ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک کی فروخت: صدر ٹرمپ نے ممکنہ خریدار کی تصدیق کر دی

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے چین میں قائم بائٹ ڈانس کو ہدایت کی تھی کہ وہ ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے فروخت کرے

Web Desk

ٹک ٹاک کی فروخت: صدر ٹرمپ نے ممکنہ خریدار کی تصدیق کر دی

اس سے قبل صدر ٹرمپ نے چین میں قائم بائٹ ڈانس کو ہدایت کی تھی کہ وہ ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے فروخت کرے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک کی خریداری کے لیے ممکنہ خریدار کی موجودگی کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں اس گروپ کی شناخت ظاہر کر دی جائے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صدر ٹرمپ نے فاکس نیوز کے پروگرام سنڈے مارننگ فیوچرز ود ماریا بارٹیرومو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹک ٹاک کے لیے ایک ایسا خریدار ملا ہے جو ’انتہائی دولت مند افراد پر مشتمل ایک گروہ‘ ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس ممکنہ معاہدے کے لیے چینی حکومت کی منظوری درکار ہو سکتی ہے، اور ان کے خیال میں چینی صدر شی جن پنگ اس کی منظوری دے سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے چین میں قائم بائٹ ڈانس کو ہدایت کی تھی کہ وہ ٹک ٹاک کے امریکی اثاثے فروخت کرے، اور اس کے لیے ڈیڈ لائن 17 ستمبر مقرر کی گئی تھی۔ تاہم، اگر اس وقت تک کوئی واضح پیش رفت نہ ہوتی تو قانون کے تحت امریکہ میں ایپ کی بندش لازمی قرار دی گئی تھی۔

اس سال کے آغاز میں ایک منصوبہ زیر غور تھا جس کے تحت ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو ایک نئی امریکی کمپنی کے تحت منتقل کیا جانا تھا، جس میں اکثریتی حصص امریکی سرمایہ کاروں کے پاس ہوتے۔ تاہم، صدر ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیرف کے اعلان کے بعد چین نے اس معاہدے کو منظور نہ کرنے کا عندیہ دیا، جس کے نتیجے میں یہ پیش رفت رک گئی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ٹک ٹاک کے لیے ایک ممکنہ خریدار موجود ہے۔ ممکن ہے ہمیں چین کی منظوری کی ضرورت ہو، اور مجھے امید ہے کہ صدر شی ایسا کر دیں گے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2024 میں منظور ہونے والے ایک امریکی قانون کے مطابق، اگر بائٹ ڈانس نے ٹک ٹاک کے امریکی اثاثوں کی فروخت 19 جنوری تک مکمل نہ کی یا اس میں کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہ کی گئی، تو کمپنی کو امریکہ میں اپنی سرگرمیاں بند کرنا ہوں گی۔

صدر ٹرمپ، جنہیں ٹک ٹاک کے ذریعے نوجوان ووٹروں میں پذیرائی ملی، اس ڈیڈ لائن میں اب تک تین مرتبہ توسیع دے چکے ہیں۔