فلم ماں؛ کاجول اجے دیوگن کی تخلیقی صلاحیتوں پر فریفتہ
کاجول نے مداحوں کو فلم کی اندرونی باتیں بتادی
بالی وڈ فلم انڈسٹری کی دلکش اداکارہ کاجول جو انڈسٹری کی سب سے زیادہ مشہور اداکاراؤں میں سے ایک ہیں اپنی آنے والی فلم 'ماں' کے ساتھ سینما اسکرینز پر ایک شاندار واپسی کے لیے تیار ہیں۔
فلم ماں کی پروموشن کے حوالے سے اداکارہ کاجول نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا جہاں انہوں نے مداحوں سے فلم کی شوٹنگ اور کہانی پر کھل کر بات کی۔
اجے دیوگن کی پروڈیوس کردہ فلم میں کاجول ایک طاقتور ماں کے کردار میں نظر آئیں گی جس کے حوالے سے ایک خصوصی انٹرویو میں کاجول نے فلم کے کلائمیکس کے بارے میں بات کرتے ہوئے اجے دیوگن کی فلم میں شمولیت کا انکشاف کردیا۔
بھرتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں میزبان نے کاجول سے فلم 'ماں' کے سیٹ سے وائرل ہونے والی ایک تصویر کے بارے میں پوچھا جہاں اجے دیوگن انہیں ایک کلائمیکس سین میں ڈائریکٹ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں ساتھ ہی میزبان نے کاجول سے یہ بھی پوچھا کہ اجے فلم میں تخلیقی طور پر کتنے شامل تھے۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے کاجول نےکہا کہ ‘جی وہ تصویر یہ شاید کلائمیکس کی ہے اور فلم میں تخلیقی طور پر اجے بالکل ہر جگہ موجود تھے کیونکہ وہ فلم کےپروڈیوسر ہیں لہذا وہ اسکرپٹنگ سے فلم کی مکمل شوٹنگ کا حصہ رہے ہیں‘۔
کاجول نے مزید کہا ‘اجے نے فلم کے کلائمیکس اور ایکشن کے کچھ مناظر کو شوٹ کیا اور یقیناً فلم میں VFX بھی ہے جو مکمل طور پر ایک مختلف معاملہ ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں آپ کو اندازہ نہیں ہوتا کہ VFX پر بیٹھنا کتنا بڑا کام ہے اور اجے اس کے بہت جنونی ہیں لیکن فلم کے ڈائریکٹر بلاشبہ وشال ہی ہیں اور ان کی قابلیت میں کوئی دو رائے نہیں ہے‘۔
فلم ماں کے بارے میں
فلم کے ٹریلر کا آغاز کاجول کی کار ڈرائیو سے ہوتا ہے جہاں وہ اپنی بیٹی کو ایک گھنے جنگل کے راستے سے لے جا رہی ہوتی ہیں اور بیٹی ماہواری کے درد کی شکایت کرتی ہے جس پر کاجول اُسے تسلی دیتی ہیں کہ وہ جلد رکیں گے اور سب ٹھیک ہو جائے گا۔
لیکن منصوبے کے مطابق کچھ نہیں ہوتا، کیونکہ اچانک ایک پراسرار سایہ کار کی کھڑکی پر زور سے ٹکراتا ہے، اس کے بعد ماں بیٹی کی جوڑی خود کو ایک انجان جگہ ’چندن پور’ میں پاتی ہے، جہاں ایک تاریک اور خوفناک باب کھلنے والا ہے۔
کاجول اپنی بیٹی کو سختی سے کہتی ہیں کہ بغیر اجازت باہر نہ نکلے لیکن پھر جلد ہی انہیں ایک منحوس درخت کے بارے میں معلوم ہوتا ہے جس کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ اس میں شیطانی روحیں بسی ہوئی ہیں۔
آگے چل کر فلم میں اداکار رونیت رائے کا کردار بھی سامنے آتا ہے جو انکشاف کرتا ہے کہ حالیہ مہینوں میں اسی مقام سے کئی لڑکیاں پراسرار طور پر غائب ہو چکی ہیں۔
ٹریلر ایک سنسنی خیز اور جذباتی ہارر کہانی کا وعدہ کرتا ہے جہاں ماں کی محبت اور قربانی شیطانی ظلم کے خلاف آخری ہتھیار بن جاتی ہے۔




