کی تصاویر دونوں نے اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کی تھیں۔
دونوں کی محبت کی شروعات فلم 'پرے ہٹ لَو' کے سیٹ پر ہوا تھا اور اسی وقت دونوں نے ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کردیا تھا۔
محبت کی قسمیں کھانے والی یہ جوڑی بھی شادی نہ کرسکی بلکہ اس منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی ستمبر 2022 کو دونوں نے منگنی باہمی رضامندی سے توڑ دی۔
صبا قمر اور عظیم خان:
صبا قمر جو تاحال کنواری ہیں 4 سال قبل شادی کرنے ہی والی تھیں کہ قسمت نے بازی پلٹ دی۔
صبا قمر کو گلوکار، بلاگر اور انفلوئنسر عظیم خان سے محبت ہوئی تھی جن سے سال 2021 میں شادی کے رشتے میں بندھنے کو تیار بھی تھیں لیکن عظیم خان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر متعدد لڑکیوں نے متنازع پوسٹس کیے۔
اس تنازع کے پیشِ نظر اداکارہ نے 2 اپریل 2021 کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں عظیم خان سے شادی کا ارادہ ترک کرنے کا اعلان کیا۔
بعدازاں عظیم خان نے انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس معاملے کی پوری ذمہ داری اپنے سر لی تھی اور صبا قمر کو ایک خوبصورت شخصیت کی مالکن قرار دینے کے علاوہ انکے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا تھا۔
جون 2023 میں عظیم خان نے شادی کرلی اور انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
جنت مرزا اور عمر بٹ:
ٹک ٹاکر جنت مرزا اور عمر بٹ کی کہانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ٹک ٹاک ویڈیوز کے بعد دوستی اور پھر محبت کے رشتے میں بندھنے کے بعد دونوں خاندانوں کی رضامندی سے 2021 میں بات پکی ہونا جہاں سب کی توجہ کا مرکز بنا وہیں چند ہی عرصے میں دونوں کا اپنی اپنی راہیں جدا کرلینا بھی کسی بڑے تنازع سے کم ثابت نہ ہوا۔
اگرچہ دونوں کی منگنی یا بات پکی کی تصاویر منظرِ عام پر نہیں آئی تھیں لیکن جنت مرزا نےایک بار نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’میری عمر بٹ کے ساتھ بات پکی ہوگئی ہے لیکن باقاعدہ طور پر منگنی نہیں ہوئی‘۔
یکم فروری 2023 کو ٹک ٹاکر جوڑی کے ٹوٹنے کی خبر منظرِ عام پر آئی۔ عمر بٹ نے بریک اپ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ' میرے خیال سے اب آپ سب کو معلوم ہوجانا چاہیے کہ میں اور جنت اب مزید ایک ساتھ نہیں ہیں، یہ ہم دونوں کا مشترکہ فیصلہ ہے'۔
دوسری جانب جنت مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ ’ہم نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا تھا لیکن وہ سب ٹوٹ گئے کیوں کہ وہ دوسری خواتین کی جانب سے ملنے والی توجہ کا عادی ہوگیا تھا'۔
علشبہ انجم اور عفان ملک:
جنت مرزا کی بہن علشبہ انجم بھی اس فہرست میں شامل ہیں کیونکہ انکی محبت بھی منگنی تک ضرور پہنچی لیکن شادی کے رشتے میں نہ بدل سکی۔
علشبہ انجم کو ساتھی ٹک ٹاکر عفان ملک سے محبت ہوگئی تھی اور دونوں ساتھ ویڈیوز بھی بناتے۔
محبت کے رشتے میں بندھنے کے بعد 2022 میں دونوں نے منگنی کی تھی جس کی تصاویر اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔
عفان ملک نے منگنی کے اگلے سال 2023 میں ٹک ٹاک کی دنیا کو خیرباد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ 'وہ اب ٹک ٹاک ویڈیوز نہیں بنائیں گے کیونکہ یہ گناہ کا کام ہے اور زندگی کا بھروسہ نہیں کہ وہ کب ختم ہوجائے۔
جولائی 2023 میں دونوں کی منگنی ٹوٹ گئی اور اس کا انکشاف عفان ملک نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ایک پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں صارف کے پوچھے جانے پر کیا کہ انکی علشبہ سے منگنی ٹوٹ گئی ہے۔
اپریل 2024 کو عفان ملک نے انسٹاگرام پر ہی اپنے دوسرے نکاح کا اعلان کرتے ہوئے چند تصاویر بھی جاری کیں لیکن اپنی منکوحہ کا چہرہ چھپائے رکھا جو آج تک چھپایا ہوا ہے۔








