فلم / ٹی وی

'سیار ا' نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر ریکارڈ قائم کردیا

اس فلم نے نئے اداکاروں کے باوجود پہلے دن 20.50 کروڑ روپے کما لیے۔

Web Desk

'سیار ا' نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر ریکارڈ قائم کردیا

اس فلم نے نئے اداکاروں کے باوجود پہلے دن 20.50 کروڑ روپے کما لیے۔

سیار ا نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر ریکارڈ قائم کردیا

فیصلہ آ چکا ہے! 'سَیّارا'، جس میں نووارد اداکار اہان پنڈے اور انیت پڈا مرکزی کرداروں میں ہیں، نے بھارت بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کے پہلے ہی دن تاریخی کمائی کر کے فلم انڈسٹری کے لیے ایک مثال قائم کر دی ہے۔

 موہت سوری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے ریلیز سے پہلے ہی شائقین اور عوام کے درمیان زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا تھا۔

انڈسٹری ٹریکر سکنیلک (Sacnilk) کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق یہ فلم اس سال کی سب سے بڑی اوپننگ حاصل کرنے والی فلموں میں شامل ہو چکی ہے فلم نے رات 11:30 بجے تک مجموعی طور پر 20.50 کروڑ روپے کما لیے ہیں

رپورٹ کے مطابق، 'سَیّارا' نے ریلیز کے پہلے دن 20.50 کروڑ روپے جمع کیے، جو  نئے اداکاروں کے ساتھ ایک رومانی فلم کے لیے  ایک حیرت انگیز رقم ہے۔

 اگر اس کا موازنہ اس سال کی بڑی فلموں سے کیا جائے جن میں معروف اداکار موجود تھے، تو فرق مزید واضح ہو جاتا ہے۔

مثال کے طور پر عامر خان کی 'ستارے زمین پر' نے ریلیز کے پہلے دن 10.7 کروڑ روپے کمائے تھے، جب کہ اکشے کمار کی 'اسکائی فورس' نے چھٹی کے موقع پر ریلیز ہو کر 12.25 کروڑ روپے کمائے تھے۔

یہ موہت سوری کی ہدایت کاری میں بننے والی کسی بھی فلم کے لیے افتتاحی دن کی سب سے زیادہ رقم ہے،  یہاں تک کہ اس فلم نے ان کی پچھلی بلاک بسٹرز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سیارا نے مرڈر 2 (6.95 کروڑ روپے)، عاشقی 2 (6.10 کروڑ)، اور ہاف گرل فرینڈ (10.30 کروڑ روپے) کے پہلے دن کے مجموعوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

علاوہ ازیں  اس نے 'ایک ولن' (2014) کی کلیکشن کو بھی گرہن لگا دیا ہے، جس نے اپنے ابتدائی دن 16 کروڑ روپے جمع کیے تھے او ر اب یہ موہت سوری کی  اب تک کی سب سے بڑی اوپنر بن کر سامنے آئی ہے۔

سَیّارا نے باکس آفس کا ریکارڈ توڑ دیا

'سَیّارا' کی جمعے کے روز ہندی زبان میں مجموعی اوکیوپینسی (Occupancy) 44.33 فیصد رہی، یہ فلم اب ہندی سنیما میں نووارد اداکاروں کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے زیادہ اوپننگ ڈے کلیکشن کا ریکارڈ اپنے نام کر چکی ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'دھڑک' کے پاس تھا، جس میں جھانوی کپور اور ایشان کھٹر نے اپنا ڈیبیو کیا تھا، اُس فلم نے ریلیز کے پہلے دن 8.76 کروڑ روپے کمائے تھے۔

'سَیّارا' کی ہدایت کاری موہت سوری نے کی ہے جب کہ اسے YRF کے سی ای او اکشے وِدھانی نے پروڈیوس کیا ہے۔

 فلم کی ریلیز کے بعد اس کے گانے، خاص طور پر ٹائٹل ٹریک، سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہو چکے ہیں۔

فلم کو ناقدین کی جانب سے بھی مثبت تبصرے ملے ہیں، ہندوستان ٹائمز کے جائزے میں لکھا گیا کہ 'سَیّارا شاید کہانی سنانے کے اعتبار سے کوئی نیا میدان نہ مارے، لیکن یہ جذباتی سطح پر گہرے اثرات ڈالتی ہے،  یہ فلم اپنے ناظرین کو سمجھتی ہے اور خلوص کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔ یہ اتنا کچھ ضرور دیتی ہے کہ آپ کو محسوس ہو  اور کبھی کبھی یہی کافی ہوتا ہے۔'

فلم کو پہلے دن ملک بھر میں 3,523 شوز ملے، جس میں ممبئی میں 649 شوز اور دہلی-این سی آر میں 804 شوز تھے،  یہ تعداد فلم کی موسیقی اور اسٹریٹجک پری ریلیز فیصلوں کی وجہ سے کئی ہفتوں سے قائم رہنے والے ایک مضبوط سلسلے کی عکاسی کرتی ہے۔

یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی 'سَیّارا' نہ صرف اپنی کمائی کی وجہ سے بلکہ اپنی غیر روایتی پروموشن حکمتِ عملی کے باعث بھی گفتگو کا مرکز بن چکی ہے۔ معروف ہدایت کار مدھور بھنڈارکر نے ایکس (X) پر فلم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’سَیّارا‘ نے نئے اداکاروں کی لانچنگ سے متعلق تمام تصورات کو غلط ثابت کر دیا۔۔۔ بات یہ نہیں کہ آپ کسے جانتے ہیں، اصل بات یہ ہے کہ آپ کیا لے کر آتے ہیں۔'

فلم ساز سنجے گپتا نے بھی اس خیال کی تائید کرتے ہوئے یش راج فلمز کی اس حکمتِ عملی کو سراہا کہ فلم کے مرکزی اداکاروں کو ریلیز سے قبل پروموشن سے دور رکھا گیا۔ 

انہوں نے لکھا کہ 'انہوں نے اس تازگی کو صرف بڑے پردے کے لیے محفوظ رکھا  اور دیکھیے کہ یہ طریقہ کتنے زبردست انداز میں کامیاب ہوا ہے'۔

فلم کی اوپننگ توقعات سے کہیں زیادہ بہتر رہی ہے، خاص طور پر اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ نہ آہان پنڈے اور نہ ہی انیت پڈا کی پہلے سے کوئی عوامی شناخت تھی۔

یہ کامیابی ممکنہ طور پر موہت سوری کے لیے بھی ایک نئی زندگی ثابت ہو سکتی ہے، جنہیں فلم 'ایک ولن' کے بعد کوئی بڑی باکس آفس ہٹ نہیں مل سکی،  یاد رہے کہ 'ایک ولن' نے 39 کروڑ روپے کے بجٹ میں بن کر 155 کروڑ روپے کا عالمی بزنس کیا تھا۔

اگر عوامی رائے (word-of-mouth) اسی طرح پھیلتی رہی اور ویک اینڈ کلیکشن مضبوط رہے، تو 'سَیّارا' سال کی سب سے بڑی سرپرائز ہِٹ کے طور پر اُبھر سکتی ہے۔