فلم / ٹی وی

’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کب ری ریلیز ہونے جارہی ہے ؟

فلم میں بھارتی اتھیلیٹ ملکھا سنگھ کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے

Web Desk

’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کب ری ریلیز ہونے جارہی ہے ؟

فلم میں بھارتی اتھیلیٹ ملکھا سنگھ کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے

ملکھا سنگھ کا کردار فرحان اختر نے نبھایا ہے
ملکھا سنگھ کا کردار فرحان اختر نے نبھایا ہے 

معروف بھارتی ایتھلیٹ ملکھا سنگھ کی زندگی پر مبنی اسپورٹس بایوپک’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کو ایک بار پھر بڑے پردے پر 18 جولائی کو ریلیز ہونے جارہی ہے۔

بالی وڈ میں پچھلے سال سے معیاری فلمیں نہ بننے پر پُرانی ہٹ فلموں کو ریلیز کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے، ان میں کافی فلمیں ایسی ہیں جو پہلے ریلیز پر ہٹ نہ ہوسکیں لیکن ری ریلیز پر ان کو شائقین کی پذیرائی مل گئی، ان میں سب سے بڑی مثال ’صنم تیری قسم ‘ فلم ہے۔

فرحان اختر اور سونم کپور کا جذباتی ردعمل

فرحان اختر، جنہوں نے فلم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکھا سنگھ کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز اور بڑی ذمہ داری تھی، خوشی ہے کہ ناظرین کو ایک بار پھر یہ فلم بڑے پردے پر دیکھنے کا موقع ملے گا جہاںوہ اس فلم سے جڑے ہر جذباتی منظر کو پھر سے محسوس کرسکیں گے۔

سونم کپور نے فلم میں ملکھا سنگھ کی محبت کا کردار نبھایا تھا، انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک نہایت جذباتی تجربہ تھا،  یہ فلم انسان کی ہمت، استقامت اور حوصلے کی کہانی ہے، مجھے خاص طور پر اس بات پر فخر ہے اس فلم کا گانا ’او رنگریز‘ آج بھی اتنا ہی پسند کیا جاتا ہے، فلم کی ری ریلیز ملکھا سنگھ کو دوبارہ سے خراج تحسین پیش کرنا ہوگا۔

فلم کے بارے میں:

’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کو ہدایتکار راکیش اوم پرکاش مہرا نے بنایا ، یہ فلم مشہور بھارتی اتھیلیٹ ملکھا سنگھ کی زندگی، ان کے بچپن میں تقسیم ہند کے المیے سے لے کر بھارت کے لیجنڈ رنر بننے تک کی جدوجہد کو بیان کرتی ہے۔

ملکھا سنگھ کو پاکستان کے سابق صدر ایوب خان کی جانب سے ’فلائینگ سکھ ‘ کا لقب دیا گیا تھا اور وہ آج بھی اس لقب سے پہچانے جاتے ہیں۔

فلم میں فرحان اختر کے علاوہ سونم کپور، دیویا دتہ اور پرکاش راج بھی اہم کرداروں میں شامل تھے، فلم میں پاکستانی اداکارہ میشا شفیع نے بھی ایک مختصر کردار ادا کیا تھا۔