ڈیفنس کے فلیٹ سے اداکارہ کی ایک ماہ پرانی لاش برآمد
لاش عمارت کی چوتھی منزل پر واقع فلیٹ سے ملی۔
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں اپارٹمنٹ سے ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق حمیرا اصغر علی کی لاش کی حالت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لاش ایک ماہ پرانی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاش عمارت کی چوتھی منزل پر واقع فلیٹ سے ملی، جہاں وہ گزشتہ 7 برس سے تنہا مقیم تھیں۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ حمیرا اصغر نے یہ فلیٹ 2018 میں کرائے پر لیا تھا، تاہم وہ 2024 سے کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں، جس پر مالک مکان نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) میں قانونی کارروائی کی ہوئی تھی۔
چنانچہ آج عدالتی بیلف فلیٹ پر نوٹس دینے کے لیے پہنچا تو فلیٹ سے شدید بدبو محسوس ہوئی۔
چنانچہ جب بیلف کے ہمراہ پولیس اہلکار دروازہ توڑ کر فلیٹ میں داخل ہوئے تو وہاں ایک ناقابل شناخت لاش ملی۔
پولیس کا کیا کہنا ہے؟
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر طبعی موت لگتا ہے، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ فلیٹ کو سیل کردیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، لاش کئی روز پرانی ہونے کے باعث شناخت ممکن نہیں، ڈی این اے سیمپلز کی مدد سے ہی شناخت ممکن ہوسکے گی البتہ بلڈنگ کے مکینوں کے مطابق خاتون کا نام حمیرا اصغر ہے اور وہ ماڈل، اداکارہ تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود تصاویر دیکھ کر کہنا مشکل ہے یہ لاش اسی خاتون کی ہے، اب تک خاتون کا کوئی بھی قریبی عزیز سامنے نہیں آیا ہے۔
بعدازاں پولیس حکام نے بتایا کہ خاتون کے کمرے سے حمیرا اصغر کا موبائل فون ملا ہے، موبائل سم کے مطابق شناختی کارڈ کا ریکارڈ منگوایا ہے جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے آجائیں گی۔
حمیر اصغر کون؟
حمیرا اصغر کا تعلق لاہور سے تھا انہوں نے تقریبا 5 سال پہلے یعنی 2020 میں کراچی سے ٹیلی وژن سے کام کا آغاز کیا تھا۔
انہیں سال 2022 میں نجی ٹی وی کے ریئلٹی شو تماشا میں خاصی پذیرائی ملی تھی جسکے بعد وہ ڈرامہ سیریل 'احسان فراموش' میں بھی نظر آئی تھیں۔
اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا جائزہ لینے پر معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024 کو کی تھی اور اس کے بعد انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ نہیں کی۔



