بالی وڈ کے کس اداکار نے بالی وڈ خانز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا؟
آئندہ برس رنبیر کپور کی کئی زبردست فلمیں ریلیز ہورہی ہیں۔
بالی وڈ کے تینوں خانز یعنی شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان، گزشتہ تین دہائیوں سے ہندی سنیما کے ستون بن ابھرے ہیں۔
ساؤتھ انڈیا کے سُپر اسٹارز رجنی کانت، موہن لال، کمل ہاسن، پربھاس اور چرن جیوی کے ساتھ مل کر انہوں نے طویل عرصے تک بھارتی باکس آفس پر راج کیا ہے۔
مگر گزشتہ کچھ برسوں میں نوجوان اداکاروں کی ایک نئی پود سامنے آئی ہے جنہوں نے اپنی خود کی شناخت بنانے کی کوشش کی، اور اب لگتا ہے کہ وہ کامیاب بھی ہو رہے ہیں۔
کیونکہ اب ایک ایسا اداکار سامنے آیا ہے جس کی آنے والی فلموں کا بجٹ تینوں خانز کی مجموعی فلموں کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔ اور وہ اداکار رنبیر کپور ہیں۔
رنبیر کپور اس وقت ’برہماستر‘ اور ’اینمل‘ کی کامیابی کے بعد شہرت کی بلندیوں پر ہیں، ان دونوں فلموں نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی اور اب ان کے سیکوئلز بھی بن رہے ہیں۔
’اینمل پارک‘، جو سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں بن رہی ہے، پہلے حصے سے بھی بڑے پیمانے پر بنائی جا رہی ہے، جس کا بجٹ 100 کروڑ روپے سے زیادہ بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ’برہماستر: پارٹ ٹو‘ بھی پہلے حصے سے زیادہ شاندار ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اور انڈسٹری ذرائع کے مطابق اس کا بجٹ 400 کروڑ روپے سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔
تاہم بات صرف یہیں ختم نہیں ہوتی، رنبیر اس وقت سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’لو اینڈ وار‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ساتھ وکی کوشل اور عالیہ بھٹ بھی ہیں، اس فلم کا بجٹ 200 کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے۔
البتہ یہ تمام فلمیں ایک طرف اور رنبیر کے کریئر کی سب سے بڑی فلمیں نیتیش تیواری کی ہدایتکاری میں بننے والی دو حصوں پر مشتمل ’رامائن‘ ہو گی۔
پروڈیوسر نمت ملہوترا نے حال ہی میں تصدیق کی کہ دونوں فلموں کا مشترکہ بجٹ 500 ملین ڈالر (یعنی تقریباً 4300 کروڑ روپے) ہے۔ ان فلموں میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلبی سیتا اور کنڑا سُپر اسٹار یَش راون کے کردار میں نظر آئیں گے۔
دو حصوں پر مشتمل یہ فلم بھارتی سنیما کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم کہلائی جا رہی ہے۔
اسطرح دیکھا جائے تو رنبیر کپور کی تمام فلموں کی مجموعی لاگت 5000 کروڑ روپے سے زیادہ ہو چکی ہے، اور جیسے جیسے یہ منصوبے مکمل ہوتے ہیں یا وہ نئی فلمیں سائن کرتے ہیں، یہ اعداد و شمار اور بھی بڑھ سکتے ہیں۔
اگر اس کا موازنہ خانز سے کیا جائے تو شاہ رخ خان صرف ایک فلم ’کِنگ‘ پر کام کر رہے ہیں، جس کا بجٹ 350 کروڑ روپے بتایا جا رہا ہے۔
انکے علاوہ سلمان خان کی ’گلوان ویلی‘ بھی تقریباً اسی بجٹ پر مبنی ہے، جبکہ عامر خان نے تاحال اپنی اگلی فلم کا اعلان نہیں کیا۔
یہاں تک کہ اس وقت کے سب سے مصروف اور مہنگے اداکار پربھاس بھی رنبیر سے کافی پیچھے ہیں، ان کی تین فلموں 'راجا صاحب'، 'فوجی' اور 'اسپرٹ' کا بجٹ مجموعی طور پر 1000 کروڑ روپے سے کم ہے۔
واحد اداکار جو رنبیر کے قریب نظر آ رہے ہیں، وہ ہیں یَش۔ جو کہ رامائن کے علاوہ ’ٹاکسِک‘ نامی فلم میں بھی کام کر رہے ہیں، جس کا بجٹ 200 کروڑ روپے ہے۔
سال2026 رنبیر کے لیے دھماکے دار ثابت ہونے والا ہے، سال کی شروعات ہی میں ’لو اینڈ وار‘ کے ذریعے وہ وکی کوشل کے ساتھ بڑی اسکرین پر دھماکا کرتے نظر آئیں گے۔
اس فلم سے واقف ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی فلم میں ایک ایسا ایکشن سین بنا رہے ہیں جو بھارتی سنیما میں آج تک نہیں ہوا۔
ذرائع نے کہا کہ 'رنبیر اور وکی جیسے دو پاور ہاؤسز کا ٹکراؤ بھنسالی کی فلم میں ایک یادگار سنیماٹک ایونٹ ہو گا، جو ناظرین نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔'
سال کے آخر میں رنبیر ایک بار پھر بڑے مقابلے میں نظر آئیں گے، جب ’رامائن‘ میں ان کا کردار بھگوان رام، یش کے کردار راون کے خلاف آئے گا، یہ صرف کرداروں کی ٹکر نہیں بلکہ دونوں سُپر اسٹارز کی شہرت کا بھی امتحان ہوگا۔
رنبیر کی ’لو اینڈ وار‘ 20 مارچ 2026 کو ریلیز ہو گی، ’رامائن: پارٹ ون‘ دیوالی 2026 پر ریلیز ہو گی، ’رامائن: پارٹ ٹو‘ دیوالی 2027 پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
رنبیر کپور اب نہ صرف خانز بلکہ پوری انڈسٹری کے سب سے بڑے بینک ایبل اداکار بن کر ابھر رہے ہیں۔






