دیپیکا کی کام پر واپسی؟ علاج کا اگلا مرحلہ کیا ہوگا؟
اداکارہ نے اورل تھراپی سے آگاہ کردیا
مشہور بھارتی ڈرامہ 'سسرال سمر کا' سے شہرت پانے والی معروف ٹی وی اداکارہ دیپیکا ککڑ نے اسٹیج 2 لیور کینسر کی سرجری کے بعد کام پر واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے علاج کے اگلے مرحلے سے بھی فینز کو آگاہ کردیا۔
رواں برس مئی میں اداکارہ دیپیکا کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی،ڈاکٹروں نے انہیں بتایا تھا کہ ان کے جگر میں ایک ٹینس بال جتنا رسولی (ٹیومر) ہے جو اب دوسرے اسٹیج تک جاچکا ہے جسے اب طویل ترین سرجری کے بعد ہٹا دیاگیا ہے۔
تاہم دوران علاج اور سرجری کے بعد بھی دیپیکا کے شوہر شعیب لمحہ بہ لمحہ اپنے فینز کو اہلیہ کی ہیلتھ اپڈیٹ سے آگاہ کیے ہوئے تھے، انہوں نے اپنے حالیہ ویلاگ میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ فی الحال دیپیکا کے جسم میں کینسر کے خلیات موجود نہیں ہیں لیکن ٹیومر چونکہ شدید نوعیت کا تھا اس لیے اس کے دوبارہ ہونے کے امکانات موجود ہیں۔
دوسری جانب دیپیکا خود بھی اب زندگی کی طرف لوٹ رہی ہیں، انہوں نے ویلاگنگ کیساتھ ساتھ باہر گھومنا بھی شروع کردیا ہے، تاہم حالیہ ویلاگ میں انہوں نے اپنے فینز کو علاج کے اگلے مرحلے سے بھی آگاہ کردیا۔
یوٹیوب لائیو پر اپنے فینز کے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دیپیکا ککڑ نے اعتراف کیا کہ،‘سرجری کے بعد سب کچھ بدل چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں اب ویلاگ نہیں بنا پا رہی کیونکہ فون لے کر اِدھر اُدھر گھومنا ممکن نہیں۔ اس لیے سوچا کہ سب سے لائیو بات کر لوں۔’
اس لائیو سیشن میں دیپیکا کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ،‘ڈاکٹرز نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ جسم کو حرکت میں رکھنا بے حد ضروری ہے، لیکن کچھ دن ایسے بھی ہوتے ہیں جب بس لگتا ہے کہ آرام کرنا ہے، کچھ نہیں کرنا۔’
وہ بتاتی ہیں کہ اب چونکہ انکے روبوٹک ٹانکے آہستہ آہستہ ٹھیک ہورہے ہیں اور سرجری کو بھی ایک مہینہ مکمل ہوچکا ہے تو ڈاکٹر ان کو علاج کے اگلے مرحلے میں لے کر جائیں گی جس میں اورل ٹارٹگ تھراپی شامل ہوگی۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے دیپیکا نے کہا کہ،‘یہ ٹارگٹ تھراپی اگلے ہفتے سے شروع ہوجائے گی۔ اور اس تھراپی کے دوران انہیں روزانہ کی بنیاد پر ایک گولی کھانی ہوگی۔
دیپیکا نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بھی دعا کی کہ،’بس اللہ کرے میرا جسم ان علاج کو برداشت کر لے، کیونکہ معلوم ہے کہ سائیڈ ایفیکٹس ضرور ہوں گے۔‘
صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے اپنے کام پر واپسی پر بھی بات کی اور بتایا کہ،‘میرا اصل پلان یہی تھا کہ جب روحان کی فیڈنگ چھوٹ جائے گی تو اُس کے بعد میں پلان کروں گی، خود کو دوبارہ فٹ کروں گی اور کام پر واپس آؤں گی۔ لیکن یہ سب کچھ ہو گیا ہے اور اس طریقے سے ہوگا، یہ میں نے کبھی سوچا نہیں تھا۔’
انہوں نے کام پر واپسی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے مزید یہ بھی کہ ڈالا کہ،ُ’میں ضرور کام پر واپس آنا چاہتی ہوں لیکن یہ سب اس وقت ممکن ہوگا جب مجھے ڈاکٹر گرین سگنل دیں گے۔ ’
دیپیکا کے بقول،’میرا خیال ہے کہ آنے والا وقت میرے لیے بہت ضروری اور بہت نازک ہے صحت کے لحاظ سے، کیونکہ میرے جسم کو ٹارگٹ تھراپی کو قبول کرنا ہے۔ جب یہ مکمل ہو جائے گا، تو وہ میری 'نیو نارمل' زندگی بن جائے گی، اور پھر میں سب کچھ کر سکوں گی اُس نئی حالت کے ساتھ۔ ایسا ہی ہونا چاہیے۔’



