حمیرا اصغر کی لاش 6 ماہ سے بھی زیادہ پرانی نکلی
کھانے پینے کی اشیا پر اکتوبر 2024 کی ایکسپائری ڈیٹ تھی، فلیٹ کی بجلی بھی کٹی ہوئی تھی۔
معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش کے حوالے سے ایک اور لرزہ خیز انکشاف سامنے آیا ہے اور وہ یہ لاش 6 ماہ سے بھی زائد عرصہ پرانی ہے۔
خیال رہے کہ کرائے کی ادائیگی نہ ہونے پر مالک مکان کی جانب سے قانونی کارروائی کیے جانے کے بعد عدالتی بیلف کے پہنچنے پر فلیٹ کا دروازہ توڑ گیا تھا جس پر ان کی لاش زمین پر گری ہوئی پائی گئی تھی۔
لاش انتہائی مسخ حالت میں تھی، اداکارہ نے پنک ٹی شرٹ اور جینز پہن رکھی تھی جب کہ آس پاس حشرات الارض بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔
پولیس حکام کے مطابق لاش اس قابل نہیں تھی کہ اس کی شناخت ممکن ہوتی لہٰذا ڈی این اے اور دیگر سیمپلز لے لیے گئے ہیں تاہم فلیٹ کے دیگر مکینوں نے نشاندہی کی کہ یہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ہے۔
ابتدا میں پولیس حکام نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ لاش 2 ہفتے سے ایک ماہ پرانی ہے۔
تاہم ایس ایس پی سائوتھ مہزورعلی نے اب تک ہونے والی تحقیقات کی روشنی میں امکان ظاہر کیا ہے کہ حمیرا اصغر کی لاش ممکنہ طور پر 6 ماہ سے زائد پرانی لگتی ہے۔
آج ڈیفنس فیز 6 میں واقع اس فلیٹ کو ڈی سیل کرنے کے بعد پولیس نے فلیٹ کو مکمل طور پر سرچ کیا جس پر یہ انکشاف سامنے آیا کہ فریج میں رکھے گئے کھانے پینے کے سامان پر ایکسپائری ڈیٹ اکتوبر 2024 کی ہے۔
پولیس حکام نے کہا کہ حتمی طور پر حقائق تو میڈیکل رپورٹ میں سامنے آئیں گے لیکن فلیٹ میں کہیں پر بھی تازہ خون کے نشانات نہیں ملے، لاش اتنی پرانی تھی کہ گھٹنوں کے جوڑ بھی گلنا شروع ہوگئے تھے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فون ریکارڈ میں بھی آخری میسج ستمبر 2024 کے ہیں جو ایک آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کے ہیں۔
ایس ایس سائوتھ مہزور علی نے مزید بتایا کہ فلیٹ کے مالک سے بھی ان کا آخری رابطہ 2024 میں ہی ہوا تھا اور انہوں نے آخری مرتبہ مئی 2024 میں کرایہ ادا کیا تھا۔
اداکارہ نے بجلی کا بل بھی ادا نہیں کیا تھا جس پر کے الیکٹرک کی جانب سے اکتوبر کے آخر میں بجلی بھی کاٹ دی گئی تھی۔
پولیس کے بیان کی توثیق ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی ہوتی ہے جہاں ان کی آخری پوسٹ 30 ستمبر 2024 کو شیئر کی گئی تھی اور اس کے بعد سے وہ مکمل طور پر غائب تھی۔
حالانکہ اس تاریخ سے قبل اداکارہ سوشل میڈیا پر بھرپور طریقے سے فعال تھیں۔
خیال رہے کہ پولیس کی جانب سے موبائل سے حاصل کردہ ڈیٹا کی روشنی میں جب ان کے اہلِ خانہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے لاش وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔
اس کے بعدشوبز شخصیات اور انسانی ہمدردی رکھنے والے افراد نے حمیرا کی تجہیز و تکفین اور تدفین کی مکمل ذمہ داری اٹھانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔




