کن ملکوں کے لوگ سب سے زیادہ اور سب سے کم جیتے ہیں؟
کہاں کے لوگ سب سے طویل زندگی گزارتے ہیں ؟
کسی بھی ملک میں رہنے والے افرادکی زندگی کا معیار کیسا ہے اور انکی مجموعی صحت کیسی ہے؟ اس کا اندازہ واضح طور پر وہاں کے باشندوں کی زندگی کی توقع سے لگایا جاسکتا ہے۔ عالمی سطح پر اوسط زندگی کی توقع 2024 میں ایک اندازے کے مطابق 73سال تھی جس میں بتدریج اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے کیونکہ 2000میں اوسط زندگی کی توقع 66سال تھی تاہم بعض ممالک کے لوگ استثنائی طور پر طویل العمر دیکھے گئے ہیں۔ یہاں چارٹ میں ان سرفہرست 25ممالک کو نمایاں کیا گیا جہاں پیدائش پر اوسط زندگی کی توقع سب سے زیادہ تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ مردوں اور خواتین کی زندگی کی توقعات میں فرق بھی واضح کیا گیا ہے۔ یہ ڈیٹا اقوام متحدہ کی ’’ورلڈ پاپولیشن پراسپکٹس‘‘ سے ماخوذ ہے۔
کہاں کے لوگ سب سے طویل زندگی گزارتے ہیں ؟
زندگی کی توقعات کے لحاظ سرفہرست 25ملکوں کی اکثریت یعنی مجموعی طور پر 16ممالک براعظم یورپ میں ہیں۔ چھوٹا سا لیکن انتہائی مالدار ملک موناکو اس فہرست میں سب سے اوپر ہے جہاں کے رہنے والے اوسطاً 86.5سال کی زندگی گزارتے ہیں جب کہ موناکو کی خواتین 88سال سے بھی زیادہ عرصہ زندہ رہتی ہیں۔ جن ملکوں میں لوگ سب سے طویل زندگی گزارتے ہیں ان میں سے اکثر ممالک علاج معالجے پر فی کس زیادہ رقم خرچ کرتے ہیں جس سے لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں تک آسان رسائی ممکن ہوتی ہے۔
موناکو کے بعد سان مارینو میں اوسط زندگی کا دورانیہ 85.8سال اور ہانگ کانگ میں 85.6 سال ہے۔ ان مقامات پر زندگی کا معیار اور علاج معالجے کا نظام بہترین ہے۔ ایشیا کے جن دیگر ملکوں کے لوگ طویل العمر ہوتے ہیں، ان میں جاپان، جنوبی کوریا اور سنگاپور شامل ہیں اور اس طرح سرفہرست 10ملکوں میں سے چار ممالک کا تعلق براعظم ایشیا سے ہے۔ علاوہ ازیں اس فہرست میں چھوٹے یورپی ممالک بھی زیادہ ہیں۔ زیادہ آمدنی والے ممالک مثلاً آندورا، سوئٹزرلینڈ، لیخ ٹینسٹین، مالٹا اور ویٹیکین اس حوالے سے بھی عالمی شہرت رکھتے ہیں کہ وہاں جرائم کی شرح بہت کم ہے اور زندگی کا معیار بلند ہے۔ یورپ اور ایشیا سے باہر آسٹریلیا وہ واحد ملک ہے جو ٹاپ10 ممالک میں جگہ بنا سکا ہے جہاں زندگی کی اوسط توقع 84.1 سال بتائی گئی ہے۔
کیا خواتین زیادہ عرصہ جیتی ہیں؟
سب سے زیادہ طویل عرصہ زندگی گزارنے والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہر ملک کی خواتین مردوں سے زیادہ طویل زندگی بسرکرتی ہیں۔ ان تمام 25ملکوں میں خواتین مردوں کی نسبت اوسطاً 4سال زیادہ جی لیتی ہیں۔ صنفی لحاظ سے زندگی کی توقعات میں یہ فرق زیادہ نمایاں فرانس میں 5.6سال ، جنوبی کوریا (6.0سال) اور جاپان میں (6.1 ) سال دیکھا گیا ہے۔
صنف کے لحاظ سے اس فرق کی بڑی وجہ حیاتیاتی اور رویہ جاتی عوامل ہیں۔ نوزائیدہ بچوں اور کم عمر نوجوانوں میں بچیوں کی نسبت شرح اموات زیادہ بلند دیکھی جاتی ہے جبکہ خواتین ان منفی عادات و اطوار کو اپنانے میں مردوں سے پیچھے رہتی ہیں جن سے صحت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ مثلاً شراب، سگریٹ نوشی، غیر متحرک طرز زندگی وغیرہ۔
سب سے کم زندگی کی توقع والے ممالک
کسی بھی ملک کی اوسط زندگی کی توقع کا انحصار مجموعی طور پر اقتصادی ترقی کے ثمرات، زندگی کے معیار، علاج معالجے کے نظام اور دیگر مختلف عوامل پر ہوتا ہے جو اجتماعی بھلائی اور خوشحالی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ عالمی سطح پر زندگی کی توقعات میں گہرا فرق، زیادہ آمدنی اور کم آمدنی والے ملکوں میں نظر آتا ہے۔ نیچے کے انفوگرافک میں اقوام متحدہ کے ورلڈ پاپولیشن پراسپیکٹس پورٹل کے ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے دنیا کے ان 25ملکوں کو واضح کیا گیا ہے جہاں زندگی کی توقعات سب سے کم نوٹ کی گئی ہیں۔ ان 25ملکوں میں سے 24کا تعلق براعظم افریقہ سے ہے۔
ان میں سے بہت سے افریقی ممالک دنیا کے سب سے کم ترقی یافتہ ملکوں میں بھی شامل ہیں۔ نائجیریا میں اوسطاً لوگ54.6 سال زندگی گزارتے ہیں جو موناکو کے مقابلے میں، جہاں کے لوگ سب سے طویل زندگی گزارتے ہیں، تقریباً 32سال کم ہے۔ نائجیریا اگرچہ افریقہ کی بڑی اقتصادی قوتوں میں شامل ہے لیکن یہاں کے لوگوں کی زندگی مختصر ہونے وجہ یہ ہے کہ یہاں مختلف بیماریاں پھیلتی رہتی ہیں، غربت کی شرح بہت بلند ہے اور مناسب انفرااسٹرکچر کی شدید کمی ہے۔ وسطی افریقہ میں چاڈ بھی وہ ملک ہے جہاں کے لوگ پوری دنیا میں سب سے کم زندہ رہتے ہیں۔
یہاں کے لوگوں کی اوسط زندگی کی توقع 55.2سال ہوتی ہے۔ اس خطے کے دیگر ممالک مثلاً وسطی افریقی جمہوریہ اور جنوبی سوڈان میں بھی مسلسل سیاسی عدم استحکام اور علاج معالجے کی بنیادی سہولتوں تک محدود رسائی کے باعث لوگ کم عرصہ جی پاتے ہیں۔ افریقہ کے 24ملکوں کے علاوہ صرف ناؤرو، اس سے باہر بحرالکاہل کا ایک جزیرہ ملک اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے جو دنیا کے مختصر ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔ علاوہ ازیں اس فہرست میں شامل تمام ملکوں کی خواتین ماسوائے گنی کے مردوں سے زیادہ جیتی ہیں۔ موزمبیق کی خواتین اورمردوں میں زندگی کی توقعات کا سب سے نمایاں فرق دیکھا گیا ہے جہاں خواتین مردوں کی نسبت اوسطاً 6.2 سال زیادہ عرصہ زندہ رہتی ہیں۔
افریقہ میں زندگی کی توقع بہتر ہوئی ہے؟
افریقہ کے کچھ ملکوں میں اگرچہ زندگی کی توقع کے اعداد و شمار خطرناک حد تک کم ہیں تاہم مجموعی طور پر اس براعظم میں اس حوالے سے کچھ بہتری دیکھنے میں آتی ہے۔ 2000 ء میں ان افریقی ملکوں میں زندگی کی اوسط توقع 53.7 سال تھی جو 2023میں بڑھ کر 63.8سال ہوگئی ہے۔ مزید برآں اس براعظم کے کچھ ممالک کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کررہی ہے جن میں جنوبی سوڈان اور نائجیریا بھی شامل ہیں، اس کے باوجود ان ملکوں میں زندگی کی توقع بدستور کم ہے۔ معاشی افزائش اور انفرااسٹرکچر کی ترقی کے روشن امکانات کے پیش نظر افریقہ کی زندگی کی توقع 2035 ء تک 66سال اور 2050ء تک 68سال تک بڑھنے کی توقع ہے ۔ پھر بھی یہ مدت عالمی اوسط سے کم رہے گی۔



