پاکستان

ذوہیب حسن کا حمیرا کو ستارہ امتیاز دینے کا مطالبہ

اس ایوارڈ سے حمیرا کی جدوجہد مزید نمایاں ہوگی، ذوہیب حسن

Web Desk

ذوہیب حسن کا حمیرا کو ستارہ امتیاز دینے کا مطالبہ

اس ایوارڈ سے حمیرا کی جدوجہد مزید نمایاں ہوگی، ذوہیب حسن

حمیرا اصغر علی کی کربناک موت ان دنوں زیر بحث ہے
حمیرا اصغر علی کی کربناک موت ان دنوں زیر بحث ہے 

ماضی کے ممتاز گلوکار ذوہیب حسن نے حمیرا اصغر علی کی کربناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اداکارہ کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے۔

حمیرا اصغر علی کی کربناک موت ان دنوں زیر بحث ہے جو معاشرتی المیہ کی ایک بدترین مثال بھی قرار دی جارہی ہے اور حمیرہ کےساتھ کام کرنے والوں پر بھی لعن طعن کی جارہی ہے کہ انہوں نے ایک طویل عرصے تک یہ جاننے کی کوشش تک نہ کی کہ حمیرا اصغر علی کس حال میں ہیں۔

اس کے بعد ان کے اہلخانہ کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جب انہوں نے حمیرا اصغر علی کی میت تک وصول کرنے سے انکار کردیا تھا ، پھر سوسائٹی کے دباؤ پر ان کا بھائی میت لینے کراچی پہنچا اور آخر کار حمیرا اصغر علی کو قبر نصیب ہوسکی ۔

وہ قبر جس کا انتظار وہ گزشتہ 8 سے 10 مہینوں سے کررہی تھی اگرچہ اب تک حمیرا اصغر علی کی موت کی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی ہے لیکن ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ، ان کی جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں تھی تاہم حتمی رپورٹ کا انتظار باقی ہے۔

گلوکار ذوہیب حسن نے اس سے قبل اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر حمیرا اصغر علی کی موت پر دکھ کا اظہار کیا تھا اور حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اکیلی رہنے والی خواتین کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

اب ذوہیب حسن نے اپنی دوسری پوسٹ میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حمیرا اصغر علی کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے تاکہ ان کے خاندان کو احساس ہو کہ ایک عورت ہونے کے ناطے اس مشکل انڈسٹری میں کامیاب ہونے کی جو جدوجہد انہوں نے کی وہ رائیگاں نہیں گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی خواتین انڈسٹری میں آتی ہیں ، کچھ کامیاب ہوتی ہیں اور پھر کچھ وقت کے ساتھ منظر نامے سے غائب ہوجاتی ہیں ، میں ان تمام خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو مردوں کے غالب سماج میں اپنے خوابوں کے مطابق جینے کی ہمت رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ ستارہ امتیاز پاکستان کا چوتھا بڑا سول ایوارڈ ہے، جو حکومتِ پاکستان کی طرف سے اُن افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت میں نمایاں کارنامے سرانجام دیے ہوں۔