وائرل اسٹوریز

کرینہ کپور بنیں ’گڈ مارننگ پاکستان’ کی مہمان، ویڈیو وائرل

شائستہ لودھی کے ساتھ کرینہ کپور خان کا خصوصی انٹرویو

Web Desk

کرینہ کپور بنیں ’گڈ مارننگ پاکستان’ کی مہمان، ویڈیو وائرل

شائستہ لودھی کے ساتھ کرینہ کپور خان کا خصوصی انٹرویو

بھارت کی ’بیبو’ سے تو سب ہی واقف ہونگے جو کوئی نہیں بلکہ اداکارہ کرینہ کپور خان ہیں جن کی پاکستانی مارننگ شو ’گڈ مارننگ پاکستان’ میں خصوصی شرکت کی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

پرکشش شخصیت، باکمال اداکاری اور فیشن سینس سے بی ٹاؤن کی اے لسٹ حسیناؤں میں شمار ہونے والی اداکارہ کرینہ کپور نے  اپنے کرئیر کا آغاز فلم ‘ریفیوجی’ سے کیا لیکن کرن جوہر کی بلاک بسٹر فلم 'کبھی خوشی کبھی غم' میں اپنے کردار 'پو' کی ایسی چھاپ چھوڑی جسے آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔

جہاں انہوں نے ہلکے پھلکے کرداروں میں رنگ بھرے وہیں 'چنبیلی'، 'قربان'، 'تلاش'، 'لال سنگھ چڈھا'، 'اڑتا پنجاب' اور 'ہیروئن' جیسی فلموں میں سنجیدہ اداکاری کر کے بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

کرئیر سے ہٹ کے ازدواجی زندگی کی بات کریں تو کرینہ کپور خان نے اکتوبر 2012 میں سیف علی خان کے ساتھ شادی کی تھی اور اس جوڑے کے ہاں پہلے بیٹے تیمور کی پیدائش 2016 میں ہوئی۔بعدازاں انہوں نے 2021 میں اپنے دوسرے بیٹے جہانگیر عرف جے علی خان کو خوش آمدید کہا۔

گزشتہ سال کرینہ کپور اپنی آخری ریلیز ’دی بکنگھم مرڈرز‘ کے بعد دیگر نئے پراجیکٹس پر توجہ مرکوز کیے ہوئی ہیں جن میں ’سنگھم اگین’، ’دائرہ’ اور ایک پین انڈیا فلم شامل ہے جس کی ہدایت کاری ایک نامور ہدایتکار کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں انہیں سوشل میڈیا پر بھی کافی فعال دیکھا جاتا ہے جہاں وہ اپنی دلچسپ پوسٹنگ کے سبب فینز کیساتھ جڑی رہتی ہیں۔

ایسے میں ماضی کا ایسا کلپ سوشل میڈیا صارفین کی نظروں سے گزرا جو ہر دیکھنے والوں کو دنگ کرگیا۔

دراصل اس کلپ میں کرینہ کپور کو پاکستانی ٹیلی ویژن کے مارننگ شو ‘گڈ مارننگ پاکستان‘ میں بطور مہمان شرکت کرتے دیکھا گیا تھا جو پاکستان سمیت بھارتی فینز کو بھی ورطہ حیرت میں مبتلا کرگیا۔

جی ہاں سوشل میڈیا پر وائرل کلپ کے مطابق کرینہ کپور خان نے واقعی سال 2012 میں ’گڈ مارننگ پاکستان’ میں شرکت کی تھی اور اس وقت شو کی میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی تھیں جنہیں اس وقت شائستہ واحدی کے نام سے جانا جاتا تھا۔

کرینہ کپور کی یہ شرکت ایک یادگار شرکت مانی جاتی ہے کیونکہ وہ اپنی فلم ’ہیروئن’ کی پروموشن کے اس شو کی مہمان بنیں تھیں۔

یہ خصوصی انٹرویو پاکستان میں نہیں بلکہ دبئی میں ریکارڈ کیا گیا تھا  جہاں فلم کی شوٹنگ ہو رہی تھی۔

اس بے تکلف گفتگو کے دوران کرینہ نے نہ صرف دیسی ثقافت سے اپنی محبت کا اظہار کیا بلکہ اپنے فنی سفر پر بھی بات کی۔

 انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ،’میں تو پاکستانی ہونے کا تاثر دے سکتی ہوں’ اور انکا  یہ جملہ سرحد کے دونوں طرف موجود مداحوں کے دل کو چھو گیا۔

پاکستانی فینز کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس انٹرویو میں کرینہ کپور نے بتایا کہ ان کے شوہر سیف علی خان کے کچھ رشتے دار پاکستان میں مقیم ہیں جو انہیں فیملی کیساتھ پاکستان آنے کی دعوت بھی دیتے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ انٹرویو ان چند مواقعوں میں سے ایک ہے جب کسی بالی وڈ اسٹار نے براہ راست پاکستانی ٹیلی ویژن پر شرکت کی اور یہی وجہ ہے کہ یہ لمحہ آج بھی پاپ کلچر کی تاریخ میں ایک یادگار مقام رکھتا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ شائستہ لودھی کے بعد اب اس مارننگ شو کی شوسٹ ندا یاسر ہیں جو گزشتہ کئی سالوں سے میزبانی کے فرائض سرانجام دیتی نظر آرہی ہیں۔