ڈان3 کیلئے کرن ویر مہرا کو ولن کے کردار کی پیشکش
وکرانت نے ڈان 3 کے ولن کا کردار ٹھکرادیا تھا جس کے بعد بگ باس 18 کے فاتح کو یہ پیشکش کی گئی۔
ڈان فرنچائز کی تیسری قسط، جس میں رنویر سنگھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فرحان اختر کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک بہت زیادہ انتظار کی جانے والی فلم ہے۔
تاہم یہ پراجیکٹ کئی چیلنجز کا شکار رہا ہے، خاص طور پر کاسٹ کے کچھ اہم ارکان کے پروجیکٹ سے علیحدہ ہونے کے باعث اس کا شیڈول بہت زیادہ متاثر ہوا۔
ابتدائی طور پر کیارا ایڈوانی کو فلم کی مرکزی اداکارہ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے حمل کے باعث اس کردار سے دستبرداری اختیار کر لی۔
ان کے بعد وکرانت میسی، جو فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والے تھے، انہوں نے بھی یہ کہتے ہوئے فلم چھوڑ دی کہ ان کا کردار زیادہ مضبوط اور مؤثر نہیں ہے۔
اب جبکہ کریتی سینن کو نئی مرکزی اداکارہ کے طور پر کنفرم کر دیا گیا ہے، فلمسازوں نے کچھ سکھ کا سانس لیا ہے۔
تاہم قلن کے کردار کے لیے یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ بگ باس 18 کے فاتح، کرن ویر مہرا کو فلم میں ہیرو کے مخالف کا کردار آفر کیا گیا ہے۔
اگر یہ افواہیں درست ثابت ہوتی ہیں، تو یہ کردار کرن ویر مہرا کے لیے بالی وُڈ میں ایک بڑا بریک ثابت ہو سکتا ہے۔
حال ہی میں کرن ویر مہرا نے اپنی آنے والی فلم 'صلہ' سے اپنے خوفناک اور زخمی کردار 'زہراک' کی پہلی جھلک شیئر کی تھی۔
ایک آئی اے این ایس رپورٹ کے مطابق، ڈان 3 کے فلمساز ان کی حالیہ اداکاری اور 'صلہ' میں ان کے لک سے بہت متاثر ہوئے، جس کے بعد انہوں نے کرن کو وکرانت میسی کے چھوڑے گئے ولن کے کردار کے لیے اپروچ کیا۔
رپورٹ یہ بھی کہتی ہے کہ یہ ایک ایسا موقع تھا جسے کرن نے ٹھکرانا مناسب نہ سمجھا لیکن انہوں نے ابھی تک باضابطہ طور پر معاہدے پر دستخط نہیں کیے، اسی لیے اس حوالے سے کوئی آفیشل تصدیق نہیں کی گئی۔
دوسری جانب رنویر سنگھ باضابطہ طور پر شاہ رخ خان کی جگہ ڈان کے کردار میں قدم رکھ رہے ہیں۔
بالی وُڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، وکرانت میسی کو ابتدا میں رنویر کے مخالف ولن کے طور پر لیا گیا تھا، مگر بعد میں وہ فلم سے الگ ہو گئے۔
رپورٹ میں قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ولن کا کردار ایک دلکش اور چالاک فراڈیے کا ہے لیکن وکرانت میسی کو لگا کہ ان کے کردار کو مناسب اہمیت نہیں دی جا رہی، جس کے بعد انہوں نے یہ پروجیکٹ چھوڑ دیا۔
رپورٹس میں یہ بھی اشارہ دیا گیا کہ اس کردار کے لیے دو دیگر اداکاروں، وجے دیوراکونڈا اور آدتیہ رائے کپور سے بھی رابطہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، کرن ویر مہرا کو کردار کی پیشکش سے پہلے ہی وجے دیوراکونڈا سے رابطہ کیا گیا تھا، لیکن ان کی فلم ’لائگر‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد انہوں نے یہ بڑا پراجیکٹ مسترد کر دیا۔
فلم کا شیڈول اس وقت متاثر ہوا جب فرحان اختر کی ایکسل انٹرٹینمنٹ کی جانب سے رنویر سنگھ کو نئے ڈان کے طور پر اعلان کیے جانے پر انہیں شدید سوشل میڈیا ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
رنویر نے اس کردار کے لیے شدید ایم ایم اے ٹریننگ بھی لی، کیارا ایڈوانی کو ڈان کی محبوبہ ’روما‘ کے کردار کے لیے سائن کیا گیا تھا، لیکن ماں بننے کی خوشی کے باعث انہیں فلم سے علیحدہ ہونا پڑا، اب کریتی سینن نے کاسٹ میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔
ان سب حالات کے دوران، فرحان اختر اپنی آنے والی فلم ’120 بہادر‘ کی شوٹنگ مکمل کر رہے ہیں، جس میں وہ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ اسی لیے بطور پروڈیوسر اور ڈائریکٹر، وہ اس وقت اپنی اداکاری میں مصروف ہیں۔
یہ تمام معلومات میڈیا پورٹلز کے قریبی ذرائع کے حوالے سے ہیں، اور اب تک اس بارے میں فرحان اختر کی ایکسل انٹرٹینمنٹ یا کسی بھی متعلقہ فریق کی طرف سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔






