انفوٹینمنٹ

حمیرا اصغر کی میت بھائی نے وصول کرلی

اہلِ خانہ میت کو اپنے ہمراہ لاہور لے کر جائیں گے۔

Web Desk

حمیرا اصغر کی میت بھائی نے وصول کرلی

اہلِ خانہ میت کو اپنے ہمراہ لاہور لے کر جائیں گے۔

حمیرا اصغر کی میت بھائی نے وصول کرلی

کئی ماہ سے اپنے گھر میں مردہ حالت میں موجود حمیرا اصغر علی کی سوختہ لاش بالآخر ان کے بھائی نوید اصغر نے وصول کرلی۔

خیال رہے کہ اداکارہ کی لاش کے ساتھ گھر سے ان کے دو موبائل فون بھی برآمد ہوئے تھے جس میں موجود نمبرز کے ذریعے پولیس نے اداکارہ کے بھائی اور والد سے رابطہ کیا تھا۔

تاہم افسوسناک موڑ اس وقت سامنے آیا جب ان کے والد نے کہا کہ وہ حمیرا سے قطع تعلق کر چکے تھے اور ان سے گزشتہ 2 سال سے کوئی رابطہ نہیں تھا، علاوہ ازیں انہوں نے میت وصول کرنے کے لیے کراچی آنے سے بھی انکار کردیا اور کہا کہ لاش کے ساتھ جو چاہے کریں۔

یہ خبر جب میڈیا پر سامنے آئی تو سننے والوں کو دکھی کر گئی جو سگے رشتوں کی اس سنگدلی پر حیران اور پریشان نظر آئے۔

اہلِ خانہ کی جانب سے قطع تعلق کی خبروں کے بعد اداکارہ سونیا حسین، یاسر حسین سمیت، سماجی کارکن مہر بانو سیٹھی اور دانش مقصود نامی شخص سامنے آئے جنہوں نے اداکارہ کے جنازے و تدفین کی ذمہ داری اٹھانے کی خواہش ظاہر کی۔

اب یہ میڈیا پر چلنے والی خبروں کے سبب اہلِ خانہ پر پڑنے والا دباؤ تھا یا پھر خونی رشتے کی محبت جاگی جو مرحومہ کی بہن اور بہنوئی نے کراچی پولیس سے رابطہ کر کے میت وصول کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

اس پر پولیس کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ میت صرف خونی رشتے دار کے ہی حوالے کی جائے گی۔

پولیس کی اس ہدایت کے پیش نظر بالآخر اداکارہ کے بھائی اور بہنوئی آج شام کراچی پہنچے اور انہوں نے ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی سمیت دیگر افسران سے ملاقات کی۔

میت وصول کرنے کے لیے متعلقہ تھانے کی جانب سے سرکاری لیٹر جاری کیا گیا جس کے بعد میت ان کے حوالے کردی گئی۔

ایس ایس پی ساؤتھ محزور علی نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا اصغر کے بھائی اور بہنوئی کراچی آئے ہیں، قانونی کارروائی جاری ہے، ورثا میت لاہور لے جانا چاہتے ہیں، انہوں نے فوری کسی شک و شبے کا اظہار نہیں کیا۔

دوسری جانب اداکارہ سونیا حسین نےبھی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے حمیرا کی میت اہلِ خانہ کے سپرد کیے جانے کی تصدیق کی۔

اداکارہ کی تدفین کب اور کہاں ہوگی اس کا فیصلہ اہل خانہ کریں گے۔

خیال رہے کہ اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر علی کی عمر 42 برس تھی اور ان کی لاش 8 جولائی کو ڈیفنس کے علاقے اتحاد کمرشل میں موجود ایک فلیٹ سے بوسیدہ حالت میں ملی تھی۔

فرانزیک اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اداکارہ کی موت اکتوبر 2024 میں ہوچکی تھی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ

 پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق حمیرا کی موت کا تخمینہ آٹھ سے دس ماہ قبل لگایا گیا ہے، جب کہ لکھا ہے کہ تمام ہڈیاں سلامت ہیں، البتہ گوشت گل ’سڑ گیا ہے۔ رپورٹ میں لکھا ہے کہ موت کی وجوہات بظاہر قدرتی ہیں۔

حمیرا اصغر کی لاش آٹھ جولائی 2025 کو شام چھ بج کر 25منٹ پر ہسپتال میں وصول ہوئی، آٹھ بج کر 15 منٹ پر ان کا پوسٹ مارٹم شروع ہوا جو دس بجے رات مکمل ہوا۔

رپورٹ کے مطابق لاش کالے لوئر اور میرون ٹی شرٹ میں تھی۔ ڈی کمپوزیشن کی ایڈوانس اسٹیج کی وجہ سے جسم کے بعض حصوں پر مسلز موجود نہیں تھے اور جلد حنوط حالت میں تھی جب کہ ہڈیاں بھربھری ہو چکی تھیں۔

حمیرا کی باقیات کراچی کے علاقے اتحاد کمرشل میں ایک فلیٹ سے اس وقت ملیں جب ایک عدالتی اہلکار منگل کو مالک مکان کی شکایت پر مکان خالی کروانے کے لیے پہنچا۔