اسرائیل کی حمایت میں امریکا نے بھی ایران پر حملہ کردیا
امریکہ نے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر حملے کردیے
اسرائیل کی حمایت میں امریکا نے بھی ایران کے خلاف جنگ میں شامل ہوکر ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر حملے کردیے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیا کہ امریکا نے ایران میں فردو، نطنز اور اصفہان جوہری تنصیبات پر ’انتہائی کامیاب حملہ‘ مکمل کر لیا ہے۔
اپنی پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام امریکی طیارے اب ایران کی فضائی حدود سے باہر نکل چکے ہیں۔
امریکی صدر نے لکھا کہ فردو نیوکلیئر سائٹ ہمارا مرکزی ہدف تھا اور اس پر مکمل بمباری کی گئی ہے اور یہ پلانٹ ختم کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام طیارے بحفاظت واپس آرہے ہیں، ہماری عظیم امریکی فوج کو مبارک ہو، دنیا کی کوئی اور فوج یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکتی تھی، اب امن کا وقت آگیا ہے، اس معاملے پر توجہ دینے کا شکریہ۔
ایک اور پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ رات 10 بجے وائٹ ہاؤس میں قوم سے خطاب کریں گے، جس میں وہ ایران میں امریکی فوج کی کامیاب کارروائی پر بات کریں گے۔
ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا ’ایران میں ہماری بہت کامیاب فوجی کارروائی کے حوالے سے قوم سے بات کروں گا، یہ امریکا، اسرائیل اور پوری دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، ایران کو اب اس جنگ کے خاتمے پر رضامند ہوجانا چاہیے'۔
حملے سے قبل ہی جوہری تنصیبات کو خالی کرالیا تھا، ایرانی حکام
دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی حملے سے قبل ہی جوہری تنصیات کو خالی کرالیا گیا تھا۔
ایرانی جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملے کے بعد ایک ایرانی عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن کے فضائی حملوں میں فردو جوہری سائٹ کو نشانہ بنایا گیا اور اصفہان اور نطنز جوہری سائٹس کے قریب بھی حملے کیے گئے۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکی حملے سے پہلے جوہری تنصیبات کو خالی کرایا گیا تھا اور نشانہ بنائے گئے سائٹس میں کوئی مواد نہیں تھا جو اخراج کا باعث بنے۔
امریکی حملوں کی تصدیق
دریں اثنا ایرانی ایٹمی توانائی ادارے نے ایک بیان میں جوہری سائٹس پر امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے فردو، نطنز اور اصفہان جوہری سائٹس کا نشانہ بنایا۔
ایرانی ایٹمی توانائی ادارے نے کہا کہ جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایران اپنےقومی صنعت کی ترقی روکنےکی اجازت نہیں دےگا۔
ایرانی ایٹمی توانائی ادارے نے کہا کہ اہم تنصیبات پر امریکی حملےکے باوجود ایران ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھےگا۔
نیتن یاہو کی ٹرمپ کو مبارکباد
دریں اثنا ایرانی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کو مبارک باد دی ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا صدر ٹرمپ کا جرات مندانہ فیصلہ تاریخ بدل دے گا۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن رائزنگ لائین میں اسرائیل نے حیرت انگیز کام کیا مگر ایران کی جوہری تنصیبات کے خلاف آج رات کی کارروائی کرکے امریکا نے وہ کر دکھایا جو دنیا کا کوئی اور ملک نہیں کر سکتا تھا۔
اب یا تو امن ہوگا یا پھر ایران کیلئے سانحہ ہوگا، ٹرمپ
ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اب یا تو امن ہوگا یا پھر ایران کے لیے سانحہ ہوگا۔
واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایاگیا، امریکا کا مقصد ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا اور ایران کی تنصیبات ختم کر دی گئی ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ آج رات کے اہداف سب سے مشکل تھے، بہت سے اہداف رہ گئے، امن نہ ہوا تو درستگی کےساتھ دیگر اہداف کے پیچھےجائیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو اب امن قائم کرنا چاہیے، امن قائم نہ کرنے کی صورت میں مستقبل کے حملے بہت زیادہ شدید ہوں گے اور اب یا تو امن ہوگا یا پھر ایران کے لیے سانحہ ہوگا۔





