وائرل اسٹوریز

خطرناک اسٹنٹ پرفارم کرتے ہوئے اسٹنٹ مین کی موت

ڈائریکٹر سمیت 4 افراد کیخلاف مقدمہ درج

Web Desk

خطرناک اسٹنٹ پرفارم کرتے ہوئے اسٹنٹ مین کی موت

ڈائریکٹر سمیت 4 افراد کیخلاف مقدمہ درج

خطرناک اسٹنٹ پرفارم کرتے ہوئے اسٹنٹ مین کی موت

تامل فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر مشہور اسٹنٹ مین ایس ایم راجو کی کار الٹنے والے اسٹنٹ کے دوران المناک موت کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

اسٹنٹ مین کی موت کے اس افسوسناک حادثے کے بعد پولیس نے فلم ڈائریکٹر پا رنجیت اور تین دیگر افراد کے خلاف غفلت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ 

مقدمہ ایس ایم راجو کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد درج کیا گیا جس میں انکشاف ہوا تھا کہ ان کے سر میں اندرونی طور پر شدید چوٹیں اور خون کا رساؤ ہوا حالانکہ واقعے کے وقت ان کے جسم پر کوئی واضح بیرونی زخم نظر نہیں آئے تھے۔

ناگاپٹنم پولیس کے ایک سینئر افسر نے ہدایتکار پا رنجیت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر راج کمل، گاڑی کے مالک پرکاش اور شوٹ مینیجر ونودھ کے خلاف کیس درج کرنے کی تصدیق کی۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ 'پوسٹ مارٹم رپورٹ واضح طور پر دماغ میں اندرونی چوٹ اور خون بہنے کی نشاندہی کرتی ہے، ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر ہم نے ملزمان کے خلاف غفلت برتنے کا مقدمہ درج کیا ہے'۔

راجو کی موت کیسے ہوئی؟

راجو ناگاپٹنم ضلع میں ایک فلم کے لیے خطرناک اسٹنٹ انجام دے رہے تھے جس کی ہدایتکاری پا رنجیت کر رہے تھے۔ 

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ راجو کی گاڑی تیزی سے ایک ریمپ پر جاتی ہے اور پھر الٹ کر زمین پر گر جاتی ہے، جب کہ اسی دوران ایک اور گاڑی زمین پر تیز رفتاری سے اس کے قریب سے گزرتی ہے۔

 یہ ایک ڈرامائی قریبی تصادم کی جھلک دکھانے کا منظر تھا، جو بدقسمتی سے اسٹنٹ مین کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

حالانکہ راجو کےجسم پر بظاہر کوئی بیرونی چوٹ نظر نہیں آئی، مگر وہ کچھ دیر بعد گر گئے اور قریبی اسپتال لے جانے پر مردہ قرار دے دیے گئے، ان کی موت نے جہاں فلمی صنعت کو صدمہ میں مبتلا کردیا وہیں فلم کی شوٹنگ کے دوران سیفٹی پروٹوکولز کے حوالے سے بھی سوالات جنم لینے لگے ہیں۔