سنجے کپور کی موت کے بعد کرشمہ کی پہلی پوسٹ منظرِ عام پر
اداکارہ نے سابقہ شوہر کے انتقال کے بعد سے خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔
بالی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے اپنے سابقہ شوہر اور اپنے دونوں بچوں کے والد سنجے کپور کی اچانک موت کے بعد پہلی مرتبہ لب کشائی کر ڈالی۔
اگرچہ اداکارہ کی سنجے کپور کے ساتھ طلاق کوئی خوشگوار معاملہ نہیں تھی لیکن بعد میں دونوں بچوں سمائرہ اور کیان کی پرورش کے لیے ان کے درمیان تعلقات بہتر ہوگئے تھے۔
کرشمہ اور سنجے کی طلاق کا معاملہ میڈیا میں خاصہ چرچوں میں رہا، اس دوران کرشمہ کی جانب سے سنجے پر گھریلو تشدد اور دوستوں کے ساتھ سونے پر مجبور کرنے جیسے الزامات لگائے وہیں سنجے نے دعوٰی کیا تھا کہ کرشمہ نے ان سے صرف پیسے کے لیے شادی کی تھی۔
دونوں نے سال 2014 میں طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور 2016 میں ان کی طلاق کو حتمی شکل دے دی گئی تھی۔
البتہ بعد میں دونوں کے تعلقات بہتر ہوگئے تھے اور کرشمہ اپنے بچوں کے ہمراہ سنجے اور ان کے خاندان کے ساتھ خوشگوار انداز میں نظر بھی آئیں۔
شاید یہی وجہ ہے کہ جب رواں ماہ 12 جون کو سنجے پولو کھیلتے ہوئے منہ میں شہد کی مکھی جانے کے سبب دل کا دورہ پڑنے سے اچانک انتقال کر گئے کرشمہ نے اپنے بچوں کے ساتھ ان کی آخری رسومات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
کرشمہ اپنے بچوں کیان اور سمائرہ کے ساتھ نہ صرف سنجے کی آخری رسومات میں شریک ہوئیں بلکہ اس کے بعد ان کے لیے منعقدہ دعائیہ تقریب میں بھی شرکت کے لیے بمبئی سے دہلی پہنچیں، اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی بہن کرینہ کپور اور بہنوئی سیف علی خان بھی موجود تھے۔
اگرچہ سنجے کی کرشمہ سے طلاق کو خاصہ عرصہ گزر چکا ہے اور سنجے اپنی تیسری بیوی پریا سچدیو کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزار رہے تھے تاہم بالی وڈ کی مشہور سلیبریٹی ہونے کے سبب کرشمہ کا ذکر سنجے کے ساتھ میڈیا اور سوشل میڈیا پرنمایاں رہا۔
اس موقع پر وہ جب جب بھی کیمروں کی زد میں آئیں دکھ کی کیفیت ان کے چہرے پر نمایاں تھی البتہ انہوں نے مکمل طور پر خاموشی اختیار کر رکھی۔
اسی مشکل وقت میں گزشتہ روز ان کی سالگرہ کا دن بھی آیا جب کرینہ نے ان کے لیے ایک نوٹ شیئر کیا جس میں کرشمہ اور سنجے کی تصویر شیئر کر کے لکھا تھا کہ یہ آپ دونوں کی وہ تصویر ہے جو مجھے سب سے زیادہ پسند ہے۔۔۔۔کائنات میں سب سے مضبوط اور بہترین لڑکی۔۔۔یہ سال ہمارے لیے مشکل رہا ہے'۔
کرینہ نے مزید لکھا کہ 'لیکن کیا تم جانتی ہو۔۔ وہ کہتے ہیں کہ مشکل وقت ہمیشہ نہیں رہتا۔۔۔پر مضبوط بہنیں رہتی ہیں ۔۔ میری بہن، میری ماں، میری بہترین دوست، سالگرہ مبارک ہو لولو۔۔
اب سنجے کی وفات کو 2 ہفتے سے زائد وقت گزر جانے کے بعد کرشمہ نے پہلی بار اپنا ردِ عمل دیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک سطر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ 'آپ سب کے محبت بھرے پیغامات اور سپورٹ کا بے حد شکریہ۔(ساتھ ہی سرخ دل اور ہاتھ جوڑنے کا ایموجی)۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سنجے کی موت کے بعد کرشمہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ کی گئی ہے۔
سنجے کی کرشمہ سے شادی 2003 میں ہوئی تھی، جس کے ایک سال بعد 2004 میں ان کے ہاں بیٹی سمائرہ اور 2014 میں بیٹے کیان کی پیدائش ہوئی تھی۔




