کپل شرما کے نئے ریسٹورنٹ پر گولیاں برسادی گئیں
واقعے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل
معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا میں نئے کھولے گئے ریسٹورنٹ ’کیپس کیفے‘ پر فائرنگ کا واقع پیش آیا ہے جس میں ان کے ریسٹورنٹ پر 9 گولیاں فائر کی گئیں تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ کپل شرما کے اس ’کیپس کیفے‘ کا افتتاح رواں ہفتے ہی کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں ایک شخص کو گاڑی کے اندر سے کیفے پر کئی گولیاں چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جائے وقوع پر موجود کھڑکیوں پر 8 گولیوں کے نشان ملے جبکہ ایک شیشہ بھی ٹوٹا ہوا پایا گیا، پولیس معاملے کی تحقیقات اور فرانزک شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
سرے پولیس سروس کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات میں تصدیق کی گئی ہے کہ 10 جولائی کو رات ایک بج کر 50 منٹ پر 120 اسٹریٹ پر ایک کاروباری مقام پر فائرنگ کی اطلاع ملی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حملے کی ذمہ داری جرمنی میں مقیم سکھ علیحدگی پسند تنظیم ببر خالصہ انٹرنیشنل ( بی کے آئی) کے کارندے ہرجیت سنگھ لڈّی نے قبول کی ہے۔
بھارت کی نیشنل انویسٹیگیشن ایجنسی کو مطلوب افراد فہرست میں شامل لڈّی نے دعویٰ کیا ہے کہ کپل شرما کے شو میں پیش کیے گئے ایک پرانے خاکے کی وجہ سے فائرنگ کی گئی جس میں مبینہ طور پر نہنگ سکھوں کا مذاق اڑایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق لڈّی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے کپل شرما کے منیجر سے معافی کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کپل شرما نے عوامی سطح پر معافی نہ مانگی تو انہیں اس کے نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
تاہم تاحال کپل شرما کی جانب سے فائرنگ کے اس واقعے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
البتہ پریشان کن واقعے کے ردِ عمل میں دی کیپز کیفے کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر تشدد کا سامنا کرنے پر افسوس اور ہمت کا اظہار کرتے ہوئے ایک پیغام شیئر کیا۔
بیان میں لکھا گیا: "ہم نے مزیدار کافی اور دوستانہ گفتگو کے ذریعے گرمجوشی، کمیونٹی اور خوشی کا ماحول پیدا کرنے کی امیدوں کے ساتھ Kap's Cafe کھولا، اس خواب کے ساتھ تشدد کا ہونا دل دہلا دینے والا ہے، ہم اس صدمے کا سامنا کر رہے ہیں لیکن ہار نہیں مان رہے۔
پیغام میں کمیونٹی کی جانب سے ملنے والی زبردست حمایت کا مزید اعتراف کیا گیا اور کہا گیا کہ 'ڈی ایم کے ذریعے شیئر کیے گئے آپ کے مہربان الفاظ، دعائیں اور یادیں بہت معنی رکھتی ہیں، یہ کیفے آپ کے اس یقین کی وجہ سے موجود ہے، آئیے تشدد کے خلاف ثابت قدم رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ Kap's Cafe گرمجوشی اور کمیونٹی کی جگہ رہے'۔
پولیس کے مطابق موقع پر یہ واضح ہو گیا کہ گولیاں عمارت پر چلائی گئیں جبکہ عملہ بھی اس وقت عمارت کے اندر موجود تھا، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
سرے پولیس کے بیان کے مطابق شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور علاقے میں گواہوں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کے لیے چھان بین کی جا رہی ہے۔
برٹش کولمبیا کے پبلک سیفٹی کے وزیر گیری بیگ نے واقعے کو ’خوفناک‘ قرار دیا اور عوام سے تحقیقات میں مدد کی اپیل کی ہے۔
ادھر سرے پولیس نے بھی انڈین میڈیا کی جانب سے خالصتانی دعووں سے متعلق خبروں کا نوٹس لیا ہے لیکن اب تک کسی بھی ممکنہ تعلق یا ملزم کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔



