جسٹن بیبر نے پاپارازیوں پر گالیوں کی بارش کردی
جسٹن بیبر کی پاپارازیوں سے تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی
گلوکار جسٹن بیبر جو پچھلے کچھ مہینوں سے میڈیا کی لائم لائٹ میں ہیں ، حال ہی میں کیلیفورنیا میں پاپارازیوں سے جھگڑ پڑے اور انہیں گندی گندی گالیاں دے ڈالیں۔
یہ واقعہ میلِبو کے سوہو ہاؤس کے باہر پیش آیا، جہاں کئی پاپارازی جسٹن کی تصویریں لے رہے تھے اور انہیں آوازیں دے رہے تھے۔
یہ سب اس قدر بڑھ گیا کہ جسٹن بیبر اور پاپارازیوں کے درمیان زبردست تلخ کلامی ہو گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں جسٹن بیبر اپنے سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ نظر آتے ہیں، وہ پاپارازیوں سے سخت لہجے میں بات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’آج ہم یہاں حدیں طے کریں گے، مجھے کسی سے ڈر نہیں، میں اپنی حد خود طے کرتا ہوں‘
پھر انہوں نے کہا کہ مجھے اکسانا بند کرو، میں ایک باپ ہوں، ایک شوہر ہوں، ایک مرد ہوں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کیمروں سے بچنے کے لیے ہاتھ سے اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کرتے ہیں اور پھر اچانک غصے میں چیخنے لگتے ہیں۔
ان کے سیکیورٹی گارڈز بھی پاپارازیوں کو پیچھے ہٹنے کو کہتے ہیں، جسٹن بیبر نے فوٹو گرافرز کو زور دیکر کہا کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جن کے ساتھ تم کھیل سکتے ہو، یہ حرکتیں بند کرو، آج مجھ سے بات کرنے کا تمہیں کوئی حق نہیں ہے۔
انہوں نے پاپارازیوں سے کہا کہ وہ ان کے دوست نہیں ہیں، اس لیے ان سے سوال کرنے کا کوئی حق نہیں رکھتے۔ ویڈیو میں وہ بار بار ’نہیں‘ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں تاکہ پاپارازی سوال نہ کریں۔
جب پاپارازی نے کہا کہ وہ سڑک پر کھڑے ہیں، جو کہ عوامی جگہ ہے اور انہیں حق ہے کہ وہ سوال کریں، تو جسٹن نے کہا کہ تم یہ ویڈیو بعد میں غلط انداز میں پیش کرو گے، جیسے ہمیشہ کرتے ہو، تم سمجھتے ہو میں بے وقوف ہوں؟ میں اب بس کر چکا ہوں، اب مجھے عزت دو،تم میری ناراضی کو بدتمیزی سمجھتے ہو لیکن یہ غصہ تمہاری بدتمیزی کی وجہ سے ہے۔
جسٹن بیبر نے مزید کہا کہ یہ لوگ ویڈیو اپلوڈ کریں گے اور اس پر کیپشن لگائیں گے کہ جسٹن نے ہوش کھو دیا۔
انہوں نے پاپارازیوں سے کہا کہ تم لوگ زبردستی سوال کرتے ہو، ویڈیوز غلط انداز میں چلاتے ہو اور اسے لوگوں کے خلاف استعمال کرتے ہو، یہ ظلم ہے،تم لوگوں کو جان بوجھ کر اکساتے ہو۔ تم سمجھتے ہو یہ سب کھیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوٹوگرافروں کی نوکریاں دوسروں کی زندگی کو نقصان پہنچا کر چلتی ہیں۔



