سوشل میڈیا

چاہت فتح نے اداکاری کی کلاس دینے کیلئے اکیڈمی کھول لی

اس سال فلم بھی ریلیز کرنے کا عندیہ

Web Desk

چاہت فتح نے اداکاری کی کلاس دینے کیلئے اکیڈمی کھول لی

اس سال فلم بھی ریلیز کرنے کا عندیہ

اس سال فلم بھی ریلیز کرنے کا عندیہ
اس سال فلم بھی ریلیز کرنے کا عندیہ

پاکستانی موسیقی کی دنیا میں اپنے منفرد انداز سے پہچانے جانے والے گلوکار اور اداکار چاہت فتح علی خان نے فلم ریلیز کرنے کا عندیہ دینے کے ساتھ اداکاری اور موسیقی کے فن کو آگے بڑھانے کیلئے ایک اکیڈمی کھولنے کا بھی اعلان کردیا۔

بےسُرے انداز میں ری میک کرنے والے کاشف رانا المعروف چاہت فتح علی خان کا نام ہر بچے بچے کی زبان زدعام ہے، یہ وہی شخصیت ہے جو ہر اہم موقع پر اپنا بے ڈھنگا گانا ریلیز کرکے خبروں کی زینت بنی نظر آتی ہے۔

لیکن اس بار انکا نام کسی میوزک ویڈیو کی ریلیز کے سبب نہیں بلکہ فلم کی نمائش اور ایک اکیڈمی کھولنے کے اعلان کی وجہ سے موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

لندن میں موجود چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ جلد ایک فلم ریلیز کرنے جارہے ہیں۔

اس بارے میں مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے گلوکار نے بتایا کہ ’دی ڈارلنگ’ کے نام سے یہ انکی پہلی فلم ہے جو رواں برس پاکستان بھر کے 50 سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

اگرچہ وہ دو سال قبل بھی ایک فلم مکمل کر چکے ہیں لیکن یہ ان کی پہلی باقاعدہ سنیما ریلیز ہو گی۔

اسی کیساتھ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ جلد ہی ایک اداکاری کی اکیڈمی شروع کرنے جا رہے ہیں جہاں باقاعدہ اداکاری کی کلاسسز ہونگی، یہ وہی اکیڈمی ہے جہاں پہلے سے موسیقی کی تربیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ،’ان کی اس نئی اکیڈمی میں خاص طور پر طلبہ کو اردو، پنجابی اور انگریزی میں صاف اور درست لہجے کے ساتھ بولنے کی تربیت دی جائے گی۔کیونکہ اداکاری سے پہلے کسی بھی شخص کا ان زبانوں کا عبور حاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔

گلوکار کا کہنا ہے،’ یہ اکیڈمی کھولنے کا مقصد نئے فنکاروں اور گلوکاروں کو آگے لے کر آنا ہے، بالخصوص ان لوگوں کو جنہیں مناسبت پلیٹ فارم نہیں ملتا، اور مجھے امید ہے کہ اس اکیڈمی سے تربیت حاصل کرنے والے لڑکے اور لڑکیوں سے ڈائریکٹرز خود رابطہ کریں گے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ موسیقی کی صنعت کے کچھ سینئر فنکار میری مقبولیت سے ناخوش ہیں، لیکن میں ان باتوں پر دھیان دیے بغیر صرف محنت، لگن اور فن کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہوں۔