مارشل آرٹ ماسٹر راشد نسیم کے نام بڑا اعزاز
راشد نسیم کا ایوارڈ آل ٹائم گریٹ بیسٹ آف دی بیسٹ ریکارڈ کی فہرست میں شامل
دنیا کے تیز ترین باکسنگ پنچ مارنے والے راشد نسیم کے نن چکو کیٹگری کے ایوارڈ کو آل ٹائم گریٹ بیسٹ آف دی بیسٹ ریکارڈ کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔
10 سال قبل مارشل آرٹس ماسٹر راشد نسیم نے ایک منٹ میں نن چکو کی مدد سے 158 کے ٹارگٹ کو کامیابی کے ساتھ توڑا تھا۔
اس پہلے یہ ریکارڈ امریکا کے سیمیول سپارگے کے پاس تھا جنہوں نے ایک منٹ میں 102 کے ٹارگٹ توڑا تھا،اس ریکارڈکو گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اپنی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی پروموشن ویڈیو کا حصہ بھی بنایا ہے۔
راشد کے پاس نن چکو کے تمام زمروں میں سب سے زیادہ گینز ورلڈ ریکارڈز کا ریکارڈ ہے، یہ ان کا 13واں ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل یکم جولائی کو ہی راشد نسیم کو دنیا کے تیز ترین باکسنگ پنچ مارنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔
راشد نسیم نے ورلڈ فاسٹیسٹ باکسنگ پنچرانگلینڈ کے کھلاڑی جوشے لییالا سے ورلڈ فاسٹیسٹ باکسنگ پنچ ایکسپرٹ کا اعزاز چھینا تھا۔
انہوں نے ایک منٹ میں374 باکسنگ پنچ کے مقابلے میں 386 مرتبہ مکوں کو ٹارگٹ پر ہٹ کیا، گنیز ورلڈ ریکارڈ نے آفیشل طور پر تصدیقی ای میل جاری کر دی جبکہ ریکارڈ کو ویب سائٹ پر اپڈیٹ بھی کر دیا۔
راشد نسیم نے دنیا میں پنچنگ کیٹیگری میں سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے ایک گھنٹے میں 32,686 مکے لگا کر یہ کارنامہ پاکستان کے نام کیا۔ اس کے علاوہ، وہ ایک گھنٹے میں وزن اٹھا کر 24,000 سے زائد مکے نشانے پر مارنے والے واحد شخص ہیں۔
ان کے دیگر ناقابلِ شکست ریکارڈز میں ایک کلو وزن کے ساتھ ایک منٹ میں 675 مکے، تین منٹ میں 1,896 مکے، اور ایک کلو وزن کے ساتھ فل کانٹیکٹ انداز میں 1,778 مکے شامل ہیں۔ یہ تمام کارنامے آج تک دنیا بھر میں کوئی بھی توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
راشد نسیم نے ہاتھ میں انڈا پکڑ کر ایک ہاتھ سے 207 مکے مار کر فل ایکسٹینشن پنچ کا ریکارڈ بھی پاکستان کے نام کیا تھا جبکہ ایک ہاتھ سے ایک کلو وزن کے ساتھ 163 سب سے زیادہ فل ایکسٹینشن پنچ کا ریکارڈ بھی راشد نسیم کے پاس ہے۔
راشد نسیم وہ منفرد پاکستانی ہیں جنہیں نہ صرف وطن عزیز بلکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ انفرادی عالمی ریکارڈز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اب تک وہ 126 عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں، جو پاکستان کی تاریخ میں ایک ناقابلِ تسخیر کارنامہ ہے۔
راشد نسیم نے نہ صرف بھارت کے 40 سے زائد ریکارڈز توڑے، بلکہ انگلینڈ، چین، اٹلی، ایران، مصر، جرمنی، سربیا اور سوئٹزرلینڈ جیسے ممالک کے قائم کردہ کئی عالمی ریکارڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
وہ واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر مختلف ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کی، جن میں اٹلی، جرمنی، رومانیہ، چین، کوریا، سنگاپور اور اسپین شامل ہیں، ان کی یہ عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان کے لیے فخر اور نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔



