انفوٹینمنٹ

عالیہ اور رنبیر کی محبت کا آغاز کب اور کہاں ہوا؟

Web Desk

عالیہ اور رنبیر کی محبت کا آغاز کب اور کہاں ہوا؟

عالیہ اور رنبیر کی  محبت کا آغاز کب اور کہاں ہوا؟

 کیا آپ جانتے ہیں کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی محبت کا آغاز کب اور کہاں ہوا تھا؟ آپ کو یہ جان کر حیرانی ہو گی کہ یہ لو اسٹوری شادی سے چند برس قبل نہیں بلکہ اس وقت شروع ہو گئی تھی جب دونوں نے اداکاری کا آغاز بھی نہیں کیا تھا۔

عالیہ بھٹ سے افیئر اور شادی سے بہت پہلے رنبیر کپور کا نام دیپکا پڈوکون، کترینہ کیف اور سونم کپور جیسی کئی اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا گیا تھا، لیکن پھر رنبیر کی زندگی میں عالیہ کی انٹری ہوئی جس کے بعد دونوں نے کبھی بھی ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے افیئر کے چرچے اس وقت شروع ہوئے جب دونوں نے 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم’برہمستر‘ سائن کی تھی، خبریں آنے لگیں کہ اس فلم کی شوٹنگ کے وقت سے ہی دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔ اس کے بعد جب عالیہ اور رنبیر سونم کپور کی شادی میں ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے پہنچے تو افیئر کی خبریں مزید گرم ہو گئیں۔

پھر عالیہ کو کپور خاندان کے کئی فیملی فنکشنز میں دیکھا گیا، یہی نہیں بلکہ اداکارہ ششی کپور اور رشی کپور کی موت کے بعد بھی کپور خاندان کے غم میں شریک نظر آئیں تھیں یہ دونوں واقعات رنبیر اور عالیہ بھٹ کی شادی سے پہلے پیش آئے تھے۔

اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ رنبیر اور عالیہ کی پہلی ملاقات کہاں ہوئی تھی؟ لیکن اس سے پہلے آپ کو یہ بتا دیں کہ عالیہ بھٹ نے اپنی پہلی فلم کی ریلیز سے قبل ہی رنبیر کپور سے اپنی محبت کا انکشاف کر دیا تھا، یاد رہے کہ عالیہ بھٹ نے سنہ 2012 میں فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا۔

اداکارہ عالیہ بھٹ اپنی پہلی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کی تشہیر کے لیے ٹی وی شو کافی ود کرن شریک ہوئی تھیں جہاں انہوں نے کئی بار رنبیر کپور کا نام لیکر اپنی محبت ظاہر کردی تھی، ہوا یوں کہ کرن جوہر نے عالیہ سے ایک سوال پوچھا کہ’آپ اپنی شادی کے سویمبر میں کن تین اداکاروں کو دیکھنا چاہیں گی؟‘ جس کے جواب میں اداکارہ نے سب سے پہلے رنبیر کپور کا نام لیا اور اُس کے بعد سلمان خان اور آدتیہ رائے کپور کا انتخاب کیا۔

کرن جوہر نے عالیہ بھٹ سے مزید دو سوالات کیے جس کے جواب میں بھی عالیہ نے رنبیر کپور کا نام لیا، اس میں سے عالیہ سے ایک سوال یہ پوچھا گیا تھا کہ آپ کس سے شادی کرنا چاہیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ پہلی ہی نظر میں رنبیر کپور پر فدا ہو گئی تھیں، ان کی محبت کی کہانی نامور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کے سیٹ پر شروع ہوئی تھی، جس کا انکشاف خود عالیہ بھٹ نے ایک انٹرویو میں کیا تھا۔

دوران انٹرویو اداکارہ نے بتایا تھا کہ میں نے رنبیر کپور کو پہلی بار سنہ 2005 میں دیکھا تھا اور اس کے بعد مجھے پہلی بار رنبیر پر کرش ہو گیا تھا۔ عالیہ نے مزید بتایا کہ’جب میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’بلیک‘ کے لیے آڈیشن دے رہی تھی تو رنبیر وہاں بطور اسسٹنٹ کام کر رہے تھے اور جب انہیں دیکھا تو اپنا دل ہار بیٹھی تھی۔

خیال رہے کہ عالیہ اور رنبیر اپریل 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے جس کے بعد 6 نومبر کو اس جوڑی کے گھر بیٹی ’راحا‘ کی پیدائش ہوئی تھی۔

تازہ ترین