بھارتی طیارہ کریش ہونے کیوجہ خاتون انجینئر کی یک طرفہ محبت؟
معمولی غلطی نے ملزمہ کا راز فاش کر دیا
بھارتی ریاست گجرات میں ایئر انڈیا کے ایک جہاز کے حادثے اور ملک بھر کے مختلف مقامات پر بم دھماکوں کی دھمکی آمیز ای میلز کے پیچھے چھپی ایک خطرناک اور افسوسناک داستان منظر عام پر آ گئی، جس کا مرکزی کردار ایک ذہین مگر شاطر دماغ خاتون نکلی جسکا نام رینی جوشلدا ہے۔
گزشتہ روز23 جون بروز پیر کو گجرات پولیس نے چنّئی سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ رینی جوشلدا کو گرفتار کر لیا، گرفتاری سے پہلے وہ مختلف جعلی ای میل اکاؤنٹس سے ایک کے بعد ایک 21 بم دھماکوں کی جھوٹی دھمکیاں بھیج چکی تھی، جن میں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم، بی جے میڈیکل کالج اور 2 اسکولوں سمیت ملک کی 12 ریاستوں کی مختلف لوکیشنز شامل تھیں۔
پولیس کے مطابق رینی جوشلدا ایک تربیت یافتہ روبوٹکس انجینئر اور چنّئی میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی 'ڈیلوئٹ' میں سینئر کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہی تھی، وہ ایک شخص دیویج پربھاکر سے محبت کرتی تھی، جس نے رواں برس فروری میں کسی اور سے شادی کرلی، اس بات نے رینی کو اس قدر توڑ دیا کہ اُس نے انتقام کی ٹھان لی اور دیویج کی زندگی برباد کرنے کا منصوبہ بنایا۔
رینی نے کئی ای میل اکاؤنٹس دیویج پربھاکر کے نام سے بنائے اور ان کے ذریعے بم دھماکوں کی جھوٹی دھمکیاں ملک بھر میں بھیجنا شروع کیں، پولیس کے مطابق اس نے اپنے ڈیجیٹل فُٹ پرنٹس چھپانے کے لیے وی پی این (VPN)، ڈارک ویب اور ورچوئل فون نمبرز کا استعمال کیا تاکہ پولیس اس تک نہ پہنچ سکے۔
اسی دوران دیویج سے منسوب ایک دھمکی آمیز ای میل میں رینی نے احمد آباد میں ایئر انڈیا طیارے کے حادثے کی ذمہ داری بھی قبول کی، جس میں لکھا تھا کہ 'ہم نے کل ایئر انڈیا کا طیارہ گرا دیا، تمہیں لگا تھا مذاق ہے، اب تم جان چکے ہو کہ ہم سنجیدہ ہیں'۔
یہ ای میلز اُس وقت کی گئیں جب جائے وقوع پر وی آئی پیز کے اہم دورے متوقع تھے، تاکہ خوف و ہراس پھیلے اور دیویج پربھاکر پر شکوک بڑھیں۔
علاوہ ازیں نریندر مودی اسٹیڈیم میں دھماکے کی 13 جھوٹی ای میلز موصول ہوئیں، جنیوا لبرل اسکول کو 4 بار اور دیویا جیوتی اسکول کو 3 بار ایسی ای میلز موصول ہوئیں، اسی طرح بی جے میڈیکل کالج کو بھی ایسی ہی ایک خطرناک ای میل بھیجی گئی۔
ایک ای میل میں لکھا گیا تھا کہ 'نریندر مودی اسٹیڈیم میں بم لگا دیا گیا ہے۔ بچا سکو تو بچا لو' جبکہ ایئر انڈیا حادثے کے بعد ایک اور ای میل میں لکھا گیا تھا کہ 'ہم نے طیارہ گرا دیا جیسا کہ کل اطلاع دی تھی، اب تم جان چکے ہو ہم مذاق نہیں کر رہے تھے'۔
احمد آباد سائبر کرائم پولیس نے طویل تکنیکی نگرانی اور مختلف ریاستوں کی پولیس کے ساتھ مشترکہ تعاون کے بعد آخرکار ایک چھوٹی سی غلطی کی مدد سے رینی جوشلدا کو اس کے چنئی میں واقع گھر سے گرفتار کرلیا۔
جوائنٹ کمشنر کرائم شرد سنگھل کے مطابق 'ملزمہ بہت ہوشیار تھی، اُس نے اپنا ڈیجیٹل فُٹ پرنٹ چھپانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن ایک معمولی غلطی نے اس کا راز فاش کر دیا، اب ہمارے پاس اُس کے خلاف واضح ڈیجیٹل اور تحریری شواہد موجود ہیں'۔
شرد سنگھل نے مزید کہا کہ رینی کی ایک طرفہ محبت نے نہ صرف ایک معصوم شخص کی زندگی کو خطرے میں ڈالا بلکہ ملک بھر کے شہریوں میں بے چینی اور خوف پھیلا کر انتظامیہ کو بھی اضطراب میں ڈال دیا تھا۔




