سوشل میڈیا بالی وڈ اسٹارز کیلئے ہیرو یا ولن؟
سوشل میڈیا نے کس کو بنایا اسٹار اور کس کو کیا بدنام؟
'سڑک سے اٹھا کر اسٹار بنادونگا' یہ ڈائیلاگ چند سال قبل بالی وڈ کی ایک بلاک بسٹر فلم 'ویلکم' کے کردار 'دھنیش ورمن' نے کہے تھے اور آج تک سوشل میڈیا پر یہ ڈائیلاگ بطور میم استعمال ہوتا ہے، ایسے سنیریو میں جہاں کسی گم نام، ٹیلنٹ لیس کو اسٹار بنائے جانے کی بات کرنی ہو۔
اگرچہ سوشل میڈیا نے کئی ایسے لوگوں کو شہرت سے نوازا اور اسٹار بنادیا جنکی قابلیت کا سوچ کر ایک باعقل شخص حیران ہوتا ہے وہیں اس پلیٹ فارم نے شوبز ستاروں کی زندگی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
سلور اسکرینز پر جو ستارے کبھی اپنی شاندار اداکاری سے اپنی فین فالوئنگ میں اضافہ کرتے تھے اب نئے دور کے ساتھ ایک اور پلیٹ فارم حاصل کر چکے ہیں جو انہیں سالوں محنت کے بجائے راتوں رات شہرت دلواتا دکھتا ہے۔
راتوں رات شہرت دلوانے والا پلیٹ فارم سوشل میڈیا کے علاوہ اور کیا ہی ہوسکتا ہے جہاں کوئی ایک تصویر یا ویڈیو کسی بھی انجان کو اچانک سب کی نظروں میں لے آتی ہے اور اتنی شہرت دلوادیتی ہے جو پہلے شوبز ستارے دہائیوں محنت کر کے بھی حاصل نہیں کر پاتے تھے۔
اب سوال یہ بنتا ہے کہ کیا سوشل میڈیا بالی وڈ ستاروں کے لیے نعمت ہے یا لعنت؟ اس ویڈیو میں ہم دیکھتے ہیں کہ سوشل میڈیا نے اداکاروں کے لیے کس طرح فیم گیم کو بدل دیا ہے، چاہے وہ اپنے برانڈ کی تعمیر ہو یا تنازعات کا انتظام۔
یہ بات تو ماننی پڑے گی کہ اب کسی بھی اسٹار کی شہرت کا اندازہ لگانے کیلئے ہر کوئی اسکے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا رخ کر کے اسکے فالوورز کی تعداد دیکھتا ہے اگر سوشل میڈیا پر وہ اسٹار ڈیمانڈ میں ہے تو اسکو بڑے سے بڑا فلمساز اپنی فلم میں لے لیتا ہے یہ سوچ کر کے اس کی یہ تگڑی فین فالوئنگ فلم کو سپر ہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
لیکن کیا آپ نے یہ سوچا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر فالوورز گیم اسٹرانگ کرنے کیلئے کیا کچھ کرنا پڑتا ہے؟
اندازہ تو ہوگا ہی کیونکہ آپ بھی ایک سوشل میڈیا صارف ہیں اور یہ بات جانتے ہونگے کہ اس پلیٹ فارم پر شہرت کمانے کا ایک ہی طریقہ ہے اور وہ یہ کہ ٹرینڈ فالو کرو یا پھر اپنی ایسی انوکھی حرکت کو سوشل میڈیا کی زینت بنادو کے سب دور دور سے تمھاری پروفائل وزٹ کریں اور اس بات کو مان لیں کہ ایسا کانٹینٹ آگے دیکھنے کیلئے اس کو ابھی فالو کرلینا چاہئے۔
وائرل ڈانس چیلنجز سے لے کر آن لائن جھگڑوں تک، سوشل میڈیا بالی وڈ اداکاروں کی زندگیوں میں مسلسل موجود ہے۔ دیکھیں کہ وہ اسے کس طرح اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہے ہیں اور آن لائن شہرت کی پیچیدگیوں کو کیسے سنبھال رہے ہیں۔
اپنی فلم کی پروموشن کیلئے جو فلم ستارے ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئٹرز کی ویڈیوز کا حصہ بنتے تھے اب یہ کوشش کرتے دکھتے ہیں کہ وہ فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی انسٹاگرام اینگیجمنٹ کو بھی اتنا زبردست بنالیں کہ انسٹاگرام پر اسٹوری اور پوسٹ شیئر کرتے ہی لاکھوں فینز کو متوجہ کرلیں۔
سوشل میڈیا سے جن ستاروں کی شہرت میں اضافہ ہوا اور وہ ان ڈیمانڈ ہوئے ان میں کارتک آریان شامل ہیں جو فلم 'پیار کا پنچنامہ' کا مونولوگ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے سبب مشہور ہوتے گئے۔
نورا فتیحی جنہوں نے انسٹاگرام پر اپنے ڈانس مووز کا چیلنج دے دے کر سب کو انگیج رکھا اور فالوورز کی تعداد میں اضافہ کروا کر بڑے بڑے پروجیکٹس بھی حاصل کیے۔
شہناز گل جنہوں نے بگ باس میں خوب دھوم مچائی تھی اس وقت زیادہ مشہور ہوئیں جب انکا شو میں ادا کیا گیا جملہ 'ساڈا کتا کتا، تواڈا کتا ٹومی' پر بنایا گیا شارٹ سونگ وائرل ہوا اور سوشل میڈیا صارفین نے انکو انسٹاگرام پر فالو کرنا شروع کردیا۔
دلجیت دوسانجھ اپنی دلچسپ انسٹاگرام اسٹوریز، کائلی جینر سے جنون کی حد تک لگاؤ اور دل کو چھو لینے والی ریلز کی وجہ سے سوشل میڈیا کے دلوں کے راجہ بن گئے۔
اب بات ہوجائے ان سوشل میڈیا کانٹروورسیز کی جن کی وجہ سے اسٹارز کو شدید نقصان پہنچا اور منہ چھپانے پر مجبور ہوگئے۔
سلمان خان کا بلیک بک کیس شاید اتنا مشہور نہیں ہوتا لیکن 'بائیکاٹ سلمان' کا ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر چلنا انکی بدنامی کی وجہ بنا اور ساتھ ہی انکی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایسی ویڈیوز جن میں کبھی میڈیا پرسن تو کبھی کسی اسٹار کو مارتے پیٹتے یا ان پر غصہ کرتے نظر آئے ٹرول کرواتا دکھا۔
دیپیکا پڈوکون کی ایسی چیٹ سوشل میڈیا پر لیک ہوئی جس نے انکو شدید ڈی فیم کروایا کیونکہ اس میں وہ ڈرگز سے ریلیٹڈ بات کرتی دکھیں۔
طلاق کی افواہوں کے دوران ابھیشیک کا 'گرے ڈیوورس' سے ریلیٹڈ پوسٹ لائیک کرنا بھی انکو بڑی مشکل میں ڈال گیا تھا کیونکہ ایشوریا کے چاہنے والے انکے ہاتھ دھو کر پیچھے پڑگئے تھے۔
ایسی ہی کئی کونٹروورسیز بھری پڑی ہیں جنہوں نے بالی وڈ ستاروں کو ڈی فیم کیا اور انکے کریئر میں منفی اثر بھی ڈالا لیکن اسٹارز انسٹاگرام پت براندز انڈورزمنٹ سے بھی خوب کمائی کرتے دکھ رہے ہیں۔
تو یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ اس بحث کا کوئی اختتام نہیں کہ سوشل میڈیا شوبز ستاروں کے لیے نعمت ہے یا لعنت، بس یہ کہا جاسکتا ہے کہ قسمت قسمت کی بات ہے کیونکہ سوشل میڈیا نیک نامی سے بدنامی، دونوں میں ہی اہم کردار ادا کر چکا ہے۔





