پریش راول کی 'ہیرا پھیری3' میں واپسی
اداکار نے خود تمام مسائل حل ہونے کی تصدیق کردی
بالی وڈ کی مشہور ترین کامیڈی فرنچائزز میں سے ایک 'ہیرا پھیری' کے مداح طویل عرصے سے اس کا تیسرا پارٹ دیکھنے کے لیے بے تاب تھے اور جب رواں برس ہیرا پھیری 3 کی میکنگ کی خبریں سامنے آئیں تو ان کی خوشیوں کا کوئی ٹھکانا نہیں رہا۔
تاہم شائقین کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ہیرا پھیری کے تین مرکزی کرداروں میں سے ایک بابو بھیا کا کردار ادا کرنے والے پریش راول نے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے فلم چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
رپورٹس کے مطابق انہوں نے نہ صرف فلم سے متعلق معاہدے پر دستخط کرلیے تھے بلکہ ایک پرومو بھی شوٹ کروالیا تھا۔
فلم کو اچانک چھوڑنے کے اعلان کے بعد اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی نے انہیں 25 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس جاری کیا تھا جس کے جواب میں انہوں نے نہ صرف فلم کی مد میں لی گئی رقم لوٹائی بلکہ اس پر بننے والے سود کی ابھی ادائیگی کردی تھی۔
عام شائقین کے ساتھ ساتھ بالی وڈ اسٹارز نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بابو بھیا کے بغیر ہیرا پھیری کا تصور نہیں کرسکتے، تاہم اب تمام ہیرا پھیری کے تمام شائقین کے لیے کچھ اچھی خبر ہے!
اب پریش راول ہیرا پھیری 3 میں بابو بھیا کے طور پر واپس آگئے، کہتے ہیں کہ معاملات حل ہو گئے ہیں۔
پریش راول نے جب سے ہیرا پھیری 3 سے علیحدگی اختیار کی وہ تب سے سرخیوں میں ہیں۔ تاہم اب چیزیں دوبارہ پٹری پر آ گئی ہیں کیونکہ اداکار نے اکشے کمار اور پروڈکشن بینر کے ساتھ اپنے تمام مسائل حل کر لیے ہیں۔
ہمانشو مہتا شو میں ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں، پریش راول نے بدنام زمانہ تنازع پر کھل کر انکشاف کیا کہ اب معاملات اپنی جگہ پر ہیں۔
پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ ‘میرا یہ ہے کی جب چیز اتنی زیادہ لوگوں کو بھاتی ہے تو آپ کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے، یہ ناظرین کے لیے ہماری ذمہ داری ہے، کیونکی آڈیئنس بیٹھی ہے اتنا پیار کرتی ہے، آپ چیزوں کو معمولی نہیں سمجھ سکتے، محنت کر کے انکو دو'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'تمام مسائل حل ہو چکے ہیں، تو میرا یہ ہے کے بھیا سب آئے ساتھ میں سب محنت کریں، بس اور کچھ نہیں. حل ہو گیا. ہوا کچھ نہیں ہے! یہ سب حل ہو گیا ہے'۔
اداکار نے مزید کہا کہ ہیرا پھیری 3 بڑی اسکرینوں پر 100 فیصد واپس آئے گی، انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ 'پہلے بھی آنے ہی والی تھی لیکن کیا ہے کی ایک دوسرے کو تھوڑا ٹھیک کرنا پڑتا ہے۔۔سب سے پہلے، یہ سب تخلیقی لوگ ہیں۔۔ جیسے پریا درشن ہے، اکشے ہے یا سنیل ہے، وہ سب کئی سالو سے دوست ہیں۔
اب جبکہ اداکار نے خود فرنچائز میں واپسی کی تصدیق کردی، شائقین ہیرا پھیری 3 کے تینوں مرکزی اداکار، اکشے کمار، پریش راول، اور سنیل شیٹی کے ساتھ ایک زبردست مووی کی توقع کر رہے ہیں، جس کی قیادت پریا درش کررہے ہیں۔




