وائرل اسٹوریز

ساحر لودھی کی ٹرولنگ، مہوش حیات اداکاروں پر برہم

مہوش حیات کے تبصرے پر انٹرنیٹ صارفین کی مختلف آراء سامنے آرہی ہیں

Web Desk

ساحر لودھی کی ٹرولنگ، مہوش حیات اداکاروں پر برہم

مہوش حیات کے تبصرے پر انٹرنیٹ صارفین کی مختلف آراء سامنے آرہی ہیں

ساحر لودھی کی ٹرولنگ، مہوش حیات اداکاروں پر برہم

مشہور میزبان، اداکار اور ریڈیو جوکی ساحر لودھی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر میمز اور ٹرولنگ کا نشانہ بن گئے ہیں۔

اس بار ساحر لودھی کی ٹرولنگ کی وجہ کوئی اور نہیں بلکہ خود انکے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں جس کا کانٹینٹ دیکھ کر یوں گمان ہوتا ہے گویا یہ کہ کوئی آفیشل اکاؤںٹ نہیں بلکہ ساحر لودھی کے 'فین اکاؤنٹس' ہیں۔

دراصل ِان دنوں ساحر لودھی اور اُن کی ٹیم کی جانب سے انسٹاگرام اور دیگر سوشل پلیٹ فارمز پر انکے آفیشل اکاؤنٹس سے انکی روزمرہ روٹین کی ویڈیوز پوسٹ کی جارہی ہیں جن میں ساحر لودھی کے ایک جیسے اور مصنوعی تاثرات کے سبب یہ ویڈیوز میمز کی صورت میں خوب وائرل ہورہی ہیں۔

ان ویڈیوز میں ساحر لودھی ہمیشہ خود کو مصروف ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کسی نہ کسی میٹنگ میں جانے کی تیاری کرتے نظر آتے ہیں۔

وہ ہر ویڈیو میں اپنی ہی ٹیم کے کیمرہ مین کے بار بار آنے اور انکی ویڈیو بنانے پر بظاہر اکتاہٹ کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں تاہم یہ ویڈیوز باقاعدگی کے ساتھ انکے آفیشل اکاؤںٹس پر پوسٹ ہورہی ہیں جوکہ یقیناً انکی اپنی منظوری کے بغیر ممکن نہیں۔

یہ ویڈیوز عوام میں بے حد مقبول ہو رہی ہیں اور کئی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے علاوہ شوبز کے کئی معروف فنکار جیسے فیصل قریشی، یاسر نواز اور اعجاز اسلم نے اُن کی نقالی کرتے ہوئے ویڈیوز بنائیں، جنہیں سوشل میڈیا صارفین نے تو خوب انجوائے کیا تاہم اداکارہ مہوش حیات اس ٹرولنگ پر کچھ برہم نظر آرہی ہیں۔

سب سے پہلے یاسر نواز نے پہل کی جس کے بعد دیگر فنکار بھی اس طرز پر چل پڑے، فیصل قریشی نے بھی ساحر لودھی کے انداز میں ایک مذاحیہ ویڈیو بنائی جو مداحوں کو خوب پسند آئی۔

اداکار اعجاز اسلم بھی پیچھے نہ رہے جنہوں نے نہ صرف ساحر لودھی کا انداز کاپی کرتے ہوئے مزاحیہ ویڈیو بنائی بلکہ ویڈیو کے اختتام میں باقاعدہ ساحر لودھی کا نام لیتے ہوئے اُن سے محبت کا اظہار بھی کیا۔

تاہم اداکارہ مہوش حیات اداکاروں کی جانب سے ساحر لودھی کی اس ٹرولنگ پر ناخوش نظر آرہی ہیں۔

اُنہوں نے ساحر لودھی کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے فنکاروں کو توجہ دلائی کہ کسی کا یوں مذاق اُڑانا مناسب نہیں، خاص طور پر اُس شخص کا جو برسوں سے اپنی محنت، لگن اور جذبے سے انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائے ہوئے ہے۔

مہوش حیات نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ 'ساحر لودھی ایک ایسے شخص ہیں جس نے مستقل مزاجی سے کام کیا، جذبے کے ساتھ آگے بڑھے اور ایک ایسی انڈسٹری میں اپنا نام بنایا جوکہ بالکل آسان نہیں، یہ واقعی ناانصافی ہے کہ کچھ لوگ ان کا مذاق اُڑا رہے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کہ وہ بھی ایک انسان ہیں، جذبات رکھنے والے، بالکل ہماری طرح'۔

(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)
(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)

انہوں نے مزید لکھا کہ 'ضروری نہیں کہ آپ ہر کسی کے انداز یا ترجیحات سے متفق ہوں، لیکن عزت و احترام کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے، آئیے ہم ہمدردانہ رویوں کو اپنی زندگی کا معمول بنائیں، خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے جو دنیا کے طعنوں کے باوجود ہمیشہ حوصلے سے ڈٹے رہتے ہیں'۔

مہوش حیات کے تبصرے پر انٹرنیٹ صارفین کی بھی مختلف آراء سامنے آرہی ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ 'میں مہوش حیات سے متفق ہوں، یہ لوگ مذہبی باتیں کرتے ہیں لیکن دوسروں کے ساتھ خود بدتمیزی کرتے ہیں'، جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ 'ساحر خود شاہ رخ خان کی نقل کرتا ہے، تو اب لوگ اس کی نقل کر رہے ہیں'۔

ایک اور صارف نے رائے دی کہ 'یہ ویڈیوز تفریح کے لیے بنائی گئی ہیں، خود ساحر لودھی بھی وائرل ہونے کی ہی کوشش کر رہے ہیں'۔