انفوٹینمنٹ

پریا سچدیو نے سنجے کپور کی کمپنی کی باگ دوڑ سنبھال لی

Web Desk

پریا سچدیو نے سنجے کپور کی کمپنی کی باگ دوڑ سنبھال لی

پریا سچدیو نے سنجے کپور کی کمپنی کی باگ دوڑ سنبھال لی

اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور صنعتکار سنجے کپور کی اچانک موت کے بعد ان کی بیوہ پریا سچدیو نے ان کے کاروبار کی باگ دوڑ سنبھال لی۔

سابق اداکارہ و ماڈل کو سنجے کپور کی کمپنی سونا کامسٹار کے بورڈ میں 'ایڈیشنل نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر' کے طور پر مقرر کرلیا گیا ہے۔

سنجے کی موت کے بعد لوگوں نے اس بات پر قیاس آرائیاں شروع کردی تھیں کہ ان کی کئی ہزار کروڑ کے بزنس والی کمپنی کون سنبھالے گا۔

اب کمپنی نے قیاس آرائیوں کو دور کردیا ہے، انہوں نے جیفری مارک اوورلی کو اپنا نیا چیئرمین مقرر کیا ہے جبکہ وویک وکرم سنگھ کمپنی کے سی ای او کے طور پر اپنے کردار کو جاری رکھیں گے۔

اس کے علاوہ سنجے کی اہلیہ پریا کو بورڈ میں ایک ایڈیشنل نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر (NED) کے طور پر شامل کیا گیا ہے، یہ ایک ایسا عہدہ ہے جو انہیں کمپنی کے روزمرہ کے امور میں شامل ہوئے بغیر کمپنی کو اسٹریٹجک سطح پر مشورہ دینے اور رہنمائی کرنے کی اجازت دے گا۔

کمپنی کی جانب سے اس تقرر کا نوٹ لنکڈ ان پر بھی پوسٹ کیا گیا۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

نوٹ میں کہا گیا کہ 'مسز پریا سچدیو کپور ایک کثیر جہتی انٹرپرینیور اور سرمایہ کار ہیں جن کا سفر براعظموں، صنعتوں اور آئیڈیاز پر محیط ہے، فی الحال وہ اوریئس انویسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ میں ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور اپنی سرمایہ کاری کی حکمت عملی کی تشکیل میں ایک فعال کردار ادا کرتی ہیں'۔

نوٹ میں مزید کہا گیا کہ 'ایک سابق انویسٹمنٹ بینکر اور لگژری ریٹیل کی بانی، پریا نے اپنے کریئر کا آغاز لندن میں کریڈٹ سوئس فرسٹ بوسٹن میں ایک M&A اینالسٹ کے طور پر کیا، جس کے بعد وہ آٹو موٹیو ریٹیل، انشورنس اور بعد میں ہائی فیشن میں وینچرز کی قیادت کرنے کے لیے ہندوستان واپس آئیں'۔

پریا نے یونیورسٹی کالج لندن سے میتھمیٹکس اور بزنس مینجمنٹ کے ڈبل میجر کے ساتھ بی ایس سی کر رکھا ہے۔

اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور شہزادہ ولیم کے قریبی دوست سنجے کپور 12 جون کو انگلینڈ میں پولو میچ کے دوران انتقال کر گئے تھے۔

ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ 53 سالہ سنجے پولو کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے دم توڑ گئے، ان کی آخری رسومات گزشتہ ہفتے دہلی میں ادا کی گئیں۔

سنجے نے تین بار شادیاں کی تھیں اور ان کے تین بچے تھے، ان کی پہلی شادی فیشن ڈیزائنر نندیتا مہتانی سے 1996 میں ہوئی اور چار سال تک چلی۔

اس کے بعد انہوں نے 2003 میں اداکارہ کرشمہ کپور سے شادی کی۔ جوڑے کے دو بچے تھے، سمیرا (19) اور کیان (13)، سال 2014 میں کرشمہ اور سنجے نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی اور 2016 میں ان کی طلاق کو حتمی شکل دی گئی۔

علیحدگی کے بعد، سنجے نے 2017 میں پریا سچدیو سے شادی کی، جوڑے کا ایک بیٹا ہے آزرئیس جو 2018 میں پیدا ہوا۔