سیارا کی تعریف پر ٹرول کا کمنٹ، کرن جوہر آپے سے باہر
کرن جوہر نے ٹرول کو ترکی بہ ترکی جواب دے ڈالا
چنکی پانڈے کے بھتیجے اور اننیا پانڈے کے کزن اہان پانڈے اس وقت اپنے ساتھی اداکار انیت پڈا کے ساتھ اپنی پہلی فلم سیارا کی کامیابی کے باعث فضاؤں میں اڑ رہے ہیں۔
فلم کے ٹویٹر ریویو میں ٹیلنٹ کے بنڈل کے طور پر بیان کیے جانے والے دونوں نوجوان اداکاروں نے باکس آفس پر ایسی ہلچل مچادی ہے جو کوئی نیا آنے والا اب تک نہیں کرسکا۔
موہت سوری کی جانب سے ہدایت کردہ سیارا مداحوں کو ان کی 2013 کی فلم عاشقی 2 جیسا ہی احساس دلانے میں کامیاب رہی، جو ہمیں رومانس کے دور میں واپس لے گئی۔
جہاں بالی وڈ کے نامی گرامی فنکاروں نے فلم اور دونوں اداکاروں کو خوب سراہا ہے وہیں فلمساز کرن جوہر نے بھی فلم کے حوالے سے اپنا ریویو شیئر کیا۔
تاہم فلم کے ریویو پر انہیں ایک سوشل میڈیا صارف نے 'نیپو کڈ کا دائی جان' پکارا جس پر فلمساز آپے سے باہر ہوگئے اور اسے جواب دیتے ہوئے کھری کھری سنادی۔
اہان پانڈے اور انیت پڈا کی پہلی فلم سیارا کے پوسٹر کے ساتھ کرن جوہر نے لکھا کہ 'مجھے یاد نہیں کہ میں نے آخری بار فلم دیکھنے کے بعد ایسا کب محسوس کیا تھا۔۔۔ آنسو بہہ رہے تھے اور پھر بھی بے پناہ خوشی کا احساس۔۔۔اس حقیقت کی خوشی کہ ایک محبت کی کہانی نے سلور اسکرین پر فتح حاصل کی اور قوم کو محبت میں مبتلا کر دیا۔'
انہوں نے پروڈکشن ہاؤس 'یش راج فلمز' اور موہت سوری کی تعریف کی اور یہ بھی کہا کہ 'کیا شاندار ڈیبیو ہے اہان پانڈے! تم نے میرا دل توڑ دیا اور پھر بھی مجھے ایک فلمساز کے طور پر جوش بخشا۔۔ تمہاری آنکھیں بولتی ہیں اور میں تمہارا آگے کا سفر دیکھنے کا انتظار نہیں کر سکتا۔۔۔تم شاندار ہو! فلموں میں خوش آمدید!
ساتھ ہی فلم کی مرکزی اداکارہ انیت پڈا کی تعریف کرتے ہوئے کرن جوہر کا کہنا تھا کہ 'انیت، حسین لڑکی تم کتنی خوبصورت اور زبردست ہو، تمہاری خاموشی گونجتی ہے اور تمہاری کمزوری اور طاقت نے مجھے آبدیدہ کردیا، تم اور اہان دونوں جادوئی سے بھی زیادہ بہترین ہو'۔
اس پوسٹ کے تبصرے کے سیکشن میں، کچھ مداحوں نے کرن کے ریویو سے اتفاق کیا جبکہ دوسروں نے ان سے درخواست کی کہ وہ اپنی اگلی فلم میں اہان اور انیت کو کاسٹ کریں۔
البتہ کچھ ٹرول ایسے بھی تھے جنہوں نے اقربا پروری کی بحث چھیڑ ڈالی اور کرن پر ایک بار پھر ’پرچم بردار‘ ہونے کا الزام لگایا۔
ایسے ہی ایک انٹرنیٹ صارف نے کہا کہ 'آگیا نیپو کڈز کا دائی جان'، زیادہ تر مشہور شخصیات عام طور پر ٹرول کو نظر انداز کرتی ہیں، تاہم اس بار کرن نے جوابی وار کرنے کا فیصلہ کیا اور ترکی بہ ترکی جواب دے ڈالا۔
کرن نے ٹرول کو لکھا کہ 'چپ کر!!! گھر بیٹھے بیٹھے نیگیٹیویٹی مت پال! دو بچوں کا کام دیکھ! اور خود کچھ کام کر!'۔
اس تبصرے کے تحت، بہت سے نیٹیزین کرن جوہر کی حمایت میں سامنے آئے، ایسے ہی ایک مداح نے فلمساز کو ٹرول کو نظر انداز کرنے اور اپنا تبصرہ ڈیلیٹ کرنے کا مشورہ دیا۔
جبکہ ایک اور تبصرہ میں لکھا کہ 'ہر بار اقربا پروری کی نشاندہی کرنا ضروری نہیں ہے۔ اگر لوگ باصلاحیت ہیں تو ان کی تعریف کی جانی چاہیے۔ آپ نے بہت اچھا کہا'۔



