پاکستان

ریحام خان نے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا

ریحام نے یہ اعلان کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

Web Desk

ریحام خان نے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا

ریحام نے یہ اعلان کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ریحام خان نے سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا

سابق وزیراعظم عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔

انہوں نے یہ اعلان کراچی پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی سیاسی جماعت کا نام 'پاکستان ریپبلک پارٹی' ہوگا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کا لوگو بھی جاری کیا۔

اس سلسلے میں مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے ریحام نے کہا کہ یہ سیاسی جماعت عوام کے لیے ہے، میں آپ کو یعنی عوام کو پارٹی کے منشور، سمت اور آپریٹنگ اسٹرکچر میں شامل کروں گی'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'اس سلسلے میں پہلے ہی کچھ زبردست لوگوں کے ساتھ رابطے میں ہوں جن کے بارے میں آپ اور میں نے شاید پہلے کبھی نہیں سنا لیکن وہ اپنے آبائی علاقوں میں شاندار کام کر رہے ہیں اور یہی نئے چہرے فیصلہ کریں گے کہ آگے کیسے بڑھنا ہے'۔

دوسری جانب پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو جینے نہیں دیا جا رہا، ہم آج سے ایک ایسی تحریک شروع کرنے جا رہے ہیں جو ایوان میں عوامی نمائندگی کرےگی اور کراچی سے اس تحریک کا باقاعدہ  آغاز کر رہی ہوں۔

 ریحام خان کا کہنا تھا کہ ہم قوانین میں ایسی تبدیلیاں لائیں گےکہ عوام کو فائدہ ہوگا، خواتین اورکسانوں کی نمائندگی بھی ہونی چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ پورا پاکستان ان کا حلقہ ہے ،عوامی مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدوجہد کریں گے۔

انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئےکہا کہ تاجروں نے شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تو وزیر خزانہ تاجروں کو اسلام آباد بلالیتے ہیں، پہلے مشاورت کیوں نہیں کی جاتی؟

ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی میں ہمیشہ سیاسی جماعتوں سے دوری رکھی، جوکام کیا وہ میرٹ کی بنیاد پرکیا اور لوگوں سے یہی امید رکھتی ہوں۔

ریحام خان کون؟

ریحام خان ایک برطانوی شہریت کی حامل صحافی، لکھاری اور فلمساز ہیں، جنہوں نے جناح کالج فار ویمن پشاور سے گریجویشن کیا۔

سال 1993 میں 19 سال کی عمر میں ان کی شادی اعجاز رحمان سے ہوئی جو پیشے کے لحاظ سے ایک سائیکاٹرسٹ اور ان کے کزن ہیں تاہم یہ شادی 2005 میں اختتام پذیر ہوگئی۔

اس کے بعد ریحام نے بطور براڈ کاسٹ صحافی اپنا کریئر شروع کیا اور بی بی سی میں بطور ویدر پریزنٹر شروعات کرنے کے بعد پاکستان میں کئی کرنٹ افیئرز چینلز کے ساتھ کام کیا۔

ریحام اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں جب سابق وزیراعظم عمران خان نے ان سے دوسری شادی کی تھی تاہم یہ شادی چند ماہ ہی چل سکی اور 2014 کے آخر میں نکاح جبکہ 30 اکتوبر 2015 کو طلاق ہوگئی۔

طلاق کے بعد ریحام نے اپنی یادداشتوں پر مبنی ایک کتاب لکھی جس میں عمران خان پر کئی سنگین قسم کے الزامات لگائے تھے، یہ کتاب 2018 کے عام انتخابات سے کچھ ہی عرصہ پہلے شائع ہوئی جسے عمران خان کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش گردانا گیا۔

علاوہ ازیں ریحام نے 2016 میں پاکستانی فلم جانان کو شریک پروڈیوس بھی کیا تھا جس میں پہلی بار ہانیہ عامر کو متعارف کروایا گیا تھا۔

انہوں نے تیسری شادی اپنے سے کم عمر امریکی ماڈل و اداکار مرزا بلال سے کر رکھی ہے جن کے ساتھ وہ ہنسی خوشی زندگی بسر کررہی ہیں۔