ہالی ووڈ

آرنلڈ شوارزنیگر کی سلویسٹر اسٹالون سے دشمنی کی داستان

ہمارے تعلقات کبھی دوستانہ نہیں رہے، آرنلڈ شوارزنیگر

Web Desk

آرنلڈ شوارزنیگر کی سلویسٹر اسٹالون سے دشمنی کی داستان

ہمارے تعلقات کبھی دوستانہ نہیں رہے، آرنلڈ شوارزنیگر

فائل فوٹو:گوگل
فائل فوٹو:گوگل

ہالی وڈ کے لیجنڈری اداکار اور کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شوارزنیگر نے اعتراف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا تھا جب ان کے اور سلویسٹر اسٹالون کے درمیان شدید رقابت اور کشیدگی تھی، یہاں تک کہ وہ ایک دوسرے کو ناپسند کرتے تھے۔

آرنلڈ شوارزنیگر نے کہا کہ ہمارے تعلقات کبھی دوستانہ نہیں رہے، ہم ایک دوسرے کے حریف تھے اور یہ کشمکش کئی برسوں پر محیط رہی، ہم ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے۔

یاد رہے کہ 1980 کی دہائی میں آرنلڈ شوارزنیگر اور سلویسٹر اسٹالون دونوں ہالی ووڈ کے سب سے بڑے ایکشن ہیروز تصور کیے جاتے تھے۔

ان کا نام ہی فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا،فلمی دنیا میں ان کا غلبہ اتنا تھا کہ فلم ساز بھی انہیں ایک دوسرے کا متبادل نہیں بلکہ براہ راست مقابل تسلیم کرتے تھے۔

یہی پیشہ ورانہ رقابت وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی مخاصمت میں بدل گئی اور ان کے بیچ سرد جنگ سی کیفیت پیدا ہو گئی۔

آرنلڈ شوارزنیگر کے مطابق ہم ایک دوسرے کو اس قدر حریف سمجھتے تھے کہ کوئی بھی کامیابی دوسرے سے برداشت نہیں ہوتی تھی، ہم فلموں میں نہ صرف ایک دوسرے سے بہتر دکھنا چاہتے تھے بلکہ باکس آفس پر بھی برتری حاصل کرنا ہمارا مقصد بن چکا تھا۔

تاہم، یہ دشمنی اچانک ایک حیران کن موڑ پر ختم ہوئی، آرنلڈ شوارزنیگر نے بتایا کہ جب وہ رابرٹ ارل اور کیتھ پیریش کے ساتھ پلینٹ ہالی ووڈ نامی فرنچائز ریسٹورنٹس کے منصوبے پر کام کر رہے تھے تو انہیں اسٹالون کے وکیل کی جانب سے ایک فون کال موصول ہوئی۔

اس نے پوچھا کہ کیا اس کاروبار میں سلویسٹر کے لیے بھی کوئی جگہ ہے؟ میں نے سوچا، یہ تو دشمنی کو ختم کرنے اور ایک نئی شروعات کا بہترین موقع ہے، یہی سے ہماری دوستی کی بنیاد پڑی۔

1991 میں نیو یارک میں پلینِٹ ہالی وڈ ریسٹورنٹس کا باقاعدہ آغاز ہوا، جس میں آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر اسٹالون اور دیگر کئی معروف اداکاروں نے حصہ لیا، اس شراکت داری نے دونوں کے درمیان فاصلے کم کر دیے اور ایک دیرینہ پیشہ ورانہ دشمنی بالآخر دوستی میں تبدیل ہو گئی۔

بعد ازاں دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، جن میں Escape Plan اور The Expendables سیریز جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔

آرنلڈ شوارزنیگر کے بقول ہم نے دشمنی ختم کی اور ایک دوسرے کی عزت کرنا سیکھا، آج ہمارے درمیان وہی پرانی تلخیاں نہیں بلکہ احترام اور دوستی کا رشتہ ہے۔