سیف پر قاتلانہ حملے کے بعد کرینہ پر بھی حملہ؟ تہلکہ خیز انکشاف
کئی ماہ بعد رونیت رائے نے اہم انکشاف کردیا
'مسٹر بجاج' کے کردار سے شہرت کے ساتویں آسمان کو چھونے والے بھارتی اداکار رونت رائے نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے آغاز میں بھارتی اداکار سیف علی خان پر قاتلانہ حملہ ہونے کے بعد انکی اہلیہ کرینہ کپور کی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔
بھارت کے شہر ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں 15 اور 16 جنوری کی درمیانی شب بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے لگژری اپارٹمنٹ میں چوری چھپے گھسنے والے شخص نے ان پر چھریوں سے وار کرکے قاتلانہ حملہ کیا تھا جسکے نتیجے میں سیف بری طرح زخمی ہوگئے تھے۔
بعدازاں انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن سیف پر ہونے والے چاقو کے حملے نے نہ صرف فلم انڈسٹری بلکہ پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔جسکے بعد اداکار اور انکی فیملی کی سیکیورٹی کی ذمہ داری رونیت رائے کی سیکیورٹی ایجنسی کو سونپی گئی۔
اب ایک حالیہ انٹرویو میں رونیت رائے جو کہ ایک اداکار بھی ہیں ، انکشاف کیا ہے کہ اداکار سیف پر حملے کے بعد انکی اہلیہ کرینہ کپور کی گاڑی پر بھی ایک حملہ ہوا تھا جسکے سبب کرینہ بری طرح خوفزدہ ہو گئی تھیں۔
انہوں نے اس واقعے کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ،‘جب سیف علی خان کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جارہا تھا تو اس دوران راستے میں بے حد بھیڑ تھی۔ عام عوام سمیت ہر جانب میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
رونیت بتاتے ہیں کہ ٹھیک اسی وقت کرینہ کپور کی گاڑی پرہلکا کاحملہ بھی ہوا اور اس حملے کے بعد اداکارہ بے حد خوفزدہ ہوگئیں تھیں۔
رونیت رائے نے بتایا کہ،’میڈیا اور عوام گاڑی کے اتنے قریب تھے کہ کرینہ کی گاڑی کو تھوڑا دھکا لگا اور وہ ہل گئی جس پر کرینہ نے فوراً مجھ سے کہا کہ میں خود جا کر سیف کو گھر لے آؤں بس پھر میں گیا اور سیف کو گھر واپس لایا، تب تک گھر کے باہر سیکیورٹی مکمل طور پر فعال ہو چکی تھی، اور پولیس کی مضبوط موجودگی بھی یقینی بنائی جا چکی تھی۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید یہ بھی انکشاف کیا ہے کی جب انہوں نے سیف پر حملے کے بعد انکے گھر کا معائنہ کیا تو انہیں سیف کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی کے حوالے سے کئی خامیاں نظر آئیں تھیں۔
رونیت کے مطابق ان خامیوں کو جلد ٹھیک کرنے کیلئے انہوں نے سیکیورٹی کی ذمہ داری ملنے پرکئی اہم تبدیلیوں کی تجاویز دیں، جو بعد میں عمل میں لائی گئیں تاکہ سیف اور ان کے خاندان کی سیکیورٹی مزید مضبوط بنائی جا سکے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سیف پر ہونے والے اس ہولناک حملے کے بعد پورا خاندان شدید صدمے میں ہے۔
یہاں تک کہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے، کرینہ کپور نے بھی میڈیا اور پاپارازی سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بچوں تیمور اور جے کا پیچھا کرنا اور ان کی تصاویر لینا بند کریں، تاکہ خاندان کو کچھ ضروری پرائیویسی اور سکون میسر آ سکے۔



