امیتابھ بچن کو حادثے کا شکار دیکھنے والی اداکارہ کا خواب سچ
اگلے ہی دن سپر اسٹار اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے تھے
خواب کبھی کبھی حقیقت کا روپ دھار لیتے ہیں، ایسا ہی کچھ بھارتی اداکارہ کیساتھ بھی ہوا جب انہوں نے سپر اسٹار امیتابھ کو خواب میں دیکھا کہ وہ ایک حادثے میں مبتلا ہیں اور اگلے ہی دن بگ بی اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ لڑتے نظر آئے۔
جی ہاں یہ صرف ایک کہانی نہیں بلکہ حقیقت ہی جسکا انکشاف خود اداکار نے کیا۔اور یہ اداکارہ کوئی اور نہیں بلکہ سمیتا پاٹل ہیں جنہوں نے حادثے سے قبل پیشگی اطلاع کردی تھی۔
یہ سب اس وقت ہوا جب امیتابھ بچن اپنی سپر ہٹ فلم ’قلی’ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ اور اتنے سال گزرنے کے بعد آج بھی یہ حادثہ اور اس فلم کی شوٹنگ سے جڑا واقعہ نہ صرف امیتابھ بچن کے چاہنے والوں بلکہ انڈسٹری میں بھی ایک تکلیف دہ یاد کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے امیتابھ بچن بتاتے ہیں کہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران انکے ساتھ جان لیوا حادثہ پیش آیا تھا اور اس حادثے سے صرف ایک دن پہلے انہیں اداکارہ کی پراسرار کال موصول ہوئی۔
امیتابھ بچن نے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ،’میں بنگلور میں فلم 'قلی' کی شوٹنگ کر رہا تھا۔ رات کے تقریباً دو بجے میرے ہوٹل روم میں کال آئی۔ ریسیپشنسٹ نے بتایا کہ سمیتا پاٹل فون پر ہیں، انکا نام سن کر میں حیران رہ گیا کیونکہ اس وقت تک میری ان سے کبھی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔
وہ بتاتے ہیں کہ اس وقت مجھے لگا شاید کوئی اہم بات ہوگی اس لیے میں نے کال ریسیو کی۔ لیکن اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے میرے بارے میں ایک خوفناک خواب دیکھا ہے۔
بگ بی کے مطابق، جیسا خواب سمیتا پاٹل نے فون پر بتایا تھا اگلے ہی دن شوٹنگ کے دوران میرے ساتھ وہ خوفناک حادثہ پیش آیا، جس میں میری جان بال بال بچی۔
سمیتا سے فون پر ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے بگ بی نے بتایا کہ،’کال پر سمیتا نے پہلے میری خیریت دریافت کی مجھ سے پوچھا کہ کیا میں ٹھیک ہوں؟ میری طبیعت کیسی ہے؟
جسکے جواب میں میں نے بتایا کہ میں بالکل خیریت سے ہوں۔ تب سمیتا نے کہا کہ انہوں نے ایک بہت برا خواب دیکھا ہے جس میں وہ مجھے تکلیف میں دیکھ رہی تھیں۔
بس یہی وہ الفاظ تھے جسکے بعد امیتابھ کیساتھ اگلے ہی روز حادثہ پیش آگیا جس نے انکی زندگی بدل کر رکھ دی۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ 26 جولائی 1982 کو پیش آیا جب امیتابھ بچن فلم کیلئے اداکار پُنیِت کیساتھ لڑائی کا سین فلمارہے تھے۔اس سین میں پُنیِت کو امیتابھ کے پیٹ پر مکا مارنا تھا، لیکن امیتابھ نے جمپ لگاتے ہوئے غلط اندازہ لگا لیا اور ایک میز پر جا گرے۔اس حادثے میں امیتابھ کو شدید اندرونی چوٹیں آئیں، اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
امیتابھ بچن کی حالت اس قدر خراب ہو گئی تھی کہ ڈاکٹروں نے انہیں کئی منٹوں تک کلینکلی مردہ قرار دے دیا تھا۔ انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا اور ان کی زندگی بچانے کے لیے انہیں 200 افراد کے خون سے 60 بوتلیں دی گئیں۔
یہ ایک ایسا لمحہ تھا جس نے نہ صرف بالی وڈ انڈسٹری کو لرزا دیا بلکہ ان کے کروڑوں مداحوں کو بھی بےچین کر دیا۔لیکن امیتابھ بچن نے معجزاتی طور پر صحت یاب ہو کر واپسی کی، اور آج بھی وہ اپنی محنت، عزم اور حوصلے کی زندہ مثال ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ سمیتا کی اس کال اور خواب کو آج بھی ایک روحانی اشارہ سمجھا جاتا ہے، جس نے آنے والے خطرے کی پیشگی خبر دی تھی۔



