شیفالی زری والا کی موت پر مفتی طارق مسعود کا سبق آموز بیان
غیرمسلم کی موت پر دعا مانگنا ممنوع ہے، مفتی طارق مسعود
بھارتی اسٹار شیفالی زری والا کی اچانک موت کے گرما گرم موضوع پر معروف مذہبی اسکالر و مفتی طارق مسعود کا تبصرہ وائرل ہوگیا۔
مفتی طارق مسعود ان دنوں یوٹیوب و سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چھائے ہوئے ہیں اور اسکی وجہ انکا حالاتِ حاضرہ پر تبصرہ کرنا ہے۔
مفتی طارق مسعود کے وعظ کی ویڈیوز یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ ہوتی ہے جس میں وہ نہ صرف دینی تعلیم دیتے ہیں اور معاشرتی و سیاسی مسائل پر بات کرتے ہیں بلکہ سوشل میڈیا پر وائرل میمز پر بھی تبصرے کرتے دکھتے ہیں۔
مفتی طارق مسعود کے ایک نئے وعظ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے جس میں انہوں نے ان دنوں بالی وڈ میں تہلکہ مچانے والی خبر یعنی شیفالی زری والا کی اچانک موت پر اظہارِ خیال کیا۔
گیت 'کانٹا لگا' کے ریمکس ورژن سے شہرت کے ساتوے آسمان پر پہنچنے والی شیفالی زری والا 27 جون کی رات اچانک دل کا دورہ پڑنے سے صرف 42 سال کی عمر میں دنیا کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ گئیں۔
حسین، جوان اور تندرست نظر آنے والی شیفالی زری والا کی اچانک موت سے انکے فینز اور ساتھی ستاروں کو شدید صدمہ پہنچا اور اس خبر پر یقین کرنا بھی انکے لیے مشکل تھا۔
شیفالی زری والا اپنی فٹنس کی وجہ سے ہی پہچانی جاتی تھیں، وہ ہر روز جم جاتی تھیں، ورزش کرتی تھیں اور مختلف وزن گھٹانے اور اینٹی ایجنگ پروسیجرز کروا رہی تھیں۔
شیفالی کی اچانک موت نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور اس موضوع پر تبصرہ کرنے والوں میں صرف بھارتی نہیں بلکہ پاکستانی سیلیبریٹیز بھی شامل ہیں۔
ہر موضوع پر تبصرہ کرنے والے طارق مسعود نے بھی شیفالی زری والا کی اچانک موت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارت کی ایک مشہور اداکارہ کی موت ہوگئی، بتانے والے بتارہے تھے کہ بہت مشہور تھی اور دنیا میں اسکے بڑے گانے چلے، تو میں نے کہا کہ اس کی موت دیکھ کر لوگوں کو تو بڑی عبرت ہوئی ہوگی کہ اتنی شہرت کمائی اس نے اور وہ شہرت منٹوں میں خاک میں مل گئی، ہندو تھی تو اسکو تو جلایا گیا ہوگا اس کو دیکھ کر تو مزید عبرت ہوئی ہوگی کیونکہ اداکارہ تھی خوبصورت تو ہوگی اس کو جلا کر اسکی خاک بنادی گئی اس راکھ کو دیکھ تو ہندوؤں کو عبرت ہوئی ہوگی کہ یہ انسان کی حقیقت ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'لیکن عبرت کی آنکھیں انسان کی اندھی ہوچکی ہیں، لوگ بتارہے ہیں کہ عبرت کے بجائے اسکے ایصالِ ثواب کیلئے اسکے گانے چلائے جارہے ہیں کہ محترمہ ایسے ناچتی تھیں، ایسے گاتی تھیں، یہ انکی مشہور فلمیں ہیں، اس سے اسکی راکھ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اسکو دیکھ کر تمام اداکار اور اداکارائیں عبرت لیتے کہ اتنی فٹنس کے بعد اسکا ہوا کیا کیونکہ وہ میں نے سنا ہے کہ ایک اداکارہ ہے جس کے صرف میک اپ پر ایک سال میں دو کروڑ لگتے ہیں، تاکہ دکھنے میں حسین نظر آئے، جب تک ان میں اٹریکشن ہوتی ہے تو دنیا سلیوٹ کرتی ہے، دنیا واہ واہ کرتی ہے، رُک کر آٹوگراف لیتی ہے، لوگ انکے ساتھ سیلفی لیتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'اب لو نا اس خاک کے ساتھ سیلفی، اب ملو نا اس سے جاکر، غیر مسلموں کے ہاں تو مرنے کے بعد کا عمل بہت خراب ہوتا ہے، میں نے یوٹیوب پر مردے کو جلانے کے عمل کی ویڈیو دیکھی تھی جس کے کمنٹ سیکشن میں ایک مسلمان کا کمنٹ تھا کہ شکر اللہ کا کہ میں مسلمان ہوں۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'لوگ غیرمسلموں کے مرنے پر انکی مغفرت کی دعائیں کرتے ہیں جبکہ یہ منع ہے، اسلام میں غیر مسلم کے مرنے پر دعا کی اجازت نہیں ہے۔'




