حمیرا کو اداکاری کے علاوہ کس چیز کا شوق تھا؟
اداکارہ ایک فٹنس فریک بھی تھیں
پاکستانی اداکارہ اور ماڈل حمیرا اصغر خود دنیا سے رخصت ہوگئی لیکن اپنی یادیں اور ناقابل فراموش لمحات پیچھے چھوڑ گئیں۔
شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سوشل میڈیا اسٹار حمیرا اصغر ویسے تو ڈراموں میں اپنے کردار سے خوب داد وصول کرتی تھیں لیکن اسکے باوجود انکا شمار اے لسٹ اداکاراؤں میں نہیں کیا جاتا تھا۔
انہوں نے اپنے کرئیر میں کئی ڈراموں میں معاون کردار ادا کیے جن میں ’لالی‘ ، ’بے نام‘ ، ’چل دل میرے‘ ، ’احسان فراموش‘ ، ’گرو‘ اور ’صراطِ مستقیم‘ جیسے نام شامل ہیں ، علاوہ ازیں وہ پاکستان کے سب سے بڑے ریئلیٹی شو 'تماشہ' میں بھی بطور کنٹیسٹنٹ اپنی پہچان بنانے والی اداکاراؤں میں سے ایک تھیں۔
حمیرا اصغر کے کریڈٹ میں جسٹ میریڈ، گرو اور چل دل میرے" بھی شامل ہیں۔ اور فلمی دنیا کی بات کریں تو سال 2015 کی ایکشن تھرلر فلم ‘جلیبی’ میں بھی انکی اداکاری کو خوب سراہا گیا تھا بعد ازاں 2021 میں ’لو ویکسین’ میں بھی اداکاری کی۔
لیکن کون یقین کرسکتا تھا کہ آخر اس حسین و جمیل اور درد دل رکھنے والے اداکارہ کی پراسرار موت ہوگی؟
ایسا لگتا ہے کہ جیسے حمیرا کا شوبز میں کام کرنا انکے والدین کو پسند نہ تھا جسکے سبب انہوں نے اپنی بیٹی سے تمام تعلق توڑ دیے اور حمیرا گزشتہ 7 برس سے کراچی کے پوش علاقے میں واقع ایک فلیٹ میں تنہا زندگی گزارنے پر مجبور تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ، انکا فلیٹ کے لوگوں سے بھی رابطے بہت محدود تھے جبکہ شوٹنگ کی وجہ سے وہ اکثر و بیشتر گھر سے باہر رہا کرتی تھیں۔
اور پھر گزشتہ برس اکتوبر کے بعد سے اداکارہ اچانک منظر سے غائب ہوگئیں حالانکہ چند سوشل میڈیا پیچز پر حمیرا کے لاپتہ ہونے کی خبریں بھی چلیں لیکن کسی نے ان خبروں کو سنجیدہ نہ لیا۔
اور اب جب حمیرا کو لاپتہ ہوئے 10 ماہ بیت چکے اور انہیں ان ہی کے فلیٹ سے مردہ پایا گیا تو کئی راز تہہ در تہہ کھلتے نظر آرہے ہیں اور معاملہ شدید سنگین صورتحال اختیار کرتا نظر آرہا ہے۔
کیونکہ ابتدائی تفتیش میں حمیرا کی موت کو طبعی موت قرار دیا جارہا تھا اور لاش 1 ماہ پرانی بتائی گئی تھی لیکن پوسٹ مارٹم کے بعد حمیرا کے موت کی 9 ماہ سے زائد کی تصدیق ہوگئی اور اب جبکہ ایک طرف اداکارہ کی موت کا سبب ذہریلی غذا قرار دیا جارہا ہے تو وہیں کئی لوگ اسے قتل کا رنگ دیتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
تاہم حمیرا کے موت کی اصل وجہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی، لیکن اس سے قبل حمیرا کی فن اداکاری اور انکے شوق پر بات کرتے ہیں۔
کیونکہ اداکارہ حمیرا اصغر صرف اداکاری میں ہی ماہر نہیں تھیں بلکہ انہیں خود کو فٹ رکھنے کا بھی بے حد شوق تھا، اور وہ اکثر ورزش کرتی دکھائی دیتی تھیں۔
اداکارہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نظر ڈالی جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وہ صرف اسکرین پر ہی نہیں، بلکہ زندگی کے ہر پہلو میں مضبوط تھیں۔ انہوں نے اگست 2024 کو انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہیں جم کرتے دیکھا گیا۔
رسی سے لٹک کر اپنی جسمانی صحت کو فٹ کرتے ہوئے حمیرا نے اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا کہ،‘کور اسٹرینتھ، لچک، اور مکمل جسم کی ٹوننگ کے لیے!’۔
جبکہ تھوڑا اور پیچھے جائیں تو جولائی 2024 کو بھی حمیرا اصغر کو جم میں ورزش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ وقت کو تھوڑا اور پیچھے لے جائیں تو جالائی 2024 کے آغاز میں بھی حمیرا نے اپنی فٹنس فریک کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس پوسٹ میں اداکارہ کو ایرئل فٹنس کرتے دیکھا گیا جسکے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ،’جب آپ میں زبردست طاقت اور لچک پیدا ہو جائے،تو یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب آپ کو اپنی توانائی کو مزید بلند کر کےآگے بڑھنا چاہیے , توازن حاصل کرنے،نئی حرکات تخلیق کرنے اور فضا میں نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے!’۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ،‘یہاں نہ صرف کیلوریز جلتی ہیں اور شاندار باڈی ٹوننگ ہوتی ہے،بلکہ آپ نئے طریقوں سے اپنی محنت کو مزید شدت دیتے ہیں جو آپ کی مجموعی صحت، نشوونمااور فٹنس لیول کو زبردست طریقے سے بہتر بناتا ہے۔
اسی طرح اس سے پہلے بھی حمیرا اصغر سوشل میڈیا پر اپنی فٹنس کا مظاہرہ کئی مرتبہ کرچکی ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کو کھل کر جینا چاہتی تھیں، لیکن قسمت نے انکا ساتھ نہ دیا اور وہ المناک موت کے بعد ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔



