ڈراما ’جنت سے آگے’ کی کہانی ندا یاسر کی اصل کہانی سے متاثر؟
ندا یاسر کا بڑا دعویٰ
سال 2023 میں جیو انٹرٹمنٹ پر نشر ہونے والا ڈراما سیریل ’جنت سے آگے’ تو سب نے ہی ضرور دیکھا ہوگا۔
عمیرہ احمد کے تحریر کردہ اس ڈرامے کی کاسٹ میں کبریٰ خان، گوہر رشید، صبور علی، طلحہ چہور اور رمشا خان سمیت دیگر اداکار شامل تھے، جبکہ اس کی کہانی ایک مارننگ شو ہوسٹ اور انکی نجی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو صرف ریٹنگ کی غرض سے جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں اور لوگوں کے جذبات سے کھیلتے ہیں۔
لیکن کیا یہ کہانی حقیقت پر مبنی ہے؟ ایسا ہی انکشاف اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے اپنے شو میں کرکے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔
مارننگ شو میں ندا نے تصدیق کی ہے کہ ڈرامہ سیریل ’جنت سے آگے’ دراصل ان کی اپنی زندگی کی کہانی پر مبنی تھا جسے لوگ اب تک صرف ایک اسکرین پلے یا کہانی کا ایک پہلو سمجھتے رہے۔
واضح رہے کہ اس ڈرامے میں ایک ایسی عورت کی زندگی دکھائی گئی تھی جو مارننگ شو ہوسٹ بننے کے لیے سخت محنت کرتی ہے، کامیابی حاصل کرتی ہے، اور پھر وہی شہرت اس کی زندگی کو کس طرح بدل دیتی ہے ۔
مذکورہ کلپ میں ندا بھی ہوبہو وہی کہانی بیان کررہی ہیں جو اس ڈرامے میں دکھائی گئی تھی، ڈرامہ ’جنت سے آگے’ میں ایک منظر دکھایا گیا تھا جس میں جنت کو پتہ چلتا ہے کہ اس کی ملازمہ اور اسسٹنٹ دراصل اس کے گھر سے چیزیں چرا رہی ہے۔
اس معاملے کا انکشاف ہونے کے بعد وہ اس ملازمہ کی رہائش گاہ پر جاتی ہے اور وہاں سے اپنی بہت سی چیزیں واپس حاصل کرتی ہے۔
دیکھا جائے تو یہ سب کچھ حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا گیا تھا جسے اب ندا یاسر کے دعوے کے بعد ناظرین اب اس ڈرامے کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے لگے ہیں۔
اس منظر اور ندا یاسر کی کہانی کو جوڑا جائے تو یہ دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ یہ منظر محض تخیل نہیں بلکہ ندا یاسر کی حقیقی زندگی سے متاثرتھا، اور یہ واقعہ انہی کے ساتھ پیش آیا تھا۔
اپنے شو میں ندا یاسر نے بتایا کہ جب ان کے بیٹے بالاج کی پیدائش ہوئی تھی، تو وہ اس وقت بھی لائیو مارننگ شوز کر رہی تھیں، اس لیے انہوں نے ایک فلپائنی ملازمہ کو نوکری پر رکھا تاکہ گھر کے کاموں میں مدد مل سکے۔
کچھ عرصے بعد ندا کو شک ہوا کہ ان کے گھر سے چیزیں چوری ہو رہی ہیں۔ جب انہوں نے چھان بین کی اور ملازمہ کے گھر پہنچیں، تو وہاں سے ان کے گھر کا سامان سے بھرے تین بڑے سوٹ کیس برآمد ہوئے۔
ندا نے بتایا کہ،‘اسی طرح انہوں نے اپنا سارا سامان واپس حاصل کیااور یہی منظر ڈرامہ ’جنت سے آگے’ میں جنت کے کردار کے ساتھ بھی دکھایا گیا’۔


