وائرل اسٹوریز

کراچی میں 'گرینڈ آپریشن' کرنے والے یونس امین کون؟

آج کل مجھے حلیہ بدل کر باہر نکلنا پڑتا ہے، یونس امین

Web Desk

کراچی میں 'گرینڈ آپریشن' کرنے والے یونس امین کون؟

آج کل مجھے حلیہ بدل کر باہر نکلنا پڑتا ہے، یونس امین

کراچی میں گرینڈ آپریشن کرنے والے یونس امین کون؟

آج کل سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز کافی وائرل ہورہی ہیں جن میں ایک شخص کراچی کی سڑکوں پر اچانک وارد ہوتا ہے، گرینڈ آپریشن کا نعرہ لگاتا ہے اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ نشے کے عادی افراد کو اپنے ساتھ لے جاتا ہے۔

ان ویڈیوز کو دلچسپ اس بات نے بنایا ہے کہ اس شخص کو دیکھ کر نشے کے عادی افراد فوراً دوڑ لگا دیتے ہیں اور دوڑ بھی ایسی لگاتے ہیں کہ ان کو پکڑنا بھی ممکن نہیں رہتا لیکن پھر پیچھے پیچھے پولیس اہلکار بھی دوڑ پڑتے ہیں اور بالآخر وہ ڈرگ ایڈیکٹ ہاتھوں میں آ ہی جاتا ہے۔

بہت سے لوگوں کے ذہن میں سوال پیدا ہورہا ہے کہ یہ شخص کون ہے اور کیوں نشے کے عادی افراد کو پکڑ رہا ہے؟

دراصل اِن صاحب کا نام یونس امین ہے جو مشہور یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں شریک ہوئے اور اپنے بارے میں تفصیلات بتائیں۔

یونس امین نے بتایا کہ وہ ایک ادارے اینٹی نارکوٹکس اینڈ کرائم کنٹرول سوشل اوئیرنیس فاؤنڈیشن میں کام کرتے ہیں جسکا مقصد معاشرے کو منشیات سے پاک کرنا اور خاص طور پر نئی نسل کو اس لعنت سے بچانا ہے۔

یونس امین کا کہنا تھا کہ کراچی کی سڑکوں پر ہزاروں نشے کے عادی نظر آتے ہیں، یہ نشے کی لعنت میں مبتلا ہو کر کسی کام کے نہیں رہتے، یہ ہر طرح کی چوریوں میں ملوث ہوجاتے ہیں، کبھی کسی کی بائیک چوری کرلیتے ہیں، کبھی کسی گاڑی کی بیٹری نکال لیتے ہیں ، گٹر کے ڈھکن غائب کردیتے ہیں اور ان میں سے اکثر سڑکوں پر مر جاتے ہیں اور لاوارث قرار دیکر ان کی لاش دفن کردی جاتی ہے۔

یونس امین نے بتایا کہ وہ سڑکوں سے ان نشے کے عادی افراد کو اٹھا کر ری ہیب سینٹر منتقل کرتے ہیں جہاں ان کا علاج کیا جاتا ہے اور کوشش کی جاتی ہے کہ ان کی نشے کی لت کو چھڑوا دیا جائے۔

یونس امین کا کہنا تھا کہ نشے کے عادی افراد کے سر پر کیڑے پڑ جاتے ہیں ، اس لیے وہ سب سے پہلے ان کو گنجا کرکے انہیں نہلا کر صاف ستھرے کپڑے پہناتے ہیں۔

یونس امین نے کہا کہ اگر نئی نسل کو منشیات سے بچانا ہے تو سب سے پہلے کسی بھی نوجوان یا بچے کے گھر والوں کو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ ان کا بچہ کس کے ساتھ بیٹھ رہا ہے، کیوں راتوں کو لیٹ گھر پر آرہا ہے؟ جب اس کو صحبت ہی غلط ملے گی تو وہ لازمی نشے کی جانب چلا جائے گا۔

یونس امین کا کہنا تھا کہ آج کل سب سے خطرناک نشہ آئس کا ہے ، اس کے بعد کرسٹل ہے جس سے نوجوان نسل برباد ہورہی ہے۔

یونس امین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ویڈیوز کی وجہ سے بہت زیادہ پہچانے جاتے ہیں، انہیں اب حلیہ بدل کر باہر نکلنا پڑتا ہے۔

انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دفعہ وہ کسی جگہ گئے جہاں کئی بےگھر لوگ موجود تھے تو انہیں دیکھ وہاں فوراً بھگدڑ مچ گئی کہ ہم انہیں پکڑ کر لے جائیں گے۔

یونس امین کا کہنا تھا کہ ان کے گرینڈ آپریشن سے سب سے زیادہ تکلیف منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہورہی ہے، وہ نشے کے عادی افراد کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پھیلا رہے ہیں جس میں مجھے قتل تک کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

یونس امین نے آخر میں کہا کہ اپنی نسل کو نشے کی لعنت سے بچائیں، یہ معاشرے کا ایک ناسور بن چکا ہے۔