وائرل اسٹوریز

بیوی ہونے کے سوا عاطف کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، نادیہ حسین

شوہر کے کیس میں میرا نام لیا جارہا ہے جس سے میرا کوئی تعلق نہیں اداکارہ

Web Desk

بیوی ہونے کے سوا عاطف کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، نادیہ حسین

شوہر کے کیس میں میرا نام لیا جارہا ہے جس سے میرا کوئی تعلق نہیں اداکارہ

اداکارہ ویڈیو میں میڈیا پر برس پڑیں۔
اداکارہ ویڈیو میں میڈیا پر برس پڑیں۔

 اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے کراچی کی مقامی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری ملنے کے بعد میڈیا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا میرے شوہر کے فراڈ کیس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

نادیہ حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کر کے عدالت سے اپنی درخواست منظور ہونے اور اس کی وجہ سے آگاہ کیا۔

ویڈیو میں اداکارہ نے وضاحت دیتے ہوئے ذمہ دارنہ صحافت کرنے پر بھی زور دیا۔

اداکارہ نے کہا کہ 'مجھے امید ہے کہ خبروں سے آپ لوگوں کو پتا چل گیا ہوگا کہ مجھے عدالت کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری مل چکی ہے۔

اداکارہ نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 'مجھے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) پر ذرا بھی بھروسہ نہیں تھا اور بحیثیت مشتبہ فرد اگر وہ کوئی بھی اقدام اٹھاتے یا کسی بھی وجہ سے گرفتار کرنے یا تنگ کرنا چاہیں گے یا میرے شوہر کو میری گرفتاری کا بتا کر پریشان کرنے کی کوشش کرنا چاہیں تو اس لیے میں نے یہ ضمانت حاصل کرلی تھی۔

نادیہ کا کہنا تھا کہ 'ایف آئی اے عدالت میں اب واضح طور پر کہہ چکی ہے کہ ان کا مجھے گرفتار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا اور نہ ہی ہمارا انہیں بطور ملزم کیس میں شامل کرنے کا ارادہ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ ہر ایک اس بات کو سمجھے، خاص طور پر یہ جو جاہل قسم کے صحافی، جاہل قسم کے یوٹیوبرز، نام نہاد ٹیلی ویژن چینلز، جو اپنے آپ کو طرم خان سمجھتے ہیں، انہیں سمجھنا چاہیے کہ اس کیس میں میرے شوہر پر الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ میرا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میرا کوئی تعلق نہیں بس اتنی سی بات ہے کہ عاطف خان میرے شوہر ہیں، اور میرا نام لے کر جو عاطف خان کے کیس کو بڑھایا جارہا ہے، یہ بھی میری غلطی نہیں ہے، بدقسمتی سے حقیقت یہ ہے کہ میں ایک سیلیبریٹی ہوں'۔

اداکارہ نے کہا کہ 'عاطف خان کے نام کے ساتھ میرا نام لیا جارہا ہے، جس سے لوگ سمجھتے ہیں کہ میں اس کیس میں ملوث ہوں لیکن ایسا نہیں ہے'۔

انہوں نے واضح کیا کہ 'میرا میرے شوہر کے کیس سے کوئی تعلق نہیں، نہ ان کے کام سے کوئی لینا دینا تھا، وہ ان کا آفس تھا، ادارہ تھا جہاں وہ کام کرتے تھے، نہ ان کا میرے کام میں کوئی عمل دخل ہے نہ میرا کوئی تعلق ہے اس سب سے جو میرے شوہر کررہے تھے'۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ عدالت نے اس بات کو سمجھتے ہوئے مجھے ضمانت دے دی، آپ لوگ براہِ مہربانی ذمہ دارانہ صحافت کریں، اس بات کو سمجھیں کہ اس فراڈ کیس میں میری زیرو انوالومنٹ ہے۔

فراڈ کیس

یاد رہے کہ نجی بینک سیکیورٹیز میں 54 کروڑ روپے کی خرد برد کا معاملہ سامنے آنے پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے سابق سی ای او اور نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کو 08 مارچ 2025 کو گرفتار کرلیا تھا۔

ماڈل نادیہ حسین کے شوہر ملزم عاطف محمد خان کو بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مالیاتی دھوکا دہی میں ملوث پایا گیا تھا۔